• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کراچی: ڈبل سواری پر عائد پابندی کی خلاف ورزی پر 124 افراد گرفتار

شائع April 19, 2020 اپ ڈیٹ April 20, 2020
پولیس کے مطابق 57 مقدمات پر درج کیے گئے—فوٹؤ:اے ایف پی
پولیس کے مطابق 57 مقدمات پر درج کیے گئے—فوٹؤ:اے ایف پی

کراچی پولیس نے کورونا وائرس کے باعث عائد ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر 124 افراد کو گرفتار اور 57 مقدمات درج کرلیے جبکہ درجنوں شہریوں کو تنبیہ کی گئی۔

سندھ حکومت نے گزشتہ روز ڈبل سواری پر پابندی کے حوالے سے ایک نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا جس میں بغیر کسی استثنیٰ کے ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

کراچی پولیس کے سربراہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ پولیس نے شہر میں تقریباً 3 ہزار 284 موٹرسائیکلوں کو روکااور تلاشی لی۔

مزید پڑھیں:سندھ: موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر سخت پابندی، خواتین کا استثنیٰ ختم

ان کا کہنا تھا کہ ساؤتھ زون پولیس نے ایک ہزار 103 موٹرسائیکلیں روکیں، ایسٹ زون اور ویسٹ زون پولیس نے بالترتیب ایک ہزار 189 اور 992 موٹرسائیکلیں چیک کیں۔

انہوں نے کہا کہ ان میں سے 124 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 3 ہزار 25 افراد کو سخت تنیبہ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

اے آئی جی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ 'پولیس نے بچوں اور خواتین کے ساتھ ڈبل سواری کرنے والے افراد کو سخت وارننگ یا چالان کرنے کو ترجیح دی'۔

ان کا کہنا تھا کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس افسران کو بھی نہیں بخشا گیا۔

'ایک ہزار 403 افراد پر جرمانے'

—فوٹؤ:کراچی پولیس
—فوٹؤ:کراچی پولیس

کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک ہزار 403 موٹرسائیکل سواروں پر مختلف خلاف ورزیوں کے ارتکاب کے باعث جرمانے کیے گئے جس میں پولیس افسران بھی شامل ہیں۔

تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 45 نابالغ افراد کو موٹرسائیکل چلانے پرجرمانہ کیا گیا، 342 موٹرسائیکل سواروں کو درست لائسنس نہ ہونے اور غلط سمت سے موٹرسائیکل چلانے والے 724 افراد پر بھی جرمانہ کیا گیا۔

دوسری جانب نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اتوار بازار لگانے پر 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: ایک دن میں ریکارڈ 19 اموات، مجموعی تعداد 167 ہوگئی

پولیس نے چاروں افراد کے خلاف سیکشن 188اور 269 کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کردی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی بندش سے تمام استثنیٰ ختم کرتے ہوئے سخت پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

محکمہ داخلہ سندھ سے جاری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ خواتین کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی سے استثنیٰ کے معاملے پر عملدرآمد کے مسائل اور اس اجازت کے غلط استعمال کو سامنے رکھتے ہوئے ڈبل سواری پر کسی استثنیٰ کے بغیر سخت پابندی لگائی جارہی ہے اور کسی صورت کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ اس حوالے سے محکمہ داخلہ کے 14 اپریل کے حکم اور ایس او پیز میں تبدیلی کی جارہی ہے۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے جہاں صوبے میں کئی ہفتوں سے لاک ڈاؤن جاری ہے تو وہیں ڈبل سواری سمیت کئی پابندیاں بھی عائد ہیں۔

سندھ حکومت کے محکمہ صحت کی ترجمان میران یوسف کے فراہم کردہ اعدادو شمار کے مطابق صوبے میں مزید 7 کیسز کا اضافہ ہوا جس کے بعد مجموعی تعداد 2544 ہوگئی۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے ویڈیو بیان میں صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 182 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

انہوں نے کہا تھا کہ اسی دوران ملک میں 8 اموات بھی رپورٹ ہوئیں جو اب تک سندھ میں رپورٹ ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے، جس کے بعد صوبے میں مجموعی اموات 56 تک پہنچ چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 33 متاثرین صحتیاب ہوکر گھروں کو واپس لوٹ گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024