• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

ارب پتی شخص کا وینڈنگ مشینز کے ذریعے ایک کروڑ فیس ماسک بانٹنے کا منصوبہ

شائع April 9, 2020
پہلے مرحلے میں ایک کروڑ فیس ماسک تقسیم کیے جائیں گے—فوٹو: اے ایف پی
پہلے مرحلے میں ایک کروڑ فیس ماسک تقسیم کیے جائیں گے—فوٹو: اے ایف پی

چین کی خودمختار وفاقی ریاست کا درجہ رکھنے والے ملک ہانگ کانگ کے ارب پتی شخص و سماجی رہنما ایڈرین چینگ نے لوگوں میں ایک کروڑ سے زائد فیس ماسک مفت بانٹنے کا اعلان کردیا۔

ایڈرین چینگ کا شمار ایشیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے، وہ سونے اور ہیروں کے کاروبار سمیت ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے بھی منسلک ہیں، ساتھ ہی وہ فلاحی کام بھی کرتے ہیں۔

ایڈرین چینگ کی کمپنی نیو ورلڈ ڈیولپمنٹ کے اثاثوں کی مالیت 20 ارب ڈالر یعنی پاکستانی 35 کھرب روپے تک ہے اور وہ ماضی میں بھی کئی فلاحی کام کرتے آئے ہیں۔

اگرچہ ہانگ کانگ میں چین کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں کورونا وائرس کے کیسز کم ہیں اور وہاں پر 9 اپریل تک مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ چکی تھی تاہم وہاں پر کورونا سے نمٹنے کے لیے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

ہانگ کانگ میں کورونا سے 9 اپریل کی صبح تک ہلاکتوں کی تعداد محض 4 تھی تاہم انتظامیہ نے لوگوں کو فیس ماسک پہننے کی ہدایات کر رکھی ہیں۔

یہ رپورٹ دیکھیں: لاک ڈاؤن کے دوران مزدور ماسک تیار کرکے فروخت کرنے لگے

ہانگ کانگ میں جہاں امیر افراد بستے ہیں، وہیں غریبوں کی بھی بہت بڑی تعداد اس شہر میں رہتی ہے جب کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد فیس ماسک کی عدم دستیابی سے بھی کئی لوگ پریشان ہیں، جس وجہ سے ارب پتی شخص نے شہر بھر میں فیس ماسک مفت فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایڈرین چینگ اپنی کمپنی نیو ورلڈ ڈیولپمنٹ کے تحت ہانگ کانگ کے 18 اضلاع میں وینڈنگ مشینوں کے ذریعے لوگوں میں فیس ماسک تقسیم کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق فیس ماسک کی تقسیم کے لیے بنائی گئی خصوصی وینڈنگ مشینز کوڈنگ کے بعد کسی بھی شخص کو فیس ماسک کا پورا پیکٹ فراہم کرے گی اور مذکورہ منصوبے کا آغاز اپریل کے آخری ہفتے میں شروع کردیا جائے گا۔

ارب پتی شخص کی جانب سے اعلان کردہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں لوگوں میں کم سے کم ایک کروڑ فیس ماسک تقسیم کیے جائیں گے جب کہ فیس ماسک کی تقسیم کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہنے کا امکان ہے جب تک کورونا وائرس کا خطرہ ختم نہیں ہوجاتا۔

مزید پڑھیں: عالمی وبا: مغربی ممالک ماسک نہ پہننے کی غلطی کر رہے ہیں

منصوبے کا اعلان کرنے والے ارب پتی شخص کے مطابق ہانگ کانگ کے لوگ وبا کے ان دنوں میں آمدنی نہ ہونے اور فیس ماسک کی عدم دستیابی پر پریشانی کا شکار ہیں، اس لیے وہ نہیں چاہتے کہ کوئی بھی شخص اس پریشانی میں زندگی گزارے کہ اس کے پاس فیس ماسک نہیں اور وہ کورونا کا شکار بن سکتا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ دنیا میں کسی بھی شخص کی جانب سے ذاتی طور پر اتنی بڑی تعداد میں عام لوگوں میں فیس ماسک تقسیم کیے جانے کا اعلان کیا گیا، اس سے قبل اب تک فلاحی اداروں اور حکومتوں کی جانب سے ایسے کام سر انجام دیے جا رہے تھے تاہم کسی بھی کمپنی یا حکومت کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں فیس ماسک تقسیم کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

چینی حکومت اور متعدد کمپنیوں کی جانب سے دنیا کے متعدد ممالک میں کروڑوں فیس ماسک تقسیم کیے گئے ہیں تاہم کسی بھی کمپنی نے کسی بھی ملک کو بیک وقت ایک کروڑ تک فیس ماسک فراہم نہیں کیے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024