کورونا وائرس: لیڈی گاگا فنڈ جمع کرنے کے لیے ٹی وی پروگرام کریں گی
شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ لیڈی گاگا نے سماجی تنظیم گلوبل سٹیزن کے ساتھ مل کر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فنڈ جمع کرنے کی خاطر ٹی وی پروگرام کرنے کا اعلان کیا ہے۔
لیڈی گاگا پہلے ہی گلوبل سٹیزن نامی تنظیم کے ساتھ مل کر تقریباً ساڑھے 3 کروڑ امریکی ڈالر کی رقم جمع کر چکی ہیں۔
اب انہوں نے مزید فنڈز جمع کرنے کے لیے کئی گھنٹوں تک طویل میوزیکل انٹرٹینمینٹ ٹی وی پروگرام کرنے کا اعلان کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق لیڈی گاگا اور گلوبل سٹیزن مشترکہ طور پر ون ورلڈ: ٹوگیدر ایٹ ہوم نامی کئی گھنٹوں پر مبنی پروگرام کریں گی۔
رپورٹ کے مطابق گلوکارہ اور سماجی تنظیم کی جانب سے اعلان کردہ ٹی وی پروگرام کو رواں ماہ 18 اپریل کو متعدد امریکی ٹی وی چینلز سمیت سوشل میڈیا و ویب اسٹریمنگ چینلز پر بیک وقت نشر کیا جائے گا۔
مذکورہ پروگرام کو امریکی ٹی وی چینل اے بی سی، این بی سی، سی بی ایس، آئی ہارٹ میڈیا اور بیل میڈیا نیٹ ورک پر نشر کیا جائے گا۔
اسی پروگرام کو یوٹیوب، ایپل ٹی وی، انسٹاگرام و فیس بک پر بھی براہ راست دکھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس: بیک اسٹریٹ بوائز کا مداحوں کے لیے آن لائن کنسرٹ
لیڈی گاگا نے اسی پروگرام کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی وی پروگرام میں امریکی گلوکارہ بلی آئلش، لیزو، سر ایلٹن جان، ڈیوڈ بیکھم، جان لیجنڈ، ایڈی ویڈر، کیری واشنگٹن، کولڈ پلے کرس مارٹن، جے بالون، اینڈریا بکولی اور مالوما سمیت دیگر شوبز و میوزک سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔
لیڈی گاگا کے مطابق مذکورہ ٹی وی پروگرام میں حال ہی میں کورونا کا شکار ہونے والے اداکار ادریس ایلبا اور ان کی اہلیہ سبرینا ایلبا بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گی۔
بی بی سی کے مطابق مذکورہ پروگرام کے نشر ہونے سے حاصل ہونے والی تمام رقم اور لیڈی گاگا کی جانب سے پہلے ہی جمع کی گئی ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کی رقم عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو فراہم کی جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیڈی گاگا اور گلوبل سٹیزن کی جانب سے جمع کی گئی رقم سے طبی عملے کے لیے حفاظتی سامان خریدنے سمیت طبی آلات خریدے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: میڈونا اور مائلی سائرس نے شو منسوخ کردیے
گلوکارہ و سماجی تنظیم کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کو فراہم کی جانے والی رقم سے ادویات سمیت کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے والی دیگر ضروری چیزیں بھی خریدی جائیں گی، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ان کی جانب سے فراہم کی گئی رقم کب اور کہاں استعمال کی جائے گی۔
عالمی ادارہ صحت نے اب تک مختلف افراد یا تنظیموں کی جانب سے ملنے والی امداد کو جمع کرکے مشترکہ طور پر تمام ممالک میں تقسیم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور اس کام کے لیے ڈبلیو ایچ او کو اقوام متحدہ (یو این) کی معاونت بھی حاصل ہے۔
لیڈی گاگا کے علاوہ بھی کئی شوبز و میوزک شخصیات نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ متعدد افراد نے امدادی رقم جمع بھی کروا دی ہے۔