• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانی اداکاروں کی حکومت نے سن لی

شائع April 13, 2020
فلم کی ٹیم تھائی لینڈ میں شوٹنگ کررہی تھی — فوٹو: انسٹاگرام
فلم کی ٹیم تھائی لینڈ میں شوٹنگ کررہی تھی — فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے نامور اداکار محب مرزا، صنم سعید، سارہ لورین اور شمعون عباسی کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 2 ہفتوں سے اپنی ٹیم کے ہمراہ تھائی لینڈ میں پھنسے ہوئے ہیں اور اب آخر کار یہ لوگ ملک واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ تمام اداکار اپنی ٹیم کے ہمراہ تھائی لینڈ میں فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے تاہم کورونا وائرس کے باعث کئی ممالک میں لگے لاک ڈاؤن اور پروازیں معطل ہونے کے بعد یہ پاکستان واپس نہیں آپائے۔

تاہم اب آخر کار یہ جلد پاکستان واپس آجائیں گے۔

مزید پڑھیں: تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانی اداکاروں کی حکومت سے مدد کی اپیل

اس خبر کا اعلان اداکارہ سارہ لورین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے سارہ لورین کا کہنا تھا کہ ’کم از کم 20 دنوں سے ہمیں پروازوں کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں ملیں، لوگوں سے تو رابطے میں رہے البتہ فلائٹس کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی جارہی تھی‘۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’گزشتہ رات ہمیں بتایا گیا کہ تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے ایک پرواز کا انتظام کیا جارہا ہے جو 14 اپریل کو یہاں پہنچے گی‘۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: شمعون عباسی اور صنم سعید تھائی لینڈ میں کیا کررہے ہیں؟

اداکار شمعون عباس نے بھی اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ اداکار محب مرزا اور شمعون عباسی نے حکومت سے اپیل کی تھی کہ انہیں تھائی لینڈ سے فوری پاکستان واپس لایا جائے کیوں کہ ان کے پاس اتنے وسائل موجود نہیں کہ وہاں مزید دن گزارے جاسکیں۔

اپنی ایک ویڈیو میں محب مرزا کا کہنا تھا کہ ’ہم تھائی لینڈ کے ایک علاقے میں موجود ہیں جو بینکاک سے 3 گھنٹے کی دوری پر ہے، جب سے ہم نے یہاں اپنی فلم کی شوٹنگ ختم کی ہے، ہم واپس پاکستان آنے کا انتظار کررہے ہیں، ہم ایک ہوٹل میں محصور ہیں مزید کچھ دن اور گزرے تو 21 لوگوں کا اس ہوٹل میں مزید رہنا مشکل ہوجائے گا‘۔

خیال رہے کہ محب مرزا کی ہدایات میں بننے والی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی ریلیز رواں سال متوقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024