• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کورونا کے باعث لوگ تراویح اور نماز عید گھروں میں ادا کریں، سعودی مفتی اعظم

شائع April 17, 2020
جمعرات کو سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 518 نئے کیسز اور 4 اموات کی تصدیق کی گئی تھی — فائل فوٹو / عرب نیوز
جمعرات کو سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 518 نئے کیسز اور 4 اموات کی تصدیق کی گئی تھی — فائل فوٹو / عرب نیوز

سعودی عرب کے مفتی اعظم مفتی عبدالعزیز بن عبداللہ بن محمد الشیخ کا کہنا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی وبا جاری رہتی ہے تو لوگ اس کی روک تھام کے لیے احتیاط کے طور پر رمضان میں نماز تراویح اور عید کی نماز گھروں میں ادا کریں گے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اپنے بیان میں سعودی مفتی اعظم نے کہا کہ گھروں میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد خطبہ نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی وزارت صحت نے جمعرات کو ملک میں کورونا وائرس کے 518 نئے کیسز اور 4 اموات کی تصدیق کی تھی۔

ان نئے کیسز میں سے 195 جدہ، 91 مدینہ، 84 ریاض، 58 مکہ اور 38 دمام میں سامنے آئے تھے۔

سعودی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اب تک ملک میں وائرس سے 990 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: سعودی عرب کا مساجد میں نماز تراویح کی ادائیگی پر پابندی کا اعلان

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور نے اعلان کیا تھا کہ اس سال رمضان المبارک کے دوران مساجد میں نماز تراویح کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزارت کی جانب سے لوگوں کو نماز تراویح گھروں میں ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا کیونکہ مساجد میں نمازوں کی ادائیگی اس وقت تک معطل رہے گی جب تک کورونا وائرس کی وبا کا اختتام نہیں ہوجاتا۔

سعودی وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف الشیخ نے کہا 'مساجد میں روزانہ 5 وقت نماز پر پابندی نماز تراویح پر پابندی سے زیادہ اہم ہے، نماز تراویح کو گھر میں پڑھا جائے یا مسجد میں ، امید ہے اللہ تعالیٰ اسے قبول کرلیں گے، ہمارے خیال میں لوگوں کی صحت اہمیت رکھتی ہے، ہم اللہ تعالیٰ سے التجا کریں گے کہ ہماری نمازوں کو قبول فرمائے اور انسانیت کو اس وبا سے بچائے جو پوری دنیا میں پھیل چکی ہے'۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب: مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر پابندی عائد

اس وبا کے نتیجے میں سعودی عرب کے مختلف حصوں میں کرفیو نافذ ہے جس کا دورانیہ مزید بڑھا دیا گیا ہے۔

2 مارچ کو مختلف حصوں میں کرفیو کا 21 دن تک نفاذ کیا گیا تھا جس کے دورانیے میں 12 اپریل کو مزید اضافے کا اعلان کیا گیا۔

پہلے کرفیو کا دورانیہ شام 7 بجے سے صبح 6 بجے تک تھا، بعد میں اسے دوپہر 3 بجے سے صبح 6 بجے تک کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024