• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: امریکی اداکار ایلن گارفیلڈ چل بسے

شائع April 8, 2020 اپ ڈیٹ April 9, 2020
امریکی اداکار ایلن گارفیلڈ، فوٹو: اے پی
امریکی اداکار ایلن گارفیلڈ، فوٹو: اے پی

امریکی فلم اور ٹیلی ویژن اداکار ایلن گارفیلڈ کورونا وائرس کے باعث 80 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق ایلن گارفیلڈ کی ساتھی اداکارہ رونی بلیکلی نے میڈیا کو بتایا کہ ایلن کا انتقال کورونا وائرس کے باعث ہوا۔

اداکارہ نے اپنے فیس بک پر بھی لکھا کہ ’ایلن کورونا وائرس کے باعث چل بسے، امید ہے ان کے خاندان والوں کو صبر آجائے، میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں‘۔

خیال رہے کہ ایلن گارفیلڈ 1968 کی فلم ’اورجی گرلز 69‘ کے ساتھ سینما کا حصہ بنے، وہ زیادہ تر فلموں میں منفی کردار نبھاتے نظر آتے تھے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: امریکی اداکار مارک بلم ہلاک

وہ اپنے کیریئر میں ’بناناز‘، ’اے اسٹیٹ آف تھنگز‘، ’ انٹل دی اینڈ آف دی ورلڈ‘، ’نیشول‘ اور ’دی اسٹنٹ مین‘ نامی پروجیکٹس میں کام کرچکے ہیں۔

وہ آخری مرتبہ 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چیف زابو‘ میں جلوہ گر ہوئے، تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ 1986 میں مکمل ہوچکی تھی۔

2004 میں اداکار کو فالج ہوا تھا، جس کے بعد سے ان کی طبیعت زیادہ اچھی نہیں رہی۔

خیال رہے کہ بدھ کو امریکا میں ایک ہی دن میں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ایک ہزار 800 سے زائد ریکارڈ کی گئیں۔

نیو یارک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہوگئیں جو 11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سے بھی زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی اداکار جیک اینڈریو کورونا وائرس سے ہلاک

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتوں سے ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

امریکا میں 3 لاکھ 98 ہزار سے زیادہ تصدیق شدہ کیسز سامنے آچکے ہیں جو دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہیں جبکہ عالمی سطح پر کیسز کی تعداد 14 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب نیو یارک اور یورپ کے دیگر حصوں میں بحران میں کمی کے آثار سامنے آرہے ہیں اور دوسری جانب وائرس کے مرکز چین کے شہر ووہان میں 76 روز بعد لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024