• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کے ویزوں میں 2 ماہ کی توسیع

شائع April 30, 2020
پاکستان میں بھی امریکی، برطانوی سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کی بڑی تعداد پھنسی ہوئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں بھی امریکی، برطانوی سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کی بڑی تعداد پھنسی ہوئی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی وبا کووِڈ 19 کے باعث پاکستان میں پھنسے غیر ملکیوں کے ویزوں میں 2 ماہ کی توسیع کردی۔

چنانچہ اب وہ ویزے جن کی مدت ختم ہوچکی تھی انہیں 30 جون تک قابلِ عمل سمجھا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کے مطابق مذکورہ فیصلہ کووِڈ 19 بیماری کے پھیلنے کے تناظر میں اٹھایا گیا اور ’عوام کے ایک ساتھ اکٹھا ہونے‘ کے ذریعے وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کا حصہ ہے۔

مذکورہ نوٹیفکیشن گزشتہ اعلامیے کا تسلسل ہے جسے رواں ماہ کے اوائل میں جاری کیا گیا تھا اور غیر ملکیوں کے ہر قسم کے ویزوں میں 30 اپریل تک توسیع کردی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے غیر ملکیوں کے ویزوں میں توسیع کا اعلان

وزارت کی جانب سے جاری حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق اس توسیع کا اطلاق 15 مارچ سے 30 جون تک ایکسپائر (زائد المیعاد) ہونے والے تمام ویزوں پر ہوگا اور ’اس قسم کے تمام ویزے 30 جون تک قابل عمل سمجھے جائیں گے‘۔

وزارت داخلہ کی جانب سے اس فیصلے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ اور امیگریشن اور پاسپورٹ کے ڈائیریکٹریٹ جنرل کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک نے اندرونِ یا بیرونِ ملک پروازوں کا سلسلہ معطل کردیا تھا جس کے بعد ہزاروں افراد مختلف ممالک میں پھنس گئے تھے۔

مزید پڑھیں: امریکا اور برطانیہ، شہریوں کی واپسی کیلئے 16 چارٹرڈ فلائٹس شروع کریں گے

پاکستان میں بھی امریکی، برطانوی سمیت دیگر ممالک کے شہریوں کی بڑی تعداد پھنسی ہوئی ہے جنہں نکالنے کے لیے ان کے ممالک خصوصی پروازیں بھی چلا رہے ہیں۔

قبل ازیں برطانوی ہائی کمشنر نے بتایا تھا کہ تقریباً ایک لاکھ برطانوی شہری پاکستان میں موجود ہیں جس میں سے تقریباً 21 ہزار عارضی ویزے پر برطانیہ سے آئے تھے۔

اسی طرح تقریباً 40 ہزار سے زائد پاکستانی دنیا کے مختلف ممالک میں پروازوں کی بندش کے باعث پھنس گئے تھے جن کی واپسی کے لیے حکومت چارٹرڈ پروازیں چلا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024