• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم نے کورونا کے باعث بیروزگار ہونے والوں کیلئے ریلیف پروگرام کا آغاز کردیا

شائع May 2, 2020 اپ ڈیٹ May 3, 2020
یہ رقم شفاف طریقے سے تقسیم کی جائے گی، عمران خان—فوٹو: ڈان نیوز
یہ رقم شفاف طریقے سے تقسیم کی جائے گی، عمران خان—فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث ملازمت سے محروم ہونے والے افراد کے لیے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا۔

اسلام آباد میں کورونا ریلیف فنڈ کے ویب پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کے لیے ویب پورٹل کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جہاں ملازمت سے محروم ہونے والے افراد اندراج کرکے رقم کے حصول کے لیے خود کو رجسٹر کرواسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 3 ہفتوں میں 68 لاکھ خاندانوں میں 81 ارب روپے سے زائد تقسیم ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم آج ملازمت سے محروم ہونے والے افراد کے لیے ویب سائٹ کا آغاز کررہے ہیں جہاں وہ اندراج کرکے رقم حاصل کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو نقد معاونت فراہم کرے گی، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹائیگر فورس اس پورٹل پر اندراج کروانے افراد کی معلومات درج کرنے میں مدد کرے اور رجسٹرڈ افراد کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں رقم ادا کی جائے گی۔

انہوں نے وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دینے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں خود کورونا ریلیف فنڈ کی نگرانی کررہا ہوں، اس کے تحت پیسے شفاف طریقے سے تقسیم کیے جائیں گے، اس کا آڈٹ ہوگا اور عوام کے سامنے رقم کی تفصیل بھی سامنے لائی جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ اس فنڈ میں دیے جانے والے عطیات میں 4 گنا عطیات حکومت خود شامل کرے گی تاکہ ان فنڈز کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچایا جاسکے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے بہت زیادہ لوگ متاثر ہوئے جبکہ امیر ممالک بھی ہر متاثرہ شخص تک نہیں پہنچ پا رہے ہیں، لاک ڈاؤن زیادہ عرصے تک نہیں چل سکتے، امیر ممالک کو بھی یہ احساس ہو رہا ہے اور اس لیے وہ کاروبار کی بحالی کی طرف جا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اب ہر ملک کی کوشش ہے کہ کاروبار دوبارہ شروع ہو، نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا لیکن وہاں بھی صنعتیں کھولی جارہی ہیں، جتنی زیادہ صنعتیں کھلیں گی اتنا زیادہ روزگار ملے گا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تعمیراتی صنعت کو پوری طرح کھول رہے ہیں اور انہیں مراعات بھی دے رہے ہیں۔

'پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں‘

دوران گفتگو انہوں نے کہا کہ اس وقت برصغیر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے اور اب تک ہم ایک ماہ میں پیٹرول پر 30 روپے اور ڈیزل پر 42 روپے کم کرچکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول 81 روپے فی لیٹر جبکہ بھارت میں 153 روپے اور بنگلہ دیش میں 170 روپے میں فروخت ہورہا ہے، ہم نے ایک ماہ میں مٹی کا تیل 45 روپے سستا کیا، مجھے یہ کہتے ہوئے بہت خوشی ہورہی ہے کہ ہم نے قیمتیں برقرار رکھنے کی جگہ عوام کو ریلیف دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا ملک گیر لاک ڈاؤن میں 2 ہفتے توسیع کا اعلان

وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں، میں نے تمام سیکریٹریز کو باقی چیزوں کی قیمتوں میں بھی کمی کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ لوگوں کو روزگار کیسے دیں اور ان کی معاشی مشکلات کیسے دور کریں، ہمیں اگلے 6ماہ سے ایک سال تک کورونا کے ساتھ رہنا پڑ سکتا ہے، اس لیے ہمیں تیار رہنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آتا ہے ان میں سے زیادہ تر میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں اور صرف 5 فیصد لوگوں کو ہسپتال جانا پڑتا ہے۔

اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مثبت ٹیسٹ والے افراد کو اپنے گھروں میں قرنطینہ کرنا چاہیے، لوگ قرنطینہ مراکز میں خوش نہیں ہوتے جب انہیں زبردستی وہاں لایا جاتا ہے۔

ملازمت سے محروم افراد خود کو کیسے رجسٹر کروائیں؟

وزیراعظم کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کا طریقہ کار بیان کیا۔

–فوٹو: ڈان نیوز
–فوٹو: ڈان نیوز

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ یہ پروگرام ان افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے جو کورونا وائرس کے باعث ملازمت سے محروم ہوچکے ہیں اور وہ حکومت کے پورٹل پر رجسٹر ہوسکتے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ صرف اسی ویب پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا فنڈ میں عطیہ کیے گئے ایک روپے کو 5 گنا کرکے بیروزگار افراد کو دیں گے، وزیراعظم

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے آپ کا شناختی کارڈ اور موبائل فارم مانگا جائے گا، اس کے بعد کوڈ داخل کریں جس سے وائرس سے بچاؤ کے لیے تصدیق کی جائے گی اور نادرا سے منسلک فارم کھلے گا جس میں تنخواہ اور پیشے کی تفصیلات پوچھی جائیں گی۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ فارم میں ذاتی کاروبار اور ملازمت سے متعلق، کمپنی، ٹھیکیدار یا آجر کا نام پوچھا جائے گا، جس کے بعد ضلع یا تحصیل کا نام درج کرنا ہوگا۔

بعدازاں ثانیہ نشتر نے فارم میں موجود تصدیق نامہ پڑھ کر سنایا اور بتایا کہ یہ پورٹل 2 سے 3 ہفتے تک درخواستوں کے لیے کھلا ہے۔

چھوٹے کاروباروں کیلئے بلا سود قرضے کی اسکیم کا اعلان کریں گے، حماد اظہر

علاوہ ازیں وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے بھی بات کی اور کہا کہ ہم نے اب تک پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 42 روپے کمی کی ہے۔

–فوٹو: ڈان نیوز
–فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر صنعت حماد اظہر نے حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے چھوٹے کاروبار کی مدد کے لیے ریلیف کے اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔

مزید پڑھیں: جو ملک جوہری ہتھیار بناسکتا ہے اس کے لیے وینٹی لیٹر بنانا کتنا مشکل ہے؟ وزیراعظم

حماد اظہر نے کہا کے حکومت 5سے 70 کے وی بجلی ماہانہ استعمال کرنے والے افراد کے 3 ماہ کا بجلی کا بل ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دیگر اقدامات میں شرح سود میں کمی اور تعمیراتی شعبے کے لیے غیر معمولی مراعات شامل ہیں۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت چھوٹے کاروبار کے لیے بلا سود قرضے کی اسکیم بھی لائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024