• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مظفر گڑھ: احساس کفالت سینٹر میں مبینہ فراڈ، ایف آئی آر درج

شائع April 13, 2020
احساس پروگرام کے تحت خاندانوں میں رقم تقسیم کی جارہی ہے—فوٹو: ٹوئٹر
احساس پروگرام کے تحت خاندانوں میں رقم تقسیم کی جارہی ہے—فوٹو: ٹوئٹر

مظفرگڑھ میں احساس کفالت سینٹر پر خاتون کے ساتھ مبینہ فراڈ کا واقعہ پیش آیا جہاں انتظامیہ نے ان کی بائیو میٹرک تصدیق کرکے مکمل رقم ادا کرنے سے انکار کردیا۔

ضلع مظفر گڑھ کے تھانہ قریشی میں درج ایف آئی آر کے مطابق ذکیہ مائی کو سلمان اشرف نامی شخص نے میڈیا کا نمائندہ اور احساس پروگرام کا ممبر خود کو ظاہر کرتے ہوئے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول بصیرہ میں احساس پروگرام کے دوران رقم نکلوا کردینے کا وعدہ کیا تھا۔

ایف آئی آر میں انہوں نے بتایا کہ ذکیہ مائی نے اپنا شناختی کارڈ اس شخص کو دیا اور اس کے پاس موجود تھمب امپریشن مشین پر انگوٹھا لگا کر تصدیق بھی کرائی تھی۔

مزید پڑھیں: احساس ریلیف پروگرام شروع، بینکوں کے باہر لوگوں کا ہجوم

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کے مطابق بائیو میٹرک تصدیق کرکے کہا گیا کہ 2 روز بعد پیسے لے جانا تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ ان کے 12 ہزار روپے نکلوالیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’گھروں میں کام کرکے گزارہ کرتی ہوں، میرے پیسے دلوائے جائیں'۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق خواتین کی جانب سے کٹوتیوں اور فراڈ کے حوالے سے شکایات موصول ہورہی ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش کی ترسیل میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ریاستی ادارے احساس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ احساس ایمرجنسی کیش کی ترسیل میں ملوث بدعنوان عناصر کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آرز پر ہماری نظر ہے، ’میں اپنی آخری سانس تک کرپشن اور بد عنوانی کےخلاف لڑتی رہوں گی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم تمام سیکیورٹی اداروں کے مشکور ہیں جو احساس ایمرجنسی کیش میں کرپشن کے خلاف جہاد میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں‘۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 144 ارب روپے کا احساس ریلیف پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا جس کے تحت کورونا وائرس کی وجہ سے لگائے گئے لاک ڈاؤن سے متاثر یومیہ اجرت اور مستحق خاندان میں 4 ماہ کے لیے مجموعی وظیفہ 12 ہزار روپے تقسیم کیا جارہا ہے۔

اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں میں یہ رقم تقسیم کی جائے گی جس کے لیے ملک بھر میں نامزد بینکوں حبیب بینک لمیٹڈ اور بینک الفلاح کی 17 سو برانچز مختص کی گئی ہیں جبکہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے 3 ہزار کیمپس بھی تشکیل دیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024