• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کورونا لاک ڈاؤن: حکومت پنجاب کا فنکاروں کی مالی معاونت کا فیصلہ

شائع May 5, 2020
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار— فائل فوٹو: ڈان
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار— فائل فوٹو: ڈان

حکومتِ پنجاب نے لاک ڈاؤن کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہونے والے فنکاروں کی مالی معاونت کا اعلان کردیا۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں کیلئے مالی امداد کے پیکج کی منظوری دے دی جس کے تحت مستحق فنکاروں کو 15 سے 20 ہزار روپے تک مالی امداد دی جائے گی۔

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے ان مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کا پیکج بھی تیار کرلیا۔

سردار عثمان بزدار کے مطابق حکومت پنجاب 3 ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرے گی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: پنجاب میں 14 روز کیلئے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو فنکاروں کی مشکلات کا پورا احساس ہے یہی وجہ ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث دیگر طبقوں کی طرح مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے فنکاروں کی مدد کے لیے حکومت سرگرم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستحق فنکاروں کی انتہائی شفاف طریقے سے معاونت کی جائے گی اور حکومت ایسے وقت میں مالی مشکلات میں گھرے فنکاروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

وزیر اعلی پنجاب کے مطابق فنکاروں کی درجہ بندی کر کے انہیں جلد سے جلد امدادی رقم فراہم کی جائے گی، مالی امداد کوئی احسان نہیں بلکہ ان فنکاروں کا حق ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں 23 مارچ کو کورونا وائرس کے باعث صوبے میں جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا تھا جس کے بعد سے صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

دنیا بھر میں 185 ممالک سے زائد میں پھیلنے والی عالمی وبا کورونا وائرس سے جہاں اب تک 35 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور ڈھائی لاکھ ہلاک ہوچکے ہیں وہیں یہ وائرس پاکستان میں بھی یومیہ سیکڑوں لوگوں کو متاثر کرنے اور متعدد کی اموات کا سبب بن رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وبا: ملک میں 21 ہزار 838 افراد متاثر، اموات 500 سے تجاوز کرگئیں

ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 21838 ہوچکی ہے جبکہ 505 افراد اس وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

حکومت کی جانب سے اس وبا پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جس میں جزوی لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں شامل ہیں تاکہ لوگ ایک دوسرے سے میل جول سے اجتناب کریں اور وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔

تاہم اس کے باوجود ملک میں عوام کی بڑی تعداد اب تک اس وائرس سے متاثر ہوچکی ہے اور ان کیسز میں ایک بڑی تعداد مقامی طور پر منتقلی کے کیسز کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024