جاپانی کامیڈین کین شمورا کورونا وائرس کے باعث ہلاک
جاپان سے تعلق رکھنے والے نامور کامیڈین کین شمورا میں چند روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے تاہم اب ان کا انتقال ہوگیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق وہ جاپان سے تعلق رکھنے والی پہلی مشہور شخصیت ہیں جو اس مرض میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوئے۔
اتوار 29 فروری کو ان کے انتقال کے بعد ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنے دکھ کا اظہار بھی کیا۔
70 سالہ کین شمورا نے کامیڈی میں اپنے کیریئر کا آغاز 1970 سے کیا، رپورٹس کے مطابق وہ پھیپھڑوں کے کینسر کا شکار بھی تھے جس کی سرجری انہوں نے 2016 میں کروائی۔
مزید پڑھیں: 2018 کی نیٹ فلکس سیریز میں بھی کورونا وائرس کی پیش گوئی
رواں سال 19 مارچ کو کین شمورا کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا جبکہ بخار کی کیفیت بھی محسوس ہوئی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
1970 سے 1980 کے دوران وہ ٹی وی پر چھائے رہے جبکہ ان کی کامیڈی کا انداز بے مثال سمجھا جاتا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ ’بہت دکھ ہوا، ایسا کہنا تو نہیں چاہیے لیکن امید ہے کہ اس ہلاکت کے بعد جاپان کے وہ لوگ سنجیدہ ہوجائیں جو اب تک اس وائرس کو مذاق سمجھ رہے ہیں‘۔
جاپان کی حکومت کے ترجمان اور کابینہ کے چیف سیکریٹری یوشی ہائیدی سوگا نے بھی ایک نیوز کانفرنس کے دوران کامیڈین کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں کین شمورا کی روح کے سکون کے لیے دعا کرتا ہوں، لیکن جو بات سب سے اہم ہے وہ یہ کے کس طرح اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جائے، ہم اس وقت بہت ہی سنگین مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں‘۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 29 مارچ تک جاپان میں کورونا وائرس کے 1693 کیسز کی تصدیق ہوئی۔
جبکہ اس وائرس سے جاپان میں 55 سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے 30 مارچ کی صبح تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر 7 لاکھ 222 ہزار سے زائد ہوچکی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا سے ہلاکتیں 34 ہزار کے قریب پہنچ گئیں، متاثرین 7 لاکھ سے متجاوز
جہاں دنیا بھر میں تیزی سے کورونا کے مریض سامنے آ رہے ہیں، وہیں ہلاکتیں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور مرنے والے افرد کی تعداد 34 ہزار کے قریب پہنچ چکی تھی۔
خیال رہے کہ دنیا کی 40 فیصد سے زائد آبادی کو کورونا وائرس کی وجہ سے گھروں تک محدود کردیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کے براہ راست اعداد و شمار دینے والے آن لائن میپ کے مطابق 30 مارچ کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 33 ہزار 997 ہوچکی تھیں، جن میں سے صرف 2 ممالک اٹلی اور اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے 17 ہزار سے زائد تھی۔