• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm

’شہری یہ بھول گئے کہ کورونا ان کے گھروں میں داخل ہوچکا‘

شائع April 8, 2020

وہ لاک ڈاؤن کی پہلی شام تھی، جب میں نے اسے دیکھا۔

سورج ڈوبتے ہی افق پر اداسی اتر آئی۔ شہر چپ چاپ سمٹ گیا۔ درجہ حرارت گرگیا تھا۔ سڑکوں پر آج شور کم تھا، اور بس اسٹاپ کی تاریکی میں ایک خوف دبے پاؤں چل رہا تھا۔

میں شہر کی مرکزی شاہراہ پر موجود سلیٹی رنگ کی عمارت کے پانچویں فلور پر موجود تھا۔ ملازمین اپنے اپنے کام نمٹا کر، کمپیوٹر اسکرین بند کرنے کے بعد، انگڑائیاں لیتے شہر کے بارے میں بات کر رہے تھے۔ کبھی کبھی کوئی قہقہہ سنائی دیتا، جس کے پس پردہ ڈر کی سراسرہٹ ہوتی۔

فلور کی سب عورتیں پہلے ہی جاچکی تھیں۔ صرف 10، 12 مرد تھے۔ ایک لڑکا کینٹین میں آج کی آخری چائے کپوں میں انڈیل رہا تھا۔ گورا چٹا، سنہری بال، نیلی آنکھیں۔ آنکھیں، جو بہت سی سرخی دیکھ چکی تھیں۔

تو وہاں صرف 10، 12 آدمی تھے۔ اس بات سے بے خبر کہ آج ان کی عورتیں وقت سے پہلے رسوئی میں چلی گئی ہیں اور ان کی مائیں قبل از وقت مصلے بچھائے بیٹھی ہیں، اور ان مردوں کے درمیان وہ بھی موجود تھا۔

چہرے پر استہزائیہ مسکراہٹ لیے، دوسروں پر طنزیہ نگاہ ڈالتے ہوئے، مسلسل سوچتے ہوئے کسی عفریت کی طرح چوکس اور چوکنا۔

میں اسے دیکھ سکتا تھا۔ محسوس کرسکتا تھا۔ اور وہ شخص جو میرے ساتھ تھا، وہ بھی اس کی موجودگی کا ادراک رکھتا تھا۔ اس کا نام سجاد تھا۔ وہ ایئرپورٹ کے نزدیک ایک کچے پکے علاقے میں اپنی بوڑھی ماں، بیوی اور بیٹی کے ساتھ ایک فلیٹ میں رہتا تھا۔

میں سجاد کے ساتھ اس کی موٹر سائیکل پر یہاں آیا تھا۔ لاک ڈاؤن کا اعلان ہوچکا تھا۔ تمام ملازمین مصروف تھے۔ کام جلدی نمٹانے کی خواہش نے ایک شور کو جنم دیا۔ سب تیزی سے آ جارہے تھے۔ مگر اس گہماگہمی کے باوجود لنچ پر، اسموکنگ ایریا میں کہیں میرا اس استہزائیہ مسکراہٹ، ان طنزیہ نگاہوں سے سامنا نہیں ہوا۔

یہ شام کی چائے تھی، آخری چائے، جس کی بازگشت میں، میں نے اسے پہلی بار دیکھا۔

وہ شخص ایک کرسی پر بیٹھا جھول رہا تھا۔ اچانک وہ اٹھا اور میری طرف بڑھنے لگا۔

اس کی مسکراہٹ قائم تھی اور ذہن حرکت میں تھا۔ وہ ضرور کوئی منصوبہ بنا رہا تھا، اور یہ میں اس کی آنکھوں میں دیکھ سکتا تھا۔

وہ اسی سمت آرہا تھا، جہاں میں موجود تھا۔ سجاد کچھ سمٹ گیا، اور وہ یوں ظاہر کرنے لگا، جیسے اس نے اسے دیکھا ہی نہ ہو۔

وہ ہماری سمت آتے آتے اچانک رک گیا۔ پُراسرار مسکراہٹ ہونٹوں پر چسپاں تھیں اور اس کے ذہن میں کچھ پک رہا تھا۔ پھر وہ بنا کوئی اشارہ کیے، مڑا اور کسی اور سمت چلا گیا۔ جانے کہاں، جانے کدھر۔

فلور کی روشنیاں دھیرے دھیرے بجھ رہی تھیں اور مجھے یوں لگ رہا تھا، جیسے میں اسے دوبارہ نہیں دیکھ سکوں گا۔

مگر میں غلط تھا۔


رات چھا گئی۔ سگنل پر اِکا دُکا گاڑیاں تھیں۔ سجاد کی موٹر سائیکل کے علاوہ چند موٹر سائیکلیں اور ایک سوزکی اور ایک بس۔

صرف بس ہی وہ جگہ تھی، جہاں اس رات انسانوں کی قربت کا منظر میسر تھا، ورنہ ہر سمت فاصلہ تھا، بے نام دُوری تھی۔ وبا نے سب کو ایک دوسرے سے لاتعلق کردیا تھا۔

سگنل کھلنے کو تھا۔ سجاد کی ایکسیلیٹر پر گرفت بڑھنے لگی۔ حاکمِ وقت کی بے نور آنکھیں ایک بل بورڈ سے ہمیں گھور رہی تھیں۔ بس کے ڈرائیور نے غیر ضروری طور پر ہارن بجایا، جس نے میری توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔ میں نے اس سمت دیکھا اوریہ کیا...

وہاں... بس کی ایک ٹوٹی ہوئی کھڑکی کے اُدھر میں نے اُسے دوبارہ پا لیا۔

ہاں، وہی۔ اسی استہزائیہ مسکراہٹ کے ساتھ، چوکس اور چوکنا، جیسے کوئی شکاری۔ وہ بس میں لوگوں کے درمیان کھڑا تھا۔ مطمئن اور مسرور۔ جیسے وہاں ہونا ہی اس کا اصل منصوبہ تھا۔ منصوبہ، جو پورا ہوچکا تھا۔

بس ایک جھٹکے سے آگے بڑھ گئی۔ سگنل کھل گیا تھا۔ حاکمِ وقت کی بے نور آنکھیں ہمیں جاتے ہوئے دیکھتی رہیں۔


موٹر سائیکل خالی سڑک پر دوڑ رہی تھی اور میرا ذہن اس میں اٹکا تھا۔ شاید اس کی استہزائیہ مسکراہٹ کہیں میری ہڈیوں میں اتر گئی تھی یا شاید رات کی تاریکی میں چمگادڑوں کے ساتھ اڑتی پھر رہی تھی۔

ہوا یکدم خنک ہوگئی۔ آسمان سے قطرے اترنے لگے۔ سجاد نے گہرا سانس لیا۔

’بارش‘، اس نے قہقہہ لگایا تھا۔ ’لاک ڈاؤن میں بارش۔‘

اس کی ہنسی قابلِ فہم تھی۔ یہ مضحکہ خیز ہی تو تھا۔ 2 کروڑ کی آبادی والے شہر میں آج قبرستان سی خاموشی تھی۔ برسات کو بھیگنے والے میسر نہیں تھے۔ بارش نہ تو آج کسی کو خوفزدہ کرسکتی تھی، نہ ہی مسرور۔ وہ بانجھ تھی۔

’بھلا آج ہے ہی کون‘، میں نے خود سے کہا۔ ’بس میں اور سجاد۔‘

اس خودکلامی کے ساتھ میرے ذہن میں اس شخص کا چہرہ کوندا۔

’کیا وہ بھی بھیگ رہا ہوگا؟‘، میں نے سوچا۔ ’اور کیا بھیگتے سمے بھی اس کی مسکراہٹ قائم ہوگی؟ کیا اب بھی اس کے ذہن میں کوئی منصوبہ پک رہا ہوگا؟‘

اسے دوبارہ دیکھنے کی خواہش میرے دل میں مچلنے لگی۔ شدت سے، پوری قوت سے، دیوار پر سر مارتی بھینس کی طرح، جس کا دودھ نہ دوہیا گیا ہو۔ میں نے سوچا، سجاد سے اس کے بارے میں پوچھوں، مگر پھر اپنا ارادہ بدل دیا۔

سجاد نے ہیلمٹ اتار دیا تھا۔ اس کے بال بھیگ گئے۔ شاید وہ کوئی گیت گنگنا رہا تھا۔ اس نے موٹرسائیکل کی رفتار دھیمی کرلی۔ ہمارے اردگرد ہزاروں مکان تھے، جن کے باسیوں نے وبا کے خوف سے اپنے دروازے بند کر رکھے تھے۔


فلیٹس کی چار دیواری میں داخل ہونے کے بعد مجھے اس زندگی کی ہلکی سے جھلک نظر آئی، جو وبا سے پہلے اس شہر میں چلتی پھرتی تھی۔ کچھ بچے، کچھ لوگ، تھوڑی چہل پہل۔

سجاد نے پارکنگ ایریا میں موٹرسائیکل کھڑی کردی۔ ہیلمٹ اس کے ہاتھ میں تھا اور وہ تیزی سے سیڑھیاں چڑھ رہا تھا۔ وہ خوش تھا اور تھکا ہوا تھا۔ شاید اس کے ذہن میں کوئی استہزائیہ مسکراہٹ نہیں تھی۔ شاید وہ اسے بھول چکا تھا۔ مگر میں؟

میں تو اب بھی اسی شخص کی بابت سوچ رہا تھا۔ میں اس سے ملنا چاہتا تھا۔ اس سے ہاتھ ملا کر، قریب جاکر اس کے ذہن میں جھانکنا چاہتا تھا اور مجھے خدشہ تھا کہ شاید اب ایسا نہ ہوپائے۔ شاید لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس سلیٹی عمارت کے پانچویں فلور پر موجود دفتر اب بند کردیا جائے۔

سجاد نے اپنے فلیٹ کی گھنٹی بجائی۔

میں دروازے کی سمت آتے قدموں کی آواز سن سکتا تھا۔ یہ ضرور اس کی بیٹی تھی۔

کوئی کنڈی کھول رہا تھا...


سجاد نے اندر داخل ہوتے ہی اپنی بیٹی کو گود میں اٹھا کر اس کے گال پر بوسہ دیا۔

اس کی بیوی نے منہ بنایا۔ ’ہاتھ تو دھو لیں۔ دیکھ نہیں رہے، کیا بتا رہے ہیں ٹی وی پر۔ اور آپ بھیگ کیسے گئے؟‘

’بارش ہورہی تھی‘، سجاد ہنسا۔ ’تم لوگوں کو پتا نہیں چلا؟‘

’نہیں‘، بیوی نے منہ بسوریا۔ ’خبریں دیکھ رہی تھی۔ جہاں دیکھیں، بس ایک ہی خبر۔‘

راہداری میں ایک سایہ سا ابھرا۔ کوئی چھڑی ٹیکتے ہوئے ان دونوں کے نزدیک آیا۔

’السلام علیکم امّی۔ کیا نماز پڑھ رہی تھی؟‘، سجاد نے اپنی ماں سے پوچھا۔

بوڑھی عورت کچھ دیر خاموش رہی۔ وہ کسی الجھن کا شکار تھی۔ ’ہاں بیٹا۔ وہ کیا کوئی آیا ہے تیرے ساتھ؟‘

’میرے ساتھ‘، سجاد دھیرے سے کھانسا۔ ’نہیں، میرے ساتھ کون آسکتا۔‘

عورت ہنوز الجھی ہوئی تھی۔ ’اچھا، مجھے لگا، کوئی آیا ہے۔‘

سجاد پھر کھانسا۔ ’امّی آپ کو وہم ہوا ہوگا۔ فائزہ، کھانا لگا دو۔ بلکہ پہلے تولیہ دو، ہاتھ منہ دھو لوں۔‘

بیوی سر ہلاتے ہوئے چلی گئی۔ بچی کوئی کھلونا ڈھونڈ رہی ہے۔ سجاد بھی جیب سے موبائل نکال کر اس میں گم ہوجاتا ہے۔

سب مصروف ہوگئے۔ مگر بوڑھی عورت کے ذہن میں ایک پھانس چبھ چکی ہے۔ اسے احساس ہے کہ کوئی اس کے بیٹے کے ساتھ گھر میں داخل ہوا ہے۔ کوئی ایسا، جو دکھائی نہیں دیتا۔ ایک دشمن۔

فائزہ تولیہ لے آئی۔ مُنّی اپنی ریموٹ کنٹرول کار کچن میں دوڑا رہی تھی۔ اچانک سجاد نے جھنجھلا کر موبائل پرے پھینک دیا۔

’لعنت ہے‘، وہ دوبارہ کھانسا۔ بوڑھی عورت چونکی۔

’کیا ہوا؟‘، فائزہ گھبرا گئی، جیسے نیم متوسط طبقے کی عورتیں گھبرا جاتی ہیں۔

’کل آفس جانا ہے، سیلری کے چیک بنیں گے۔ سب کو بلوایا ہے۔ شٹ!‘

فلیٹ میں خاموشی اتر آئی۔ سجاد پریشان تھا، فائزہ اداس، اور بوڑھی عورت؟

وہ چپ تھی۔ بالکل چپ، اور مسلسل راہداری کے اس تاریک گوشے کی سمت میں دیکھ رہی ہے جہاں میں موجود تھا۔

اور میں؟

میں اس شخص کے بارے میں سوچ رہا تھا، جو سجاد کے دفتر میں کام کرتا تھا۔ 50 سالہ ذیابیطس کا مریض، جس کے ہونٹوں پر ہمیشہ استہزائیہ مسکراہٹ ناچتی رہتی۔

مجھے یقین ہے کہ وہ ایک آسان شکار ثابت ہوگا۔ میں سہولت سے اس میں اتر جاؤں گا اور اس کی مسکراہٹ نگل لوں گا۔

وہ لاک ڈاؤن کی پہلی رات تھی۔ شہری بستروں میں جاچکے تھے۔

اس بات سے بے خبر کہ وبا ان کے گھروں میں داخل ہوچکی ہے۔

اقبال خورشید

اقبال خورشید کالم نویس، انٹرویو کار، فکشن نگار اور بلاگر ہیں۔ وہ ’ون منٹ اسٹوری‘ کے عنوان سے صحافتی کہانیاں لکھتے ہیں، ایک ادبی جریدے’ اجرا‘ کے مدیر ہیں۔ سیاست، سماج، ادب اور شہر کراچی اُن کے موضوعات ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Areeb Apr 08, 2020 02:35pm
واہ بہت خوب، مصنف نے آخر تک سسپینس اور دلچسپی دونوں برقرار رکھی۔

کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025