• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
شائع June 2, 2020

شبقدر: 180 سال سے قید دروازے اور تاریخ کے انمٹ نقوش

عظمت اکبر

قفس کی تنہائی اور تاریکی قیدی کے دل و دماغ پر ایسا اثر چھوڑتی ہے کہ اسے آزادی کا تصور ہی اجنبی لگنا شروع ہوجاتا ہے۔

کیا رات کیا دن، سب ساعتیں یکساں محسوس ہوتی ہیں۔ خاص طور پر اس قیدی کے لیے جسے اپنا جرم تک معلوم نہ ہو۔ میرا قصور کیا تھا؟ اس سوال کے جواب کو ڈھونڈتے ڈھونڈتے سوچ تک مفلوج ہوکر رہ جاتی ہے۔

یقیناً قید وبند ایک اذیت ناک تجربہ ہے اور اس کا احساس صرف ان انسانوں یا جانوروں کو ہوتا ہے جو اس اذیت سے گزرے ہوں۔ مگر گزشتہ ہفتے میں ایک ایسے قیدی سے مل کر آیا ہوں جو نہ تو انسان ہیں اور نہ جانور بلکہ قلعہ شبقدر کے 2 ایسے دروازے ہیں جو ناکردہ جرم کے عوض انسانی ساختہ قانون کے تحت 180 سال سے پابندِ سلاسل رہے۔ یوں لگتا ہے اپنی قید کی مدت پوری ہونے کے بعد یہ تاریخ کے اوراق کی قید میں چلے گئے کہ شاید ان دروازوں کے مقدر میں فقط قید ہی لکھی ہے۔

قلعہ شبقدر کے 2 ایسے دروازے جو 180 سال سے پابند سلاسل ہیں—عظمت اکبر
قلعہ شبقدر کے 2 ایسے دروازے جو 180 سال سے پابند سلاسل ہیں—عظمت اکبر

راجہ رنجیت سنگھ کی حکمرانی کا دور تھا اور شبقدر (جسے پرانے وقتوں میں شنکر گڑھ پکارا جاتا تھا) میں سکھوں کی فوج کے خلاف مہمند قبائل کے زبردست حملے جاری تھے۔ اس دور میں راجہ رنجیت سنگھ نے اپنے بیٹے شیر سنگھ کو شبقدر کے کسی محفوظ مقام پر قلعہ تعمیر کرنے کا حکم دیا تاکہ مہمند قبائل کے حملوں کی روک تھام کا بندوبست کیا جاسکے۔

تحصیل شبقدر —عظمت اکبر
تحصیل شبقدر —عظمت اکبر

شیر سنگھ نے اس زمانے کے ایک ماہرِ تعمیرات ’توتا رام‘ سے رابطہ کیا اور ڈیزائن فائنل کرنے کے بعد 1835ء میں شنکر گڑھ (شبقدر) میں نسبتاً بلند ٹیلے پر اس قلعے کی تعمیر کا آغاز کیا۔

قلعے کے عین وسط میں موجود واچ ٹاور—عظمت اکبر
قلعے کے عین وسط میں موجود واچ ٹاور—عظمت اکبر

واچ ٹاور—عظمت اکبر
واچ ٹاور—عظمت اکبر

اس قلعے کے ذریعے شہر کے اردگرد دیگر قلعوں میں موجود سکھ فوجوں کے ساتھ پیغام رسانی اور مہمند قبائل کی نقل وحرکت پر نظر رکھی جانی تھی۔ قلعے کی تعمیر کا کام 2 برسوں کے قلیل عرصے میں مکمل کیا گیا اور 1837ء میں یہاں پر شیر سنگھ کی قیادت میں سکھ افواج نے مہمند قبائل کی سرکوبی کے لیے باقاعدگی سے کام شروع کیا۔ قلعے کی تعمیر سے قبل شنکر گڑھ کو شریف کور پکارا جاتا تھا تاہم تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعد سکھ اس قلعے کے آس پاس آباد ہوگئے، یہاں پر اپنا کاروبار شروع کردیا اور علاقے کا نام شنکر گڑھ رکھ دیا گیا۔

اس قلعے کو بلندی پر تعمیر کرنے کا مقصد یہ تھا کہ اس کے ذریعے دُور دُور تک نگرانی رکھی جاسکے تاکہ دشمن کے ممکنہ حملوں کے خلاف بہتر انداز میں صف بندی کرلی جائے جبکہ اس کے واچ ٹاور کے ذریعے پشاور اور ملحقہ علاقوں کے ساتھ رابطہ بھی کیا جاتا تھا۔

3 برسوں کے مختصر عرصے میں مہمند قبائل نے اس قلعے پر کئی بار حملے کیے لیکن انہیں خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی۔

قلعے کی تعمیر کا کام 2 برسوں کے قلیل عرصے میں مکمل کیا گیا—عظمت اکبر
قلعے کی تعمیر کا کام 2 برسوں کے قلیل عرصے میں مکمل کیا گیا—عظمت اکبر

1840ء کے موسمِ سرما میں مہمند قبائل کا لشکر ’سعادت خان‘ کی قیادت میں قلعہ شنکر گڑھ (شبقدر) پر حملہ آور ہوا۔ پہلے پہل تو سکھ افواج نے جم کر مقابلہ کیا لیکن حملہ آور لشکر کے کچھ سپاہی قلعے کے مرکزی دروازے توڑ نے میں کامیاب ہوگئے اور قلعے میں موجود سکھ سپاہیوں کو قتل کرنا شروع کردیا۔ راجہ شیر سنگھ نے پشاور اور مچنئی قلعوں میں فوجیوں سے مدد کے لیے پیغام بھیجا، جس کے نتیجے میں مہمند قبائل کا لشکر واپس لوٹنے پر مجبور ہوگیا۔

شیر سنگھ نے جہاں اپنی رہی سہی فوج کو اکٹھا کرنا شروع کیا وہیں مہمند قبائل کی طرف سے قلعے کے دروازے توڑنے کے اقدام پر غور و فکر کرنے کے بعد اس وقت کے ایک ’فرانسیسی جنرل جین ویٹوریا‘ کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔ عدالت نے 2 دن کے اندر اندر قلعے کا ڈیزائن بنانے والے ماہرِ تعمیرات ’توتا رام‘ کو قصوروار قرار دے کر اس کے ہاتھ کاٹنے اور قلعے کے دروازوں کو 100 سال کی قید کا فیصلہ سنایا۔ اس فیصلے کے تحت جہاں ’توتا رام‘ کے ہاتھ کاٹ دیے گئے وہیں قلعے کے مرکزی دروازوں کو ایک طویل قید کے لیے واچ ٹاور کے ساتھ آہنی زنجیروں سے باندھ دیا گیا۔

شیر سنگھ نے فرانسیسی جنرل جین ویٹوریا کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا— عظمت اکبر
شیر سنگھ نے فرانسیسی جنرل جین ویٹوریا کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا— عظمت اکبر

شبقدر کے تاریخی شہر میں بچپن سے لڑکپن تک زندگی کے بہترین سال گزارے ہیں اور اس قلعے کو کئی بار دیکھ بھی چکا ہوں، لیکن گزشتہ ہفتے مجھے چند مقامی صحافی دوستوں کے ساتھ ایک بار پھر شبقدر کے تاریخی شہر کی سیر اور اس قلعے میں 180 سال سے قید دروازوں کی فریاد سننے کا موقع ملا۔ یہاں مجھے میرے آباؤ اجداد کی جدوجہدِ آزادی اور اس مقصد کے لیے دی جانے والی ان گنت قربانیوں کی داستانوں کو ایک بار پھر سننے کا موقع میسر آیا۔

مغل شہنشاہ اورنگزیب عالمگیر کی وفات کے بعد یہ علاقہ سکھوں کے قبضے میں چلا گیا تھا اور 1850ء تک انہی کے زیرِ قبضہ رہا۔ آگے چل کر یہ علاقہ ایسٹ انڈیا کمپنی کے زیر تسلط آگیا۔ مہمند قبائل جہاں سکھوں کے خلاف لڑتے رہے وہیں ملانجم الدین المعروف ہڈا ملا کی قیادت میں انگریزوں کے خلاف بھی برسرِ پیکار رہے۔

1876ء میں اس علاقے میں مسلمانوں کے مذہبی رجحان، شبِ قدر کی رات کو بھرپور طریقے سے منانے اور انگریزوں کے خلاف مقامی مسلمان قبائل کی شورش کو کم کرنے کے لیے اس علاقے کا نام بدل کر ’شبقدر‘ رکھ دیا گیا۔

قلعے میں موجود 2 ہٹس (کمرے) برطانیہ کے سابق وزیرِاعظم، قلم نگار اور برٹش آرمی آفیسر ونسٹن چرچل کے یہاں پر قیام کی یاد تازہ کر رہے تھے۔

چرچل کا رہائشی کمرہ—عظمت اکبر
چرچل کا رہائشی کمرہ—عظمت اکبر

چرچل ہٹ—عظمت اکبر
چرچل ہٹ—عظمت اکبر

1897ء میں چکدرہ کے مقام پر شورش کے خاتمے کے بعد چرچل کچھ عرصے کے لیے شبقدر قلعے میں رُکے تھے تاکہ یہاں پر عرصہ دراز سے جاری مہمند قبائل کے حملوں پر ضابطہ لایا جاسکے۔ جس کمرے میں چرچل نے قیام کیا تھا وہ آج بھی چرچل ہٹ کے نام سے موجود ہے اور چرچل کے زیرِ استعمال پلنگ، پنکھا، تصاویر اور دیگر چیزیں اسی کمرے کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

چرچل کے زیر استعمال پلنگ، پنکھا و دیگر چیزیں—عظمت اکبر
چرچل کے زیر استعمال پلنگ، پنکھا و دیگر چیزیں—عظمت اکبر

جبکہ دوسرے کمرے میں میوزیم بنایا گیا ہے، جس میں انگریز فوج کا اسلحہ، وردی، اور دیگر نوادرات و تصاویر رکھی گئی ہیں۔

میوزیم میں موجود انگریز فوج کے زیرِ استعمال رہنے والا اسلحہ — عظمت اکبر
میوزیم میں موجود انگریز فوج کے زیرِ استعمال رہنے والا اسلحہ — عظمت اکبر

میوزیم میں پرانے وقتوں کے برتن اور تصاویر—عظمت اکبر
میوزیم میں پرانے وقتوں کے برتن اور تصاویر—عظمت اکبر

قلعے کے احاطے سے باہر ایف سی ٹریننگ سینٹر کی حدود میں موجود انگریز سپاہیوں کی قبریں 1915ء کی اس لڑائی کی یاد تازہ کر رہی تھیں جو حاجی صاحب ترنگزئی بابا کی قیادت میں مقامی مسلمان لشکر اور انگریز لشکر کے دمیان لڑی گئی تھی۔

انگریز سپاہیوں کی قبریں جو مقامی مسلمان سپاہیوں کے ہاتھوں 1915ء میں مارے گئے تھے— عظمت اکبر
انگریز سپاہیوں کی قبریں جو مقامی مسلمان سپاہیوں کے ہاتھوں 1915ء میں مارے گئے تھے— عظمت اکبر

1913ء میں سمانہ رائفلز اور بارڈر ملٹری پولیس کو ملا کر فرنٹیئر کور (ایف سی) فورس کو وجود میں لایا گیا جبکہ 1944ء میں اس قلعے کو باقاعدہ ایف سی ٹریننگ سینٹر کا اعزاز حاصل ہوا، جس کے بعد سے ہر سال یہاں ہزاروں کی تعداد میں جوان تربیت حاصل کرتے ہیں اور ملکی سلامتی و دفاع میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

سال 1913ء میں سمانہ رائفلز اور بارڈر ملٹری پولیس کو ملا کر ایف سی فورس کو وجود میں لایا گیا— عظمت اکبر
سال 1913ء میں سمانہ رائفلز اور بارڈر ملٹری پولیس کو ملا کر ایف سی فورس کو وجود میں لایا گیا— عظمت اکبر

تقریباً 4 لاکھ نفوس اور 45 لاکھ سے زائد اﯾﮑﮍ رقبے پر مشتمل ضلع چارسدہ کی خوبصورت تحصیل شبقدر دریائے سوات اور کابل کے درمیان آباد ہے۔ ﯾﮧ ﺷﻤﺎﻝ ﻣﻐﺮﺑﯽ ﺳﻤﺖ ﻣﯿﮟ ﭘﺸﺎﻭﺭ ﺳﮯ 35 ﮐﻠﻮﻣﯿﭩﺮ ﮐﮯ ﻓﺎﺻﻠﮯ ﭘﺮ ﻭﺍﻗﻊ ﮨﮯ۔ اپنے اسٹریٹجک محل وقوع کی وجہ سے یہ علاقہ صوبہ خیبر پختونخوا میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔

یہ علاقہ صوبہ خیبر پختونخوا میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے—عظمت اکبر
یہ علاقہ صوبہ خیبر پختونخوا میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے—عظمت اکبر

اس کے مشرق میں دوآبہ اور چارسدہ کے ہرے بھرے علاقے، شمال میں دریائے سوات، جنوب میں دریائے کابل، مغرب میں ضلع مہمند، باجوڑ کے قبائلی علاقے اور افغانستان کا سرحدی علاقہ واقعی ہے جس کی وجہ سے یہ ایک اہم تجارتی مرکز بھی بن جاتا ہے۔

مہمند ایجنسی، باجوڑ اور افغانستاں کے قریب ہو نے کی وجہ سے شبقدر اہم تجارتی مرکز کی حیثیت بھی رکھتا ہے— عظمت اکبر
مہمند ایجنسی، باجوڑ اور افغانستاں کے قریب ہو نے کی وجہ سے شبقدر اہم تجارتی مرکز کی حیثیت بھی رکھتا ہے— عظمت اکبر

تاریخ سے شغف رکھنے والے سیاحوں کے لیے شبقدر انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے۔ یہاں پر نہ صرف شیر سنگھ کا تعمیر کردہ قلعہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے بلکہ اس قلعے کے اردگرد شبقدر کا تاریخی بازار، پٹوارخانہ، مٹہ مغل خیل فورٹ اور اس میں انگریزوں کا قبرستان، میچنئی فورٹ، مہمند ڈیم، دریائے سوات پر قائم کردہ منڈہ پل، یوسف بابا اور ابازئی کے مقام پر تاریخی قلعہ بھی دیدنی نظاروں سے مالامال مقامات ہیں۔

شبقدر کے لوگ بہت ہی ملنسار اور مہمان نواز ہیں۔ یہ محنت اور ہنرمندی میں بھی لاجواب ہیں۔ یہاں تیار ہونے والی چادریں (شال) اس کے علاوہ سوتی اور کھدر کا کپڑا، چارسدہ کے مشہور چپل اور گڑ و دیگر چیزیں نہ صرف اندرونِ ملک بلکہ بیرونِ ملک بھی سپلائی کی جاتی ہیں۔

دریائے سوات پر موجود منڈہ ہیڈ بیراج اور مہمند ڈیم کا علاقہ—عظمت اکبر
دریائے سوات پر موجود منڈہ ہیڈ بیراج اور مہمند ڈیم کا علاقہ—عظمت اکبر

شبقدر بازار گھومنے کے بعد ہم شبقدر سے 10 کلومیٹر دُور واقع تاریخی قصبہ مٹہ مغل خیل گئے جہاں سے پھر تقریباً 5 کلومیٹر کا مزید سفر کرنے کے بعد شکار گاہ کے طور پر خاص شہرت رکھنے والے علاقے ’میاں پٹے‘ پہنچے۔

ماضی میں یہ علاقہ مہمند قبائل اور انگریزوں کے درمیان مختلف جنگوں کا میدان بنا رہا۔ موسم سرما میں نایاب پرندوں کی بڑی تعداد یہاں کے پہاڑوں کو اپنا مسکن بنا لیتی ہے جس کی وجہ سے مقامی شکاری اس علاقے کا رُخ کرتے رہتے ہیں۔ میاں پٹے ضلع مہمند کی سب سے خوبصورت تحصیل پنڈیالی کا نکتہ آغاز بھی ہے۔ یہاں کے پہاڑی راستے اور پُرسکون ماحول ٹریکنگ کے شوقین افراد و سیاحوں کی طمانیت کا سامان ثابت ہوسکتے ہیں لہٰذا جب وہ شبقدر آئیں تو یہاں کا رخ کرنا نہ بھولیں۔

میاں پٹے کے علاقے میں مقامی دوستوں کے ساتھ وہاں کی خوبصورتی اور تاریخ سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد ہم نے واپسی کی راہ لی۔

میاں پٹے کا علاقہ مہمند قبائل اور انگریزوں کے درمیان لڑی جانے والی جنگوں کا میدان بنا رہا—عظمت اکبر
میاں پٹے کا علاقہ مہمند قبائل اور انگریزوں کے درمیان لڑی جانے والی جنگوں کا میدان بنا رہا—عظمت اکبر

شبقدر کی سیر کے خواہاں سیاحوں کے لیے چند ہدایات

  • یہاں ہوٹلوں کی سہولت موجود نہیں ہے اس لیے یا تو کسی مقامی فرد کے گھر میں ٹھہرنے کا انتظام کیا جائے یا پشاور میں رات بسری کے بندوبست کے ساتھ ایک دن میں شبقدر کے سارے مقامات وزٹ کرلیے جائیں۔
  • شبقدر کا تاریخی قلعہ دیکھنا ہے تو اس کے لیے آپ کو ایف سی کے کمانڈنٹ افسر سے اجازت نامہ درکار ہوگا۔
  • اس علاقے میں مہمند، گیگیانی اور سید قبائل آباد ہیں اس لیے مقامی روایات کا خاص خیال رکھیں۔
  • شبقدر کی سیر و سیاحت کے دوران اپنے ساتھ مقامی گائیڈ ضرور رکھیں۔
  • یہاں موبائل رابطوں کے تمام نیٹ ورک کام کرتے ہیں اس لیے 4G انٹرینٹ کے ذریعے آپ دنیا بھر میں اپنے پیاروں سے رابطے بھی رہ سکتے ہیں۔

عظمت اکبر سماجی کارکن اور ٹریپ ٹریولز پاکستان کے سی ای او ہیں۔ آپ کو سیاحت کا صرف شوق ہی نہیں بلکہ اس کے فروغ کے لیے پُرعزم بھی ہیں۔

عظمت اکبر

عظمت اکبر سماجی کارکن ہیں۔ آپ کوسیاحت کا صرف شوق ہی نہیں بلکہ اس کے فروغ کے لیے پُرعزم بھی ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (6) بند ہیں

sadaqat malik Jun 02, 2020 11:32pm
very informative
Khalid H. Khan Jun 03, 2020 01:07am
Thanks for visiting & writing about our local area shabqadar. It is really very interesting & historic area but neglected by each & every authority. I hope due to your efforts rest of the people will start visiting shabqadar and in future it will be a hub of tourism. Thanks again to writer azmat akbar & keep it up. Dera manana.
sardar khan Jun 03, 2020 02:44am
excellent piece of history with well educated article of information. Been to Shabqadar but remain in city area. Hopefully will visit the Fort (qila).
Afaq Ahmed Siddiqui Jun 03, 2020 09:33am
After reading and watching the old pictures, i myself feel that i am now at these places and feeling the old era.
DOULAT RAM Jun 03, 2020 10:13am
Since gates have completed their sentence. I believe, they should be unchained now.
YASIR KHAN Jun 03, 2020 12:35pm
Thank you Sir for visiting & writing about shabqadar (my home town).