• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کورونا وائرس: کور کمانڈرز کانفرنس کا ڈاکٹر،طبی عملے،سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین

شائع April 7, 2020
کانفرنس میں کورونا وائرس کے خلاف سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے فوجیوں کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا — فائل فوٹو / آئی ایس پی آر
کانفرنس میں کورونا وائرس کے خلاف سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے فوجیوں کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا — فائل فوٹو / آئی ایس پی آر

کور کمانڈرز کانفرنس میں کورونا وائرس کے خلاف اول دستے کا کردار ادا کرنے پر ڈاکٹروں، نرسوں، ہیلتھ کیئر ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف کی زیر صدارت 231ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں تمام کور کمانڈرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

کانفرنس میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں جیو اسٹرٹیجک، علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے فوجیوں کی تعیناتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں فوجی دستوں کی تعیناتی مکمل ہوگئی، آئی ایس پی آر

شرکا کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے قیام کے ذریعے قومی کاوشوں کو ہم آہنگ کرنے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

آرمی چیف نے اب تک میدان عمل میں فوجیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تمام کمانڈروں کو ہد ایت کی کہ وہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمی، اندرون سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں مشکلات کے شکار افراد کی مدد کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔

فورم نے مشکل کی اس گھڑی میں بہادری سے اول دستے کا کردار ادا کرنے پر ڈاکٹروں، نرسوں، ہیلتھ کیئر ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

شرکا نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو مظالم سہتے ہوئے اس وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں اور اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: آرمی چیف کا پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کا حکم

چیلنج سے مضبوط ہو کر ابھریں گے، آرمی چیف

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس آفت کا مقابلہ کرنے میں ہر پاکستان کی اہمیت ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان متحرک نوجوانوں اور دلیر قوم کے باعث کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فتح یاب ہوگا اور ہم بطور قوم اس چیلنج سے مضبوط ہو کر ابھریں گے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر اور ہزاروں کی زندگیاں لینے والا مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے اب تک ملک میں 4 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 56 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یکم اپریل سے ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں بہت زیادہ تیزی دیکھی گئی ہے اور کیسز میں مارچ کے مقابلے میں دوگنا تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے جہاں وفاقی و صوبائی حکومتیں ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہیں وہیں پاک فوج بھی سول انتظامیہ کی اس میں بھرپور معاونت کر رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024