• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

امریکا میں وائرس سے پاکستانیوں کی اموات کی خبر غیرمصدقہ ہے، سفارت خانہ

شائع April 12, 2020
نیویارک میں 100 سے زائد پاکستانیوں کے انتقال کی رپورٹس آئی تھیں—فوٹو:رائٹرز
نیویارک میں 100 سے زائد پاکستانیوں کے انتقال کی رپورٹس آئی تھیں—فوٹو:رائٹرز

واشنگٹن ڈی سی میں قائم پاکستانی سفارت خانے سے جاری بیان میں امریکا میں کورونا وائرس کے باعث پاکستانیوں کی اموات کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو غیر مصدقہ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستانی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'امریکا میں حکام کی جانب سے مصدقہ اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں'۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 'کمیونٹی کے ذرائع اور چند متاثرہ گھروں کا حوالہ دے کر یہ صرف اندازے ہیں، اس طرح کے اعداد و شمار کی تصدیق نہیں کی جاسکتی ہے'۔

مزید پڑھیں:امریکی ریاست نیویارک میں کورونا کے باعث 100 سے زائد پاکستانی ہلاک

مزید کہا گیا ہے کہ شکاگو، لاس اینجلس اور ہیوسٹن سے بھی اس طرح کی کوئی رپورٹس موصول نہیں ہوئیں۔

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے باعث حالات تیزی سے بگڑ رہے ہیں۔

پاکستانی برادری کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ 'سفارت خانہ اور قونصل جنرل ہماری برادری کے اراکین سے رابطے میں ہیں اور جس طرح کی مدد اور تعاون کی ضرورت پڑی تیار ہیں'۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکا سے خبریں موصول ہوئی تھیں کہ نیویارک میں کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والے ہزاروں افراد میں 100 سے زائد پاکستانی بھی شامل ہیں۔

پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ علی نے ڈان کو بتایا تھا کہ ہسپتالوں، جنازہ گاہوں اور اہلِ خانہ سے اکٹھی کی گئی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیویارک اور نیو جرسی کے علاقوں میں 100 سے زائد پاکستانی اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جتنی زیادہ معلومات سامنے آئیں گی ہمیں خدشہ ہے کہ اموات کی تعداد بڑھے گی، ہماری کمیونٹی مضبوط ہے اور انہوں نے بہت کچھ اپنے بل بوتے پر کیا ہے‘۔

عائشہ علی کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کی جانب سے کمزور طبقے یعنی 50 سال سے زائد عمر کے وہ افراد جو اشیائے خورو نوش خریدنے باہر نہیں جاسکتے ان میں خوراک تقسیم کی جارہی ہے کیونکہ اعداد و شمار کے مطابق 90 فیصد اموات اسی عمر کے افراد میں ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا: 24 گھنٹوں میں 2ہزار اموات، اجتماعی قبروں میں تدفین شروع

پاکستانی سفارتخانے کی ترجمان زوبیہ مسعود کا کہنا تھا کہ ’دیگر ریاستوں میں بھی کچھ پاکستانیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں اور اس حوالے سے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں کہ اس وبا نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کو کس طرح متاثر کیا‘۔

نیویارک میں جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب تک سب سے زیادہ اموات ہسپانوی کمیونٹی میں ہوئی ہیں جس کی شرح 34 فیصد ہے، اس کے بعد افریقی نژاد امریکیوں کے مرنے کی شرح 28 فیصد، سفید فام امریکیوں میں 27 فیصد افراد ہلاک ہوئے۔

اعداد وشمار کے مطابق ایشیا سے تعلق رکھنے والے امریکیوں کی کورونا وائرس سے شرح اموات 7 فیصد رہی جس میں پاکستانی اور بھارتی دونوں شامل ہیں۔

خیال رہے گزشتہ برس دسمبر میں چین میں سامنے آنے والے کورونا وائرس سے اب تک امریکا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہوگئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کی کورونا کیسز پر نظر رکھنے والی خصوصی ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں 24 گھنٹوں کےدوران 2 ہزار 108 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں اموات کی تعداد اٹلی میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سے بڑھ چکی ہے جبکہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔

امریکا میں اٹلی سے بھی زیادہ اموات ہوچکی ہیں جہاں مجموعی تعداد 19 ہزار 600 سے تجاوز کرچکی ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اگر شہریوں کو گھروں میں رہنے کے احکامات 30 روز بعد ہٹادیے گئے تو امریکا میں وائرس سے اموات کی تعداد 2 لاکھ سے زیادہ ہوجائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024