موجودہ صورتحال میں پارلیمنٹ کا مثبت کردار قابل تعریف ہے، عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پارلیمنٹ کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال و کورونا وائرس سے متعلق مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ساتھ ہی ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز اور حکومتی اقدامات سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو بجٹ میں خصوصی توجہ دے کر ترقی دی جائے گی اور اسی شعبے میں موثر پالیسی بنانے پر توجہ دے رہے ہیں، اس سلسلے میں خصوصی کمیٹی برائے زرعی اجناس سفارشات دے۔

دوران ملاقات اسد قیصر نے کورونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تجاویز سے آگاہ کیا جبکہ قومی اسمبلی کے ورچوول اجلاس منعقد کرنے سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو موجودہ حالات میں موثر کرنے کے لیے قائمہ کمیٹیوں کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کیا جارہا ہے، جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ پارلیمانی کمیٹی کی تجاویزاور سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ موجود حالات میں پارلیمان کو موثر اور فعال رکھنا ضروری ہے کیونکہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کا ادارہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے، موجودہ صورتحال میں پارلیمنٹ کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔