• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

انڈیا: بیٹے کو سودا لینے بھیجا، وہ دلہن لے آیا، ماں تھانے پہنچ گئیں

شائع April 30, 2020
پولیس نے جوڑے کو لاک ڈاؤن تک کرائے کے گھر میں رہنے کی اجازت دے دی—فوٹو: اے این آئی
پولیس نے جوڑے کو لاک ڈاؤن تک کرائے کے گھر میں رہنے کی اجازت دے دی—فوٹو: اے این آئی

کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں نافذ سخت یا جزوی لاک ڈاؤں کی وجہ سے جہاں کاروبار زندگی مفلوج ہوچکی ہے، وہیں کئی سماجی مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں۔

ایک طرف تو جہاں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی اور جرائم میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے، وہیں لوگوں کے ایک ساتھ گھروں تک محدود رہنے کے باعث گھریلو تشدد میں اضافے جیسی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔

وہیں لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے باعث ایک دوسرے سے الگ ہونے جانے والے شادی شدہ افراد یا ایک ہی خاندان کے افراد بھی مشکلات کا شکار دکھائی دے رہے ہیں اور بعض مرتبہ خاندان کے بزرگ افراد اہل خانہ کی چھوٹی چھوٹی غلطیوں کو بھی برداشت نہیں کر پا رہے ہیں۔

ایسا ہی کچھ منفرد معاملہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں بھی سامنے آیا، جہاں ایک ماں بیٹے کے خلاف شکایت لے کر تھانے پہنچ گئی۔

تھانے پہنچنے والی والدہ کے مطابق انہوں نے اپنے بیٹے کو سبزی لینے باہر بھیجا تھا مگر وہ دلہن لے کر گھر لوٹ آیا۔

بیٹے کی اسی حرکت پر وہ ناراض ہوگئیں اور انہوں نے تھانے پہنچ کر بیٹے کے خلاف شکایت درج کروا دی۔

بھارتی خبر رساں ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع صاحب آباد میں ایک والدہ نے تھانے پہنچ کر بیٹے کی شکایت کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے بیٹے کو سبزی لینے بھیجا تھا مگر وہ دلہن لے آئے۔

رپورٹ کے مطابق خاتون نے اشکبار ہوتے ہوئے پولیس کو شکایت کی کہ وہ ابھی بیٹے کی شادی کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

والدہ کی شکایت پر پولیس نے جب ان کے بیٹے سے پوچھ گچھ کی تو 26 سالہ گڈو نے بتایا کہ دراصل انہوں نے 2 ماہ قبل ہی ریاست اترا کھنڈ کے شہر ہریدوار کے ایک مندر میں سویتا سے شادی کرلی تھی مگر شادی کا سرٹیفکیٹ نہ ملنے کی وجہ سے انہوں نے اپنی بیوی کو خود سے الگ رکھا۔

نوجوان کے مطابق مندر میں سات پھیرے لینے کے بعد انہوں نے اپنی بیوی کو نئی دہلی میں کرائے کے مکان میں رہنے کی درخواست کی، تاہم بعد ازاں لاک ڈاؤن نافذ ہوگیا اور انہیں شادی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔

انہوں نے پولیس کو بتایا کہ 2 ماہ تک بیوی کی جانب سے کرائے کے مکان میں رہنے پر تنگ ہوجانے کے بعد انہوں نے بیوی کو والدہ کے گھر لانے کا فیصلہ کیا، اس لیے وہ سبزی لینے نکلے تھے مگر بیوی کو لے آئے۔

پولیس نے والدہ اور اس کے بیٹے کا کیس سننے کے بعد معاملے کو سلجھانے کے لیے نئے شادی شدہ جوڑے کو واپس نئی دہلی کے اس مکان میں رہنے کے لیے بھیج دیا، جہاں پہلے نو بیاہتا دلہن اکیلی رہ رہیں تھیں۔

پولیس نے مالک مکان کو ملک میں لاک ڈاؤن نافذ رہنے تک شادی شدہ جوڑے کو گھر میں رکھنے کی ہدایت کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024