• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملک میں مزید 1146کیسز سے کورونا متاثرین 16ہزار سے زائد، اموات 385 ہوگئیں

ملک میں کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں کورونا سے صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے جہاں کوششیں جاری ہیں وہی اس کے نئے کیسز بھی سامنے آرہے ہیں اور اب تک ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 16 ہزار 667 ہوگئی ہے جبکہ 385 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

یوں اس طرح ملک میں ایک روز کے اعداد و شمار میں 1146 کیسز اور 42 اموات کا ریکارڈ اضافہ ہوا تاہم اس میں 68 کیسز اور 15 اموات کو گزشتہ اعداد و شمار سے ایڈجسٹ کیا گیا۔

واضح رہے کہ اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے مختلف طرح کی پابندیاں اور لاک ڈاؤن جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔

تاہم اس وائرس کے کیسز میں روزانہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جبکہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔

اگرچہ پاکستان میں پہلا کیس 26 فروری کو بیرون ملک سے آنے والے شخص میں رپورٹ ہوا تھا تاہم اس کے بعد سے مقامی طور پر منتقلی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے اس 2 ماہ سے زائد عرصے میں ابتدائی ایک ماہ میں صرف ایک ہزار کیسز اور 8 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

مزید یہ کہ دوسرے مہینے کے مکمل ہونے تک کیسز کی اس تعداد میں 12 ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا جبکہ اسی عرصے میں 271 اموات بھی ہوئیں۔

آج (30 اپریل) کو بھی ملک میں مزید کیسز اور اموات سامنے آگئیں۔

سندھ

سندھ میں مزید 358 کیسز اور 12 اموات کی تصدیق کردی گئی۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 358 نئے مریض آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 6 ہزار 53 ہوگئی۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں مزید 12 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جس سے اموات کی تعداد 112 ہوگئی۔

اسی طرح ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید 53 افراد صحتیاب ہوئے اور اس سے یہ تعداد 1222 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 393 کیسز اور 6 اموات سامنے آگئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد تعداد مجموعی تعداد 6 ہزار 220 ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید 6 اموات بھی ہوئی اور مجموعی تعداد 106 ہوگئی جبکہ 27 کی حالت تشویش ناک ہے۔

بلوچستان

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا کے 57 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1031 ہوگئی۔

لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اب تک 880 کورونا وائرس کے مقامی کیسز سامنے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے عالمی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کیا جارہا ہے، اگر مکمل لاک ڈاؤن کی طرف گئے تو اس کا مطلب کرفیو ہوگا اس لیے وفاق کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن متعارف کرایا جارہا ہے، تاہم عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے تو مزید سخت فیصلے کرنے پڑیں گے۔

بعد ازاں ترجمان نے ٹوئٹ کے ذریعے مزید 18 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد بلوچستان میں متاثرین کی تعداد 1049 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی طور پر وائرس کی منتقلی کے کیسز کی تعداد 898 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں 314 نئے کیسز اور 24 اموات کا اضافہ ہوا، جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 2627 جبکہ مجموعی اموات 146 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رات گئے 30 اپریل تک کے اعداد و شمار شیئر کیے۔

اگرچہ انہوں نے اس اعداد و شمار میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 246 نئے کیسز اور 9 اموات رپورٹ ہونے کی تصدیق کی تاہم مزید 68 کیسز اور 15 اموات کو بھی صوبے کے مجموعی اعداد و شمار میں شامل کیا گیا۔

ان اضافی کیسز اور اموات کے بارے میں یہ وجوہات بیان کی گئیں۔

  • یہ نمبر اس وقت ڈیجیٹل ریکارڈز میں شامل نہیں کیے گئے جبکہ کہ مینول ریکارڈز سے منتقل ہوئے۔
  • ضلعی سطح پر ریکارڈ ہونے والے کیسز کو صوبائی ریکارڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
  • حکام نے ان افراد کے پوسٹ مارٹم ٹیسٹس کیے جن کی وجہ اموات واضح نہیں تھی۔

گلگت بلتستان

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے مزید 6 کیسز سامنے آئے۔

ان کیسز کے اضافے کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 339 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

تاہم جو بات اس وائرس کے مریضوں کے لیے حوصلہ افزا ہے وہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔

ملک میں کیسز کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی یومیہ درجنوں مریض اس وائرس سے جنگ بھی جیت جاتے ہیں۔

اگر آج کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو 680 نئے مریض کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے۔

سرکاری سطح پر ڈیٹا فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا کے صحتیاب مریضوں کی تعداد 3425 سے بڑھ کر 4105 تک پہنچ چکی ہے۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک میں اب تک کی مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو کیسز میں تو سب سے آگے پنجاب اور سندھ ہیں جبکہ 3 صوبوں میں اموات 3 ہندسوں میں داخل ہوچکی ہیں۔

اس وقت صوبہ پنجاب میں 6220 جبکہ سندھ میں 6053 متاثرین ہیں۔

مزید یہ کہ خیبرپختونخوا میں 2627 جبکہ بلوچستان میں 1049 افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 313 افراد، گلگت بلتستان میں 339 جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 66 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

اموات پر نظر ڈالیں تو اعداد و شمار کچھ اس طرح ہیں۔

  • خیبرپختونخوا: 146

  • سندھ: 112

  • پنجاب: 106

  • بلوچستان: 14

  • اسلام آباد: 04

  • گلگت بلتستان: 03

  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 15 ہزار 521 ہوچکی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 317 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Teerath dass Apr 30, 2020 10:32am
men Garden west Sader town, her hafte do bar gher se niklta hun, koi social distance nahin hae, khas ker ke milk shop walun ne, log mask mushkil se 25% us me ada logun ka to mun or nak khula hota hae.

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024