• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کابل کا ایران پر افغان مہاجرین کو دریا برد کرنے کا الزام

شائع May 4, 2020
ایران کے سرحدی محافظین نے اپنے ملک میں اس قسم کا کوئی واقعہ پیش آنے کی تردید کی ہے — فائل فوٹو: اے پی
ایران کے سرحدی محافظین نے اپنے ملک میں اس قسم کا کوئی واقعہ پیش آنے کی تردید کی ہے — فائل فوٹو: اے پی

ہرات: ایرانی سرحدی محافظین کی جانب سے درجنوں افغان شہریوں کو ایران سے باہر رکھنے کی کوشش میں تشدد کر کے دریا میں پھینکنے کی رپورٹس پر افغان حکام ایران کی سرحد کے ساتھ بہتے دریا میں افغان مہاجرین کو تلاش کرتے رہے۔

ڈان اخبار میں شائع برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مغربی صوبے ہرات میں حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے دریائے ہری رود سے 12 لاشیں برآمد کیں اور کم از کم 8 افراد مزید لاپتہ ہیں۔

مذکورہ واقعہ ایسے وقت میں ایران اور افغانستان کے مابین سفارتی بحران کا سبب بن سکتا ہے کہ جب کورونا وائرس عالمی وبا میں بڑی تعداد میں افغان مہاجرین ایران سے وطن واپس آرہے ہیں جس میں اکثر کورونا سے متاثر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایران کے بغیر افغان تنازع کا کوئی حل ممکن نہیں‘

چنانچہ روزانہ تقریباً 2 ہزار سے زائد افغان شہری ایران سے سرحد پار کر کے ہرات میں داخل ہورہے ہیں۔

افغان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، کابل میں صدارتی محل کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ کم از کم 70 افغان شہریوں نے ہرات سے ایران میں داخلے کی کوشش کی جس پر انہیں مار پیٹ کر دریائے ہری رود میں دھکیل دیا گیا۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ’واقعہ‘ افغانستان کی سرزمین پر پیش آیا۔

ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایران کے سرحدی محافظین نے اپنے ملک میں اس قسم کا کوئی واقعہ پیش آنے کی تردید کی ہے‘۔

مزید پڑھیں: ایران-امریکا کشیدگی سے افغان امن عمل متاثر نہیں ہوگا، طالبان

تاہم ہرات کے ضلع گلران کے گورنر عبدالغنی نوری نے کہا کہ ایرانی فوج کے اراکین نے درجنوں افغان مہاجرین و رکرز کو دریا میں پھینکا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایرانی فوجیوں نے افغان ورکرز کو زخمی کرنے کے لیے گولیوں اور بیلچوں کا استعمال کیا اور انہیں دریا میں پھینک دیا، ان میں سے کچھ ہسپتال میں زیر علاج ہیں‘۔

ہرات کے ضلعی ہسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ انہیں افغان مہاجرین کی لاشیں موصول ہوئی ہیں۔

ہسپتال کے سربراہ عارف جلالی کا کہنا تھا کہ ’اب تک 5 لاشیں ہسپتال منتقل کی گئیں جبکہ 2 زخمیوں کو لایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چین، بھارت، ایران کے بعد افغانستان میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس

علاوہ ازیں افغان حکومت سے متحارب طالبان عسکری گروہ نے کہا کہ ایران کو ان ہلاکتوں کی تحقیقات اور ’ذمہ داروں کو سخت سزا‘ دین چاہیے۔

طالبان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ 57 افغان باشندے کام کے لیے ایران جارہے تھے جنہیں ابتدا میں ایرانی سرحدی محافظین نے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد میں 23 کو بے دردی سے قتل کردیا‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024