• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شکایات کے بعد پی آئی اے کا کرایوں کو 'مناسب' کرنے کا وعدہ

شائع April 21, 2020
پی آئی اے نے بیرون ملک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلائیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
پی آئی اے نے بیرون ملک میں پھنسے پاکستانیوں کو واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلائیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

روالپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے خصوصی پروازوں کے مسافروں کی جانب سے زائد کرائے کی شکایت کے بعد وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنے کرایوں کو 'معقول' کرے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئرمارشل ارشد ملک نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ان پروزوں سے جڑے زائد آپریٹنگ اخراجات کی بنیاد پر زائد قیمت وصول کرنے کے دعوے پر غور کریں گے۔

خیال رہے کہ قومی ایئرلائن کو حال ہی میں زائد کرائے کی شکایات کا سامنا کرنا پڑا اور اس پر وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے معاملے کو سی ای او کے ساتھ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں اٹھایا۔

مزید پڑھیں: بیرون ملک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی، ’زائد کرائے‘ سے متعلق شکایات

وزیر ہوابازی کی جانب سے کرایوں سے متعلق تحقیقات کی گئی تھی، اس کے جواب میں انہیں سی ای او نے بتایا تھا کہ زیادہ تر پروازیں فیری پروازیں تھیں یا ان میں مسافروں کی تعداد محدود تھی، لہٰذا ایسے پروازوں کو معاشی طور قابل عمل بنانے کے لیے کرائے تھوڑے سے زیادہ تھے۔

ادھر ترجمان پی آئی اے کے مطابق حالیہ شکایات پر سی ای او کو بھی تشیوش تھی اور انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ضرورت کے اس وقت میں بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے فائدے کے لیے کرایوں پر نظرثانی کریں۔

اسی سلسلے میں اسلام آباد میں وزیرہوابازی غلام سرور اور سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک کے درمیان ملاقات میں بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں اور یہاں موجود غیرملکیوں کی واپسی کے لیے خصوصی آپریشنز کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر کی جانب سے خصوصی پروازوں پر پی آئی اے کی جانب سے لیے جانے والے کرائے کے بارے میں معلوم کیا۔

اس موقع پر سی ای او ارشد ملک نے وفاقی وزیر کو یقین دہانی کروائی کہ وہ ان خصوصی پروازوں کے ساتھ اعلیٰ آپریٹنگ خرچ کی بنیاد پر زائد کرائے کے دعوے کے معاملے کو دیکھیں گے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث ہزاروں پاکستانی بیرون ملک پھنس گئے تھے جبکہ متعدد غیر ملکی پاکستان سے اپنے وطن واپس نہیں جاسکے تھے۔

اسی سلسلے میں پی آئی اے کی جانب سے پروازوں کے خصوصی آپریشن شروع کیے گئے تھے جس سے ہزاروں پاکستان وطن واپس پہنچے تھے۔

تاہم اس دوران ضرورت سے زیادہ کرایہ وصول کرنے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔

تھائی لینڈ سے آنے والے کچھ مسافروں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی جس میں انہوں نے شکایت کی تھی کہ پی آئی اے نے کرائے کی مد میں ان سے زائد رقم وصول کی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا باقاعدہ پروازیں بحال کرنے پر غور

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر وائرل ویڈیوز میں مسافر الزام لگایا گیا تھا کہ تھائی لینڈ سے پاکستان کا ایک طرف کا سفری کرایہ 55 ہزار روپے ہوتا ہے لیکن پی آئی اے نے کرایے کی مد میں ایک لاکھ روپے وصول کیے۔

دوسری جانب وزیر ہوا بازی نے ایوی ایشن سیکریٹری حسن ناصر جامی اور ڈویژن کے سینئر افسرا سے ملاقات کی، جس میں ایوی ایشن سیکریٹری نے قبضہ کی گئی سیکڑوں ایکڑ زمین کی واپسی کے لیے جاری کوششوں کے بارے میں بتایا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کی جانب سے ایوی ایشن ڈویژن کے افسران کو ہدایت دی گئی وہ سول ایوی ایشن کے زمین کے معاملے کو حل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر معاملے کو دیکھیں اور اس معاملے پر ہفتہ وار بنیادوں پر انہیں آگاہ کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024