• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اشیائے ضروریہ کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیراعظم

شائع April 4, 2020
وزیراعظم نے نو تشکیل شدہ نیشنل کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹڑ (این سی او سی) کا دورہ کیا—تصویر: پی آئی ڈی
وزیراعظم نے نو تشکیل شدہ نیشنل کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹڑ (این سی او سی) کا دورہ کیا—تصویر: پی آئی ڈی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کووڈ 19 کے باعث ملک میں عوام کی آمدو رفت پر عائد پابندیوں کے دوران اشیائے ضروریہ کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نو تشکیل شدہ نیشنل کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹڑ (این سی او سی) کے اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ملک بھر میں ضروری غذائی اشیا کی دستیابی اور فراہمی برقرار رکھنے کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے‘۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے گزشتہ ماہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے اشیائے ضرورت اور خورونوش کی کمی کے امکان سے خبردار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے تعمیراتی شعبے کیلئے پیکج کا اعلان کردیا

تاہم اب تک کسی چیز کی قلت کی کوئی اطلاع نہیں کیوں کہ حکومت نے پابندی کے دوران اشیائے ضرورت کے تمام کاروبار کھلے رکھنے اور مال بردار گاڑیوں کی آمدو رفت جاری رکھنے کی اجازت دی ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود خدشہ ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں یا ہفتوں میں کسی چیز کی کمی ہوسکتی ہے۔

اسی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم ذخیرہ اندوزوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’ذخیرہ اندوزوں اور اسمگلروں کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا‘۔

اس کے علاوہ انہوں نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے ملک بھر میں کووِڈ 19 کو روکنے کے لیے فیصلوں کے موثر اطلاق پر بھی زور دیا۔

مزید برآں وزیراعظم نے این سی او سی پر ہیلتھ منیجمنٹ، مالی اثرات، سماجی و خوراک کے تحفظ، اسٹرٹیجک رابطوں اور آگاہی کے علاوہ کووِڈ 19 کی تبدیل ہوتی صورتحال کے ساتھ ٹھوس اور بھرپور رد عمل کے لیے زور دیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: متحد ہوکر چھپے دشمن کو شکست دیں گے، فردوس عاشق اعوان

کووِڈ 19 پر حکومت کے فوکل پرسن اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور این سی او سی کے ڈائریکٹر جنرل آپریشن اینڈ پلاننگ میجر جنرل آصف محمود گورایا نے وزیراعظم کو وبا کی صورتحال، روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک خسرو بختیار، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024