• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

جنوبی سوڈان: ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کیلئے صرف 4 وینٹی لیٹر

شائع April 20, 2020

غربت و خانہ جنگی کے شکار رہنے والے ایک کروڑ 20 لاکھ آبادی والے افریقی ملک جنوبی سوڈان میں محض 4 وینٹی لیٹرز جب کہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں محض 24 بیڈ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی ایک رپورٹ میں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جنوبی سوڈان کے تمام ہسپتالوں میں محض 4 وینٹی لیٹرز ہیں یعنی وہاں تقریبا 30 لاکھ افراد کے لیے ایک وینٹی لیٹر دستیاب ہے۔

اسی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ جنوبی سوڈان کے ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے لیے بنائے گئے وارڈز میں صرف 24 بیڈ کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی سوڈان ایک دہائی قبل 2011 میں افریقی ملک سوڈان سے الگ ہوا تھا، اقوام متحدہ کی زیر نگرانی ہونے والے ایک ریفرنڈم کے بعد سوڈان کے جنوبی حصے کو نئے ملک جنوبی سوڈان کا درجہ دیا گیا تھا۔

اسی رپورٹ میں بتایا گیا کہ نہ صرف جنوبی سوڈان بلکہ براعظم افریقہ کے دیگر ممالک کی صورتحال بھی انتہائی نازک ہے اور وسطی افریقہ کے ملک برکینا فاسو میں بھی محض 11 وینٹی لیٹرز ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

برکینا فاسو کی آبادی بھی 2 کروڑ کے لگ بھگ ہے جب کہ لگ بھگ 50 لاکھ کی آبادی والے ملک سینٹرل افریقن ریپبلک میں بھی محض 3 وینٹی لیٹرز ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

اسی رپورٹ میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ براعظم افریقہ کے 41 ممالک میں لگ بھگ 2 ہزار کے قریب وینٹی لیٹرز موجود ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے بتایا کہ افریقہ کے 43 ممالک کے درجنوں ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے لیے بنائے گئے وارڈز میں محض 5 ہزار بیڈز ہیں جنہیں اگر براعظم کی آبادی میں تقسیم کیا جائے تو ہر 10 لاکھ افراد کے لیے ایک بیڈ دستیاب ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق براعظم یورپ میں ہر 10 لاکھ افراد کے لیے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) کے 4 ہزار بیڈ دستیاب ہوتے ہیں۔

یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ براعظم افریقہ کورونا وائرس کا اگلا مرکز بن سکتا ہے۔

اقوام متحدہ (یو این) اور عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر عالمی اداروں کی جانب سے حال ہی میں خبردار کیا گیا تھا کہ اگر براعظم افریقہ کورونا وائرس کا نیا مرکز بنا تو وہاں کم از کم 3 لاکھ ہلاکتیں ہوں گی اور وہاں پر سوا ایک کروڑ کے قریب افراد متاثر ہوں گے۔

خیال رہے کہ 20 اپریل کی شام تک براعظم افریقہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 23 ہزار کے قریب جا پہنچی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1200 کے قریب جا پہنچی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024