• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

کراچی: کورونا سے متاثرہ خاتون نے صحتمند بچے کو جنم دے دیا

شائع May 9, 2020
پروفیسر سعید خان کے مطابق متاثرہ خاتون کے نوزائیدہ بچے کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا  ہے، مزید تشخیصی ٹیسٹ بھی کیے جارہے ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز
پروفیسر سعید خان کے مطابق متاثرہ خاتون کے نوزائیدہ بچے کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے، مزید تشخیصی ٹیسٹ بھی کیے جارہے ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی اور ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔

ڈاؤ ہسپتال کے اعلامیے کے مطابق گزشتہ ہفتے 35 سالہ خاتون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انہیں ولادت کے لیے مقررہ مدت تک گھر پر ہی احتیاط کے ساتھ آئسولیشن میں رکھا گیا، جبکہ ہفتہ کی صبح ان کے آپریشن کی تیاری کرلی گئی۔

اس سلسلے میں ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی کی ہدایت پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے یہ پیچیدہ کام کامیابی سے مکمل کیا، جبکہ آپریشن تھیٹر میں متعدی بیماریوں کی سربراہ ڈاکٹر شوبھا لکشمی کی نگرانی میں عملے کو حفاظتی لباس کی پابندی کرانے سمیت تمام امور انجام دیے گئے۔

ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ نومولود کو فوری طور پر ہسپتال میں بچوں کے یونٹ منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طورپر بچے کے خون کا نمونہ لے کر کورونا اینٹی باڈیز ٹیسٹ کیا گیا۔

مالیکیولر پیتھالوجی کے پروفیسر سعید خان نے کہا کہ نومولود کا ٹیسٹ منفی آیا جبکہ اس کے مزید تشخیصی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق کورونا سے متاثر خاتون کے اہل خانہ کے کووڈ 19 ٹیسٹ پہلے ہی کرا لیے گئے تھے، شوہر سمیت تمام اہل خانہ کورونا سے محفوظ ہیں جبکہ بچے کو ماہرین اطفال کی خصوصی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں 253 بچے کورونا وائرس کا شکار

خیال رہے کہ یہ ڈاؤ ہسپتال میں کورونا سے متاثرہ خاتون کے آپریشن کا اپنی نوعیت پہلا کیس ہے جو ہسپتال میں رجسٹرڈ تھیں۔

ملک میں جہاں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں اس وبا سے حاملہ خواتین اور بچوں کے متاثر ہونا بھی تشویش کا باعث ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سندھ میں 10 ماہ کی بچی سمیت 253 بچوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے متعلق بتایا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ اب تک سندھ میں 253 ایسے بچے ہیں جن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حاملہ خواتین میں کورونا وائرس کی بڑھتی تعداد باعثِ تشویش

انہوں نے کہا تھا ایک نیا رجحان جس کا آغاز دیر میں ہوا ہے وہ خواتین میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہے اور مجھے یہ بتاتے ہوئے دکھ ہوتا ہے کہ اب خواتین میں اس مرض کی تشخیص زیادہ ہورہی ہے۔

علاوہ ازیں گجرات میں گورنمنٹ میٹرنیٹی ہسپتال (جی ایم ایچ) اور فتح پور بیسک ہیلتھ یونٹ (بی ایچ یو) میں مریضوں اور اسٹاف میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد مقامی انتظامیہ نے ان دونوں صحت کی سہولیات کو سیل کردیا جبکہ تمام میڈیکل سروسز معطل کردی گئیں تھیں۔

کچھ روز قبل ضلع میں موجود 300 حاملہ خواتین کے نمونے جمع کیے گئے تھے ، ان میں سے 28 خواتین میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ 200 خواتین کے ٹیسٹ نتائج کا انتظار ہے، گورنمنٹ میٹرنٹی ہسپتال ان صحت کی سہولیات میں شامل ہے جہاں حاملہ خواتین میں کورونا وائرس کی بڑھتی شرح تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان میں کورونا وائرسں کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہزار 587 ہوگئی ہے جبکہ اموات 623 تک پہنچ چکی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی آج سندھ میں کورونا وائرس کے ایک روز میں سب سے زیادہ 1080 نئے کیسز اور 4 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

گزشتہ روز بھی ملک میں ایک روز کے دوران اب تک کے سب سے زیادہ 2000 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024