• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ثنا میر کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

شائع April 25, 2020 اپ ڈیٹ April 30, 2020
ثنا میر کی قیادت میں قومی ٹیم 72 ایک روزہ میچ کھیلے—فائل/فوٹو:اے ایف پی
ثنا میر کی قیادت میں قومی ٹیم 72 ایک روزہ میچ کھیلے—فائل/فوٹو:اے ایف پی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنامیر نے بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ثنا میرنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ تہہ دل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکور ہیں جس نے انہیں 15 سال تک ملک کی نمائندگی کا موقع دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔

مزید پڑھیں:ثنا میر نے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا

ثنا میر نے کہا کہ وہ اسٹاف، کھلاڑیوں، گراؤنڈ اسٹاف اور ہر اس فرد کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے پس پردہ رہ کر ان کی کامیابی اور ویمن کرکٹ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا۔

ثنا میر کا کہنا تھا کہ کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں سوچنے کا بھرپور موقع ملا، زندگی میں آگے بڑھنے کا یہی بہترین وقت ہے اور یقین ہے کہ وہ ملک اور کھیل کے لیے بہترین کردار ادا کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

ثنا میر نے کہا کہ جب وہ اپنے کیرئیر پر نظر ڈالتی ہیں تو انہیں یہ جان کر اطمینان نصیب ہوتا ہے کہ وہ ایک ایسے عمل کا حصہ رہی ہیں جس کے نتیجے میں پہلی مرتبہ لارڈز میں کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ 2017 کا فائنل کھیلا اور پھر آئی سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 کا فائنل 87 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ خواتین کرکٹ کی 2 بہترین کامیابیاں ہیں۔

ثناء میر نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز اور سبز جرسی زیب تن کرنا قابل فخر لمحہ ہوتا ہے تاہم اب یہ وقت آگے بڑھنے کا ہے اور خدمت کا یہ سلسلہ کسی اور انداز میں جاری رہے گا۔

ثنا میرکے شان دار کیرئیر پر ایک نظر

ثنامیر نے اپنے ایک روزہ کرکٹ کیرئیر کا آغاز دسمبر2005 میں کراچی میں سری لنکا کےخلاف کیا جبکہ آخری ایک روزہ میچ نومبر 2019 میں لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔

ثنا میر نے 120 ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ہزار 630 رنز بھی بنائے۔

یہ بھی پڑھیں:ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ: قومی ٹیم کا اعلان، ثنا میر جگہ بنانے میں ناکام

خواتین کی ایک روزہ کرکٹ میں ثنامیر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی چوتھی کھلاڑی ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کی انیسہ محمد بھی اتنی وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔

اس فہرست میں بھارت کی جھوالن گوسوامی کا پہلا نمبر ہے۔

ثنا میر کو اکتوبر2018 میں آئی سی سی ویمنزکی ایک روزہ کرکٹ میں باؤلرز کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن کا اعزاز بھی مل گیا۔

قومی ٹیم کی سابق کپتان کو ایک روزہ کرکٹ میں 100 وکٹوں کے ساتھ ساتھ ایک ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

ثنا میرنے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز مئی 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں کیا جبکہ آخری ٹی ٹونٹی میچ اکتوبر 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔

انہوں نے 106 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 89 وکٹیں اور 802 رنز بنائے۔

ثنا میر نے 72 ایک روزہ اور 65 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی، ان کی قیادت میں قومی ویمن ٹیم نے 2013 اور 2017 کے دو خواتین ورلڈ کپ کے علاوہ 5 ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بھی کھیلی۔

انہیں دہائی کی وزڈنز ویمنز ٹیم کی کپتان نامزد کیا گیا اور بھارتی کھلاڑی متھالی راج کے ہمراہ بطور کھلاڑی آئی سی سی ویمنز کمیٹی میں بھی شامل کیا گیا۔

ثنا میر 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا بھی حصہ تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024