پی ٹی سی ایل کا کورونا کے خلاف جنگ کیلئے 1.9 ارب روپے پیکج کا اعلان
پی ٹی سی ایل گروپ نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں 1.9 ارب روپے کے خطیر ریلیف اینڈ سپورٹ پیکیج کا اعلان کردیا۔
ترجمان پی ٹی سی ایل فریحہ طاہر شاہ کا کہناتھا کہ پیکج کا مقصد ملک بھر میں مواصلاتی رابطے برقرار رکھنا اور کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کی امداد کرنا ہے ۔فریحہ طاہر شاہ
انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے ملک کے 25 شہروں میں امدادی سامان کی فراہمی اور کمپنی فرنٹ لائن ورکرز کے لیے این ڈی ایم ے کو ذاتی حفاظتی سامان فراہم کرے گی۔
فریحہ طاہر شاہ نے کہا کہ کوروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کےلیے ہسپتالوں میں خصوصی بستر بھی فراہم کیے جائیں گے اور پیکیج کا ایک بڑا حصہ صارفین کو رعایتی اور مفت سروسز کی فراہمی پر صرف ہوگا تاکہ ان کا مواصلاتی رابطہ برقرار رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی سی ایل اور یوفون کے اسٹاف نے رضاکار ٹرسٹ کے تحت اپنی تنخواہوں کا کچھ حصہ وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں جمع کروا دیا ہے اور ہمیں اپنے 12ہزار فرنٹ لائن ورکرز پر فخر ہے جو ملک کو موصلاتی رابطوں سے جوڑے ہوئے ہیں۔
فریحہ طاہر شاہ نے کہا کہ پی ٹی سی ایل گروپ اس مشکل وقت میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور اس قومی خدمت میں ہاتھ بٹا رہا ہے۔