• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان میں ایک روز میں کورونا کے ریکارڈ 2 ہزار نئے کیسز، اموات 600 سے تجاوز کرگئیں

شائع May 8, 2020 اپ ڈیٹ May 9, 2020
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں—
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مختلف احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں—

دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثر و ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے اور آج مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی طور پر مصدقہ کیسز کی تعداد 26 ہزار 954 ہوگئی جبکہ اموات 611 تک پہنچ گئیں۔

ملک میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں سامنے آنے کے بعد جہاں ابتدائی طور پر اس وائرس کا پھیلاؤ کم تھا وہی گزشتہ 10 روز میں اس میں کافی تیزی دیکھی جارہی ہے۔

یومیہ 3 ہندسوں یعنی سیکڑوں میں آنے والے کیسز ہم 4 ہندسوں میں پہنچ چکے ہیں اور گزشتہ کئی روز سے ایک ہزار سے زائد کیسز روزانہ ریکارڈ ہورہے ہیں جبکہ اموات کی شرح بھی بہت تیزی سے بڑھ گئی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ 10 دنوں (یعنی 28 اپریل سے 7 مئی) کے دوران کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں 100 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ڈان کی جانب سے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 26 فروری کو ملک میں وائرس سے پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے مارچ کے مہینے میں ایک ہندسے میں ہونے والی اموات کا اضافہ اپریل کے مہینے میں دوہرے ہندسے تک پہنچ گیا جبکہ اب تک ملک میں سب سے زیادہ 48 اموات 7 مئی کو رپورٹ ہوئیں۔

کورونا وائرس سے ملک میں صرف 28 اپریل سے 7 مئی کے دوران 299 اموات رپورٹ ہوئیں جو 7 مئی تک ملک میں ہونے والی 593 اموات کا 50 فیصد سے زائد بنتا ہے۔

تاہم اس خطرناک رجحان کے باوجود کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاگو کیے گئے لاک ڈاؤن میں 9 مئی کے بعد سے نرمی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مئی کے مہینے میں وائرس عروج پرپہنچ سکتا ہے جس سے رپورٹ ہونے والے کیسز اور اموات کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

گزشتہ روز بھی اس وائرس سے ایک روز میں اب تک کی سب سے زیادہ 48 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ کیسز کی تعداد بھی تقریباً 13سو رہی۔

آج (8 مئی) کو ملک کے مختلف حصوں سے نئے کیسز کے آنے کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی بڑا اضافہ دیکھا گیا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 598 نئے کیسز اور 5 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ 5532 ٹیسٹ کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ان ٹیسٹ میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 598 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 9691 تک پہنچ گئی۔

مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں مزید 5 اموات بھی ہوئی جس کے بعد یہ تعداد 176 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

پنجاب میں آج مزید 838 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار 33 ہو گئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق مزید ایک مریض کے انتقال کے بعد صوبے میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 183 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 371 کیسز اور 12 اموات کا اضافہ ہوا۔

صوبائی محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 4 ہزار 327 ہوگئی۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ صوبے میں مزید 12 افراد کورونا کی وجہ سے زندگی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 221 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دن بدن تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 37 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا متاثرین میں 37 نئے مریضوں کا اضافہ دیکھا گیا۔

جس کے بعد وہاں مجموعی طور پر کورونا متاثرین کی تعداد 521 سے بڑھ کر 558 تک پہنچ گئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے 151 نئے مریضوں کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں کورونا متاثرین کی تعداد 1873 ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورنا کے مشتبہ مریضوں کی تعداد 16 ہزار 822 ہے جبکہ 222 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

وہیں گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں مزید 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 388 سے بڑھ کر 394 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ادھر اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے 2 نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 سے بڑھ کر 78 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

دوسری جانب پاکستان میں جس طرح کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اسی طرح اس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

اگرچہ ملک میں مجموعی کیسز میں اموات کی شرح تقریباً 2.3 فیصد ہے تو وہی صحتیاب ہونے والوں کی شرح تقریباً 30 فیصد ہے جو دیگر مریضوں کے لیے اُمید کی کرن ہے۔

ان صحتیاب مریضوں کی تعداد کو دیکھیں تو گزشتہ 24 گھنٹون کے دوران ایک ہزار 66 افراد نے اس وائرس کو شکست دی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے شفا پانے والے مریضوں کی تعداد کے بعد مجموعی طور پر ملک میں 7 ہزار 530 مریض صحتیاب ہوگئے۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو مجموعی مصدقہ کیسز 26435 ہیں جس میں سے 599 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 7530 صحتیاب ہوئے ہیں، اس طرح ملک میں 18 ہزار 306 فعال کیسز موجود ہیں۔

اسی طرح صوبوں کے حساب سے پنجاب میں 10033، سندھ میں 9691 مصدقہ کیسز ہیں۔

وہیں خیبرپختونخوا میں 4327 افراد وائرس کا شکار ہوئے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 1873 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں 558 جبکہ گلگت بلتستان میں 394 متاثرہ افراد ہیں، ساتھ ہی آزاد کشمیر میں سب سے کم 78 لوگ اب تک وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 221

  • سندھ: 176

  • پنجاب: 183

  • بلوچستان: 24

  • اسلام آباد: 04

  • گلگت بلتستان: 03

  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک تقریباً 25 ہزار افراد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔


پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024