• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm
شائع May 1, 2020 اپ ڈیٹ May 2, 2020
اس تصویر میں کپور خاندان کے کئی افراد موجود نہیں، فوٹو: انسٹاگرام
اس تصویر میں کپور خاندان کے کئی افراد موجود نہیں، فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کے نامور اداکار رشی کپور کا رواں سال 30 اپریل کو ممبئی میں انتقال ہوگیا، جس کے بعد ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنے دکھ کا اظہار بھی کیا۔

رشی کپور کا تعلق بھارتی کے نامور کپور خاندان سے تھا جن کا بولی وڈ کو آج اس مقام پر پہنچانے میں بہت بڑا ہاتھ ہے۔

رشی کپور بھارتی سینما انڈسٹری کے شومین راج کپور کے بیٹے تھے اور ان کا تعلق کپور خاندان کی تیسری نسل سے تھا۔

کپور خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد آج بھی بولی وڈ سینما میں اہم کردار نبھارہے ہیں۔

اگر آج کی بات کی جائے تو کرینہ کپور خان اور رنبیر کپور، کپور خاندان کے سب سے کامیاب اداکار مانے جارہے ہیں۔

پرتھوی راج کپور

فوٹو:جی این آرکائیو
فوٹو:جی این آرکائیو

پرتھوی راج کپور، کپور خاندان کے پہلے فرد تھے جو فلم انڈسٹری کا حصہ بنے، وہ ہندی سینما اور بھارتی تھیٹر کی ابتدا کرنے والوں میں سے ایک تھے۔

انہوں نے بولی وڈ کی پہلی ساؤنڈ فلم عالم آرا میں کام کیا جو 1931 میں سامنے آئی اور کامیاب ثابت ہوئی۔

پرتھوی راج کپور نے 1941 کی فلم سکندر میں سکندر اعظم کا کردار نبھایا جو ان کے کیریئر کا کامیاب کردار ثابت ہوا۔

فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

بھارتی حکومت نے پرتھوی راج کپور کو 1969 میں پدما بھوشن اعزاز سے نوازا تھا جبکہ 1971 میں انہیں دادا صاحب پھلے ایوارڈ دیا گیا۔

17 سال کی عمر میں انہوں نے 14 سالہ رامسرنی مہرا سے شادی کی، ان کے تین بیٹے ہوئے جن میں راج کپور، شمشیر راج (شمی) اور بلبیر راج (ششی کپور) شامل تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پرتھوی راج کپور کے والد باشیشور ناتھ کپور نے ان کی فلم آوارہ میں بھی ایک کردار نبھایا تھا۔

راج کپور

فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

راج کپور کو انڈین سینما کا شومین کہتے تھے، انہوں نے 1950 سے 1960 کے دوران بولی وڈ انڈسٹری کو ایک نئے مقام پر پہنچایا۔

انہوں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ 1935 کی فلم انقلاب سے کیریئر کا آغاز کیا جبکہ 1947 کی فلم نیل کمل میں مدھو بالا کے ساتھ کام کرکے انہیں توجہ حاصل ہوئی۔

اس ہی سال انہوں نے راج فلم (آر کے فلمز) پروڈکشن اسٹوڈیو کا آغاز کیا اور انداز اور برسات جیسی کئی کامیاب فلمیں دیں۔

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

انہوں نے آگ، آوارہ، شری جیسی فلموں کی ہدایات بھی دی۔

راج کپور نے 1930 میں کرشنہ ملہوترا سے شادی کی، جس کے بعد ان کے 5 بچے ہوئے جن میں رندھیر، ریتو، رشی، ریما اور راجیو شامل ہیں۔

راج کپور کا انتقال 63 سال کی عمر میں 1988 میں ہوا۔

شمی کپور

فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

جہاں راج کپور کے رومانوی اور سنجیدہ کرداروں کو سراہا جاتا تھا وہیں ان کے بھائی شمی کپور اپنی مزاحیہ کرداری کے باعث اسکرین پر توجہ کا مرکز بنتے تھے۔

1950 سے 1970 کے دوران شمی کپور نے بولی وڈ پر رومانوی ہیرو کی حیثیت سے راج کیا، انہوں نے 1953 کی فلم جیون جیوتی سے کیریئر کا آغاز کیا تاہم اس کے بعد کئی فلمیں ان کی ناکام بھی ثابت ہوئیں۔

1957 کی فلم ’تم سا نہیں دیکھا شمی کپور کے کیریئر کی کامیاب فلم ثابت ہوئی، جس کے بعد 1959 کی فلم دل دے کے دیکھو سامنے آئی اور اس کے بعد شمی کپور کو شکست دینا ناممکن ہوگیا۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ان کی بہترین فلموں میں جنگلی، بوائے فرینڈ، دل تیرا دیوانہ، کشمیر کی کلی، تیسری منزل اور براہ مچاری شامل ہیں۔

شمی کپور نے پہلے اداکارہ گیتا بالی سے شادی کی، جن کا انتقال 1965 میں ہوگیا، جس کے بعد انہوں نے 1969 میں نیلا دیوی کے ساتھ شادی کی تھی۔

ان کے دو بچے ہیں جن میں ادتیہ راج کپور اور کنچن کیتن دیسائی شامل ہیں۔

شمی کپور کا 7 اگست 2011 کو گردے کی خرابی کے باعث انتقال ہوا۔

ششی کپور

فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

کپور خاندان کے باقی افراد کی طرح ششی کپور نے بھی بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے 1948 میں بھائی راج کپور کی فلم آگ میں کام کیا تھا۔

مرکزی کردار کی حیثیت سے ان کی پہلی فلم دھرماپترا 1961 میں سامنے آئی، وہ کئی کامیاب فلموں میں جلوہ گر ہوئے جن میں حسینہ مان جائے گی، ایک شری مان ایک شری متی، کبھی کبھی اور بسیرا شامل ہیں۔

اپنے بھائی راج کپور کی طرح ہی ششی کپور نے بھی 1978 میں اپنا پروڈکشن ہاؤس فلم والا بنایا اور جنون، کلیوگ، چورنگی لین جیسی کامیاب فلموں کی پروڈکشن کی۔

فوٹو: پی ٹی آئی
فوٹو: پی ٹی آئی

ششی کپور نے برطانوی اداکارہ جینفر کینڈل کے ساتھ 1958 میں شادی کی تاہم 1984 میں ان کا انتقال ہوگیا۔

ان کے تین بچے کرن کپور، کنال کپور اور سنجنا کپور ہیں۔

ششی کپور کا انتقال 2017 میں جگر کی خرابی کے باعث ہوا۔

رندھیر کپور

فوٹو:جی این آرکائیو
فوٹو:جی این آرکائیو

راج کپور کے سب سے بڑے بیٹے رندھیر کپور نے بھی بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا، ان کی فلموں کو بولی وڈ میں ملا جلا ردعمل حاصل ہوا۔

رندھیر کپور نے 1971 کی فلم ’کل آج اور کل‘ کی ہدایات دیں اور اس میں مرکزی کردار بھی نبھایا، اس فلم میں کپور خاندان کی تین نسلیں جلوہ گر ہوئیں۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ان کی بہترین فلموں میں جوانی دیوانی، پونگا پنڈت اور رامپور کا لکشمن شامل ہیں۔

1980 کے دوران رندھیر کپور نے اداکاری سے اپنا دھیان ہٹا کر پروڈکشن کی جانب فوکس کیا جبکہ 1990 اور 2000 کے دوران وہ کامیڈی فلموں میں دوبارہ جلوہ گر ہوئے۔

انہوں نے اداکارہ ببیتا سے شادی کی، جس کے بعد ان کی دو بیٹیاں کرشمہ کپور اور کرینہ کپور پیدا ہوئیں۔

رشی کپور

فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

رشی کپور راج کپور کے سارے بیٹوں میں سب سے کامیاب اداکار ثابت ہوئے، انہوں نے اپنے ہی والد کی 1970 میں ریلیز ہونے والی فلم میرا نام جوکر کے ساتھ بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔

اس فلم کے لیے انہیں نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

مرکزی کردار کے طور پر ان کی پہلی فلم بوبی 1973 میں سامنے آئی، اس فلم کے لیے رشی کپور کو فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

اپنے کیریئر میں انہوں نے امر اکبر انتھونی، قرض، یہ وادا رہا، ساگر، آپ کے دیوانے اور کھیل کھیل میں جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔

رشی کپور نے اداکارہ نیتو سنگھ کے ساتھ کئی فلموں میں کام کیا جس کے بعد ان دونوں نے 1980 میں شادی کرلی جس سے ان کے دو بچے ردھیما کپور اور رنبیر کپور ہوئے۔

2018 میں رشی کپور میں کینسر کی تشخیص ہوئی جس کے علاج کے لیے وہ امریکا بھی گئے، ان کا انتقال 30 اپریل 2020 کو ممبئی میں ہوا۔

راجیو کپور

فوٹو:جی این آرکائیو
فوٹو:جی این آرکائیو

خاندان کی روایت کو پورا کرتے ہوئے راجیو کپور نے بھی 1983 میں فلم 'ایک جان ہیں ہم' کے ساتھ اداکاری کا آغاز کیا، ان کی معروف فلموں میں رام تیری گنگا میلی، لور بوائے اور ہم تو چلے پردیس شامل ہیں۔

وہ آخری مرتبہ 1990 کی فلم ذمہ دار میں جلوہ گر ہوئے جس کے بعد انہوں نے اداکاری کو خیرباد کہہ دیا۔

بعدازاں انہوں نے چند فلموں کی ہدایات بھی دیں جن میں رشی کپور اور مادھوری ڈکشٹ کی فلم پریم گرانتھ شامل ہے۔

رجیو کپور نے 2001 میں آرتی سبروال کے ساتھ شادی کی تھی تاہم چند سالوں میں ہی ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

ریتو نندا

فوٹو:جی این آرکائیو
فوٹو:جی این آرکائیو

ریتو نندا نے اداکاری کے بجائے کاروبار میں کیریئر آزمایا، انہوں نے راجن نندا نامی بزنس مین سے شادی کی، جس کے بعد ان کے دو بچے بیٹا نکھل نندا اور بیٹی نتاشا نندا پیدا ہوئیں۔

ریتو نندا کے بیٹے نکھل نندا کی شادی امیتابھ بچن کی بیٹی شویتا بچن نندا کے ساتھ ہوئی۔

ریتو نندا کا انتقال 14 جنوری 2020 کو کینسر کے باعث ہوا۔

ریما جین

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

راج کپور کی دوسری بیٹی ریما جین نے منوج جین کے ساتھ شادی کی تھی، ان کے دو بیٹے ارمان جین اور آدر جین ہیں۔

ارمان جین نے 'لے کر ہم دیوانہ دل' کے ساتھ بولی وڈ میں اداکاری کا آغاز کیا جبکہ آدر جین نے 2017 کی فلم قیدی بند کے ساتھ اداکاری شروع کی۔

ارمان جین نے رواں سال انیسا ملہوترا کے ساتھ شادی کی جبکہ آدر جین اداکارہ تارہ سوتریا کے ساتھ تعلقات میں ہیں۔

کرن کپور

فوٹو:جی این آرکائیو
فوٹو:جی این آرکائیو

ششی کپور کے بچوں کرن کپور، کنال کپور اور سنجانا کپور نے بھی اداکاری میں کیریئر آزمایا، بڑے بیٹے کرن کپور نے 1978 کی فلم جنون کے ساتھ کیریئر کا آغاز کیا، بعدازاں وہ برطانوی ٹیلی ویژن سیریز دی جیول ان دی کراؤن میں بھی جلوہ گر ہوئے جو 1984 میں سامنے آئی۔

بولی وڈ میں کیریئر کی ناکامی کے بعد وہ لندن منتقل ہوگئے اور وہاں وہ فوٹوگرافر بن گئے، انہوں نے لندن میں لورنا سے شادی کی جس سے ان کے دو بچے عالیہ اور زیچ بھی ہیں۔

کنال کپور

فوٹو:جی این آرکائیو
فوٹو:جی این آرکائیو

کنال کپور نے بھی کئی فلموں میں کام کیا جن میں آہستہ اور وجیتا شامل ہیں تاہم کچھ ہی عرصے بعد انہوں نے اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا اور فلموں کی ڈائیریکشن پر فوکس کرنے لگے۔

انہوں نے فلم ساز رمیش سپی کی بیٹی شینا کے ساتھ شادی کی، ان کے دو بچے ہوئے جن میں بیٹا زہان پرتھوی راج کپور اور بیٹی شائرہ کپور شامل ہیں۔

سنجانا کپور

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

سنجانا کپور نے 1981 کی فلم 36 چورنگی لین کے ساتھ کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے 1989 میں نصیرالدین شاہ کی فلم ہیرو ہیرالال میں اہم کردار نبھایا۔

وہ میرا نیئر کی فلم سلام بومبے میں بھی جلوہ گر ہوئیں تاہم انہوں نے پرتھوی تھیٹر کا خیال رکھنے کے لیے اداکاری کو خیرباد کہہ دیا۔

انہوں نے دو بار شادی کی، پہلی شادی ہدایت کار اور اداکار ادیتیہ بھٹا چاریا کے ساتھ کی تاہم ان میں علیحدگی ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے وائلڈ لائف کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے ولمیک ٹھاپر سے شادی کی، ان کا ایک بیٹا حامر ٹھاپر بھی ہے۔

کرشمہ کپور

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

اپنے وقت کی کامیاب اداکارہ کرشمہ کپور نے 1991 میں فلم پریم قیدی کے ساتھ کیریئر کا آغاز کیا۔

وہ اپنے کیریئر کی ابتدا میں اناڑی، راجا بابو، کولی نمبر ون، ساجن چلے سسرال اور جیت جیسی کامیاب فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔

1996 کی فلم راجا ہندوستانی نے ان کے کیریئر کو ایک نیا موڑ دیا، اس فلم کے لیے انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

کرشمہ کپور کو ان کی فلم دل تو پاگل ہے کے لیے نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

وہ فضا، زبیدہ جیسی فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔

فوٹو: اے پی
فوٹو: اے پی

کرشمہ کپور نے 2004 میں سنجے کپور کے ساتھ شادی کی تاہم کچھ سالوں بعد ان کی طلاق ہوگئی۔

سنجے کپور سے شادی سے قبل کرشمہ کپور کی امیتابھ بچن کے بیٹے ابھشیک بچن کے ساتھ منگنی بھی ہوئی تھی تاہم ان دونوں نے منگنی توڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

کرشمہ کپور کے دو بچے سمیرہ کپور اور کیان راج کپور بھی ہیں۔

کرینہ کپور

فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

کرینہ کپور ویسے تو اپنے کیریئر کی ابتدا فلم کہو نا پیار ہے کے ساتھ کرنے جارہی تھی تاہم انہوں نے یہ فلم چھوڑ کر ریفیوجی کے ساتھ کیریئر کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا جس میں ان کے ہمراہ ابھیشیک بچن نے کام کیا تھا۔

وہ بعدازاں اشوکا اور کبھی خوشی کبھی غم جیسی فلموں میں جلوہ گر ہوئے تاہم انہیں اپنی فلم چمیلی کے لیے خوب داد موصول ہوئی۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے اپنے کیریئر میں اومکارا، جب وی میٹ، ہیروئن اور اڑتا پنجاب جیسی فلموں میں کام کیا۔

کرینہ کپور نے 2012 میں سیف علی خان کے ساتھ شادی کی اور 2016 میں ان کے ہاں بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش ہوئی۔

رنبیر کپور

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

رشی کپور اور نیتو سنگھ کپور کے بیٹے رنبیر کپور نے اپنے کیریئر کا آغاز سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’ساوریا‘ کے ساتھ 2007 میں کیا جو باکس آفس پر بری طرح ناکام ثابت ہوئی۔

اس کے بعد وہ ویک اپ سڈ، عجب پریم کی غضب کہانی اور راج نیتی جیسی فلموں میں جلوہ گر ہوئے اور اپنا نام بنایا۔

بعدازاں رنبیر کپور کی فلمیں راک اسٹار اور برفی سامنے آئی جن سے انہیں ایک نیا مقام حاصل ہوا۔

فوٹو: اے این آئی
فوٹو: اے این آئی

وہ یہ جوانی ہے دیوانی، سنجو اور اے دل ہے مشکل جیسی فلموں کا بھی حصہ بنے۔

رنبیر کپور کیریئر کے علاوہ نجی زندگی کے باعث بھی خبروں کا حصہ بنتے رہے، انہوں نے اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ تعلقات استوار کیے، بعدازاں انہیں چھوڑ کر اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ ان کے تعلقات بڑھے۔

کترینہ سے بریک اپ کے بعد رنبیر کپور نے عالیہ بھٹ کے ساتھ تعلقات جوڑ لیے جن کے ساتھ وہ فلم ’براہ مسٹرا‘ میں بھی کام کررہے ہیں۔

تبصرے (3) بند ہیں

rizwan ali soomro May 01, 2020 08:22pm
Bas yehi zindagi he in logon ki Koi khasss ni
Anas Iqbal May 02, 2020 02:56pm
Good one
Faisal Bangash May 02, 2020 05:31pm
Nice