• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
بولی وڈ اداکار عرفان خان — فوٹو: انسٹاگرام
بولی وڈ اداکار عرفان خان — فوٹو: انسٹاگرام
شائع April 29, 2020


بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان کے اچانک انتقال کی خبر کے بعد ان کے مداح اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے سوشل میڈیا پر اداکار کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے دکھ کا اظہار بھی کیا۔

اداکارہ کرینہ کپور خان نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے عرفان خان کی زندگی کی آخری فلم ’انگریزی میڈیم‘ میں صرف اس لیے کام کیا کیوں کہ وہ اپنے کیریئر میں ایک مرتبہ ان کے ساتھ کام ضرور کرنا چاہتی تھی۔

مزید پڑھیں: بولی وڈ اداکار عرفان خان انتقال کرگئے

جبکہ امیتابھ بچن، پریانکا چوپڑا اور اکشے کمار جیسی شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر عرفان خان کو خراج تحسین پیش کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے عرفان خان کے انتقال کو سینما اور تھیٹر کی دنیا کا بڑا نقصان قرار دیا۔

عرفان خان نے اپنے کیریئر میں ایسی کئی فلموں میں کام کیا جنہیں باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔

جبکہ ان کے کیریئر کے ساتھ ایسی کئی فلمیں بھی جڑیں جو ہٹ تو نہیں ہوئیں البتہ ان میں عرفان خان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

انہوں نے صرف بولی وڈ ہی نہیں بلکہ ہولی وڈ میں بھی خوب نام کمایا۔

عرفان خان نے اپنے کیریئر میں 80 کے قریب فلموں میں کام کیا، ان میں چند کامیاب اور یادگار فلمیں مندرجہ ذیل ہیں:

پان سنگھ تومر

2012 میں سامنے آئی اس فلم میں عرفان خان نے کھلاڑی پان سنگھ تومر کی سوانح حیات میں کام کرکے سب کو اپنی بہترین اداکاری سے حیران کردیا تھا۔

اس فلم کو تجزیہ کاروں کا بہترین ردعمل ملا جبکہ باکس آفس پر بھی یہ اچھا کاروبار کرنے میں کامیاب رہی۔

دی لنچ باکس

2013 کی فلم لنچ باکس میں عرفان خان نے نمرت کور اور نواز الدین صدیقی کے ساتھ کام کیا۔

اس فلم کی کہانی دو ایسے افراد پر مبنی تھی جو لنچ باکس میں ایک دوسرے کو نوٹس لکھ کر بھیجا کرتے جس سے ان کے درمیان رومانوی تعلق کا آغاز ہوجاتا۔

اس فلم میں بھی عرفان خان کی اداکاری کو خوب پسند کیا گیا تھا۔

تلوار

فلم تلوار 2015 میں ریلیز ہوئی تھی جس کی ہدایات میگھنا گلزار نے دی تھی۔

اس فلم کی کہانی ایک لڑکی کے قتل کے گرد گھومتی ہے، جس کے کیس کی تفتیش عرفان خان کرتے ہیں۔

یہ فلم بین الاقوامی سطح پر ’گلٹی‘ کے نام سے بھی ریلیز کی گئی۔

ویشال بھردواج نے اس فلم کی کہانی تحریر کی تھی۔

ہندی میڈیم

2017 کی فلم ’ہندی میڈیم‘ میں عرفان خان نے ایک ایسے والد کا کردار نبھایا تھا جو اپنی بیٹی کو ایک اچھے اسکول میں داخلہ دلانے کی جدوجہد میں مصروف رہتے ہیں۔

اس فلم میں عرفان خان کے ساتھ پاکستان کی کامیاب اداکارہ صبا قمر نے مرکزی کردار نبھایا۔

فلم کی ریلیز کے بعد دونوں ممالک کے تجزیہ کاروں نے عرفان خان اور صبا قمر کے کام کو خوب سراہا جبکہ ان کی جوڑی بھی بےحد پسند کی گئی۔

مقبول

فلم مقبول 2003 میں ریلیز ہوئی، جس کی کہانی شیکس پیئر کے ناول ’میچبیتھ‘ پر مبنی تھی۔

اس فلم میں عرفان خان نے انڈر ورلڈ ڈان کے خاص آدمی کا کردار نبھایا جو بعدازاں صرف ایک عورت کی محبت کی خاطر اس ڈان کو مار کر خود ٹیم کا سربراہ بن جاتا ہے۔

اس فلم کی ہدایات ویشال بھردواج نے دیں، اس میں عرفان خان کے ہمراہ تبو اہم کردار نبھاتی نظر آئیں۔

لائف آف پائے

2012 میں سامنے آئی ہولی وڈ فلم ’دی لائف آف پائے‘ میں عرفان خان نے اہم کردار نبھایا۔

اس فلم کی کہانی ایک نوجوان کی حیرت انگیز زندگی پر مبنی ہے، جس کا کردار عرفان خان نے نبھایا۔

ہولی وڈ کی اس فلم میں عرفان خان کے کام کو بےحد نوٹس کیا گیا جبکہ فلم کی سینمیٹوگرافی کو بےحد سراہا گیا۔

پیکو

فلم پیکو 2015 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں عرفان خان کے ساتھ دپیکا پڈوکون اور امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیے۔

اس فلم میں عرفان خان نے ایک ٹیکسی سروس کے مالک کا کردار نبھایا، جو دپیکا اور امیتابھ کے کردار کو کولکتہ لے کر جاتا ہے۔

اس کامیڈی فلم کو مداحوں نے بےحد پسند کیا جبکہ عرفان خان اور دپیکا کی جوڑی کو بھی سراہا گیا تھا۔

یاد رہے کہ یہ دپیکا کی عرفان خان کے ساتھ پہلی فلم تھی، اس فلم کے بعد یہ دونوں ’سپنا دی دی‘ نامی فلم میں بھی ساتھ کام کرنے والے تھے تاہم عرفان خان کی بیماری کے باعث یہ ممکن نہیں ہوسکا۔

بلیک میل

2018 میں ریلیز ہوئی فلم ’بلیک میل‘ میں عرفان خان نے ایک ایسے شوہر کا کردار نبھایا جو اپنی اہلیہ کو کسی اور کے ساتھ تعلقات رکھتے ہوئے پکڑ لیتا ہے۔

بعدازاں یہ بلیک میلر بن کر اپنی اہلیہ اور اس کے ساتھی کو ڈراتا اور پیسے وصول کرتا ہے۔

فلم کو ویسے تو تجزیہ کاروں کا ملا جلا ردعمل موصول ہوا البتہ عرفان خان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا تھا۔

عرفان خان کے ہمراہ اداکارہ کریتی کلہاڑی نے اس فلم میں اہم کردار نبھایا۔


ان فلموں کے علاوہ بھی عرفان خان نے کیریئر میں کئی اور فلموں میں کام کیا جن میں ان کی اداکاری کو بےحد سراہا گیا۔

ان فلموں میں ’چاکلیٹ‘، ’حیدر‘، ’سات خون معاف‘، ’لائف ان اے میٹرو‘، ’دی کلر‘ اور ’دی ڈے‘ شامل ہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

Umair Ahmed Apr 29, 2020 10:05pm
You forgot the MADARI...
Zulfiqar Ali Apr 30, 2020 01:34am
Indeed he was a greatest versatile actor. i was watching him through his TV serial bhanwar " real court cases " in which he appeared in one episode and from that time i still remember his acting and unique style, dialogues delivery. Wish i could see him in more upcoming films. May his soul rest in peace. From all pakistani fans our deepest condolences to such great actor of his time.