• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

برطانیہ کا کورونا سے لڑنے کیلئے پاکستان کو 26 لاکھ پاؤنڈ فراہم کرنے کا اعلان

شائع April 18, 2020
یہ فنڈز پاکستان کے پانچ صوبوں میں 27 اضلاع میں استعمال کیے جائیں گے، برطانوی سفارتخانہ — فائل فوٹو / اے پی
یہ فنڈز پاکستان کے پانچ صوبوں میں 27 اضلاع میں استعمال کیے جائیں گے، برطانوی سفارتخانہ — فائل فوٹو / اے پی

برطانیہ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستانی نظامِ صحت کے ساتھ تعاون کا اعلان کردیا۔

برطانیہ کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پاکستان میں ضرورت مند اور اس وبا کے سامنے سب سے زیادہ غیر محفوظ افراد کی مدد کے لیے وسیع پیمانے پر مدد فراہم کرنے کے اقدامات کے سلسلے میں پہلا اعلان کیا گیا ہے۔

برطانوی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں شدید نوعیت کے متاثرین کو طبی امداد کی فراہمی، کورونا وائرس کی تشخیص اور جانچ کے لیے مضبوط نظام کی تشکیل اور زندگی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے درست معلومات کی فراہمی کے لیے 26 لاکھ سے زائد پاؤنڈ پر مشتمل فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ فنڈز پاکستان کے تمام صوبوں میں 27 اضلاع میں استعمال کیے جائیں گے۔

برطانوی سفارتخانے نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں برطانوی تعاون کے وسیع منصوبے کے تحت کورونا وائرس کے ردعمل کے دوران خطرے کا شکار ہونے والوں اور اس وبا کے سامنے سب سے زیادہ غیر محفوظ افراد کی مدد کرنے کے لیے ڈی ایف آئی ڈی کے تعاون کے پروگرام پر نظرثانی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا پاکستان کیلئے کورونا کے خلاف 84 لاکھ ڈالر تعاون کا اعلان

اس موقع پر پاکستان کے لیے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنرنے کہا کہ 'پوری دنیا کورونا وائرس کے باعث غیر معمولی حالات کا شکار ہے، مجھے یقین ہے کہ پاکستان اپنی صلاحیت اور مستقل مزاجی سے اس وبائی بیماری کو شکست دے دے گا۔'

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی جانب سے 26 لاکھ سے زائد پاؤنڈ کی امداد اس وبا کی تشخیص، عوام کے تحفظ اور علاج میں حکومتِ پاکستان کی مدد کرے گی۔'

ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ہم اپنے پاکستانی دوستوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

برطانیہ کی جانب سے پاکستان میں ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں اور معاش پر تباہ کن اثرات مرتب کرنے والی ٹڈیوں پر قابو پانے کے لیے فوری ردعمل کے لیے 10 لاکھ پاؤنڈ کی فراہمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف کوششوں میں تعاون کے لیے پاکستان کو 84 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور پہلے 20 لاکھ ڈالر کی امریکی امداد کس طرح معاون ہوسکتی ہے، اس حوالے سے آگاہ کیا تھا'۔

پال جونز نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'آج مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر ہے کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف کئی طریقوں سے پاکستان کا شراکت دار ہے جس میں 80 لاکھ ڈالر سے زائد نئی امداد شامل ہے'۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: حکومت پاکستان کو جاپان سے 10 لاکھ ڈالر کی مزید امداد

امریکی تعاون کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 'ہم اسلام آباد، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ایمرجنسی آپریشنز سینٹرز کو بھی فنڈ دیں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ '20 لاکھ ڈالر کے تعاون سے شہریوں کو گھروں میں طبی امداد دے کر ہسپتالوں پر دباؤ کو کم کرنے کے لیے ہم طبی عملے کی تربیت کے حوالے سے شراکت داری کو مزید وسیع کریں گے'۔

یاد رہے کہ برطانیہ اور امریکا سے قبل جاپان، یورپی یونین اور پڑوسی ملک چین کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کا اعلان کیا گیا تھا۔

کورونا وائرس کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون میں پہل دوست ملک چین نے کی تھی جس کی جانب سے سندھ حکومت، گلگت بلتستان حکومت، پنجاب اور وفاقی حکومت کی مدد کے لیے مختلف مشینری اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیموں کو بھیجا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024