• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

کورونا وائرس اور گرم موسم کےاثرات پر نئے سائنسی نتائج سامنے آگئے

شائع March 25, 2020 اپ ڈیٹ March 26, 2020
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

گزشتہ ہفتے چین میں ایک تحقیق میں درجہ حرارت میں اضافے اور نئے نوول کورونا وائرس کے پھیلنے کی رفتار میں کمی کے بارے میں جائزہ لیا گیا تھا۔

اس تحقیق میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ گرم اور مرطوب موسم اس نئے وائرس کی لوگوں کو بیمار کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرسکتا ہے۔

اب یورپ اور امریکا میں بھی گرم موسم اور وائرس کے پھیلنے کی رفتار کے درمیان تعلق کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قدرتی وبا کی رفتار میں کمی لانے میں مدد دے سکتا ہے۔

امریکا کے میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی ابتدائی تحقیق میں بتایا گیا کہ گرم علاقوں میں رہنے والی برادریوں میں بظاہر اس کورونا وائرس کے پھیلنے کی رفتار دیگر مقامات کے مقابلے میں نسبتاً سست ہے۔

محققین نے دریافت کیا کہ کورونا وائرس کے زیادہ پھیلاؤ والے علاقے وہ ہیں، جہاں درجہ حرارت کم تھا یعنی 3 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ۔

اگرچہ وہ ممالک جہاں اس وقت موسم گرما چل رہا ہے، وہاں بھی کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، مگر 18 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد والے مقامات میں ان کی تعداد عالمی کیسز کے 6 فیصد سے بھی کم ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ان دنوں گرمیوں کا آغاز ہو رہا ہے، اور عموماً درجہ حرارت 25 اور 30 سینٹی گریڈ کے درمیان ہوتا ہے جب کہ آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ جائے گی جو اس حوالے سے خوش آئند بھی ہے۔

اور اس وقت تمام صوبوں میں ہی اس کے کیسز سامنے آرہے ہیں، اگرچہ زیادہ تعداد زائرین کی ہیں مگر مقامی طور پر بھی وائرس کی منتقلی سے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جیسے کراچی میں ہی ایسے کیسز کی تعداد 102 ہے۔

تحقیق میں شامل پروفیسر قاسم بخاری نے بتایا کہ جہاں درجہ حرارت کم ہوتا ہے وہاں کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے، آپ یہ رجحان یورپ میں دیکھ سکتے ہیں، حالانکہ وہاں کا طبی نظام دنیا میں بہترین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت کے عنصر کا عندیہ امریکا میں بھی ملتا ہے جہاں جنوبی ریاستیں جیسے ایریزونا، فلوریڈا اور ٹیکساس میں واشنگٹن، نیویارک اور کولوراڈو کے مقابلے میں وائرس پھیلنے کی رفتار سست نظر آتی ہے۔

موسم کا یہ اثر اس سے ملتا جلتا ہے جس کا مشاہدہ وبائی امراض کے ماہرین دیگر وائرسز میں کرچکے ہیں۔

امریکا میں گلوبل ایڈز کورڈینٹر اور نئے کورونا وائرس کے لیے قائم امریکی ٹاسک فورس کی رکن ڈاکٹر ڈیبورا بریکس نے ایک بریفنگ کے دوران بتایا کہ فلو کے دوران بھی عام طور پر نومبر سے اپریل کے دوران زیادہ کیسز سامنے آتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ رجحان 2002 کے سارس کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی نظر آیا تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی یہ تعین کرنا مشکل ہے کہ نئے کورونا وائرس کے حوالے سے بھی ایسا دیکھنے میں آئے گا یا نہیں۔

اس کے علاوہ بھی دیگر تحقیقی رپورٹس میں گرم موسم سے نئے کورونا وائرس کے پھیلنے کی رفتارر میں کمی کا بتایا گیا ہے۔

اسپین اور فن لینڈ کے سائنسدانوں نے ایک تحقیق میں دریافت کیا کہ خشک ماحول اور 2 سے 10 سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے دوران یہ وائرس تیزی سے پھیلتا ہے۔

اسی طرح گزشتہ ہفتے چین میں ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ چینی حکومت کی جانب سے وبا کی روک تھام کے لیے جارحانہ اقدامات کرنے سے قبل ایسے شہر جہاں درجہ حرارت زیادہ اور ہوا میں زیادہ نمی تھی، وہاں وائرس کے پھیلنے کی شرح دیگر کے مقابلے میں سست تھی۔

مگر ان میں سے کسی بھی تحقیق کا جائزہ دیگر سائنسدانوں نے ابھی تک نہیں لیا اور امریکا کے میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے تسلیم کیا ہے کہ عناصر جیسے سفری پابندیاں، سماجی فاصلے کے اقدامات، ٹیسٹوں کی دستیابی اور ہسپتالوں کا بوجھ ممکنہ طور پر مختلف ممالک میں کیسز کی تعداد پر اثرانداز ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسم اور کورونا وائرس کے درمیان تعلق پالیسی سازوں اور عوام کے لیے اطمینان کا باعث نہیں ہونا چاہیے 'ہمیں اب بھی ٹھوس احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، گرم موسم ہوسکتا ہے کہ وائرس کو کچھ حد تک غیرفعال کردے، مگر کم مؤثر پھیلاؤ کا مطلب اس کا خاتمہ نہیں ہوتا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرم موسم ہوسکتا ہے کہ ہوا یا سطح پر کورونا وائرس کی بقا کو طویل دورانیے کے لیے مشکل بنادے مگر وہ پھر بھی گھنٹوں تک متعدی رہ سکتا ہے۔

درحقیقت سیزنل وائرسز جیسے انفلوائنزا اور موسمی زنزلہ زکام بھی گرمیوں کے دوران مکمل طور پر غائب نہیں ہوتے، بلکہ کسی نہ کسی حد تک لوگوں کے جسموں اور دنیا کے دیگر حصوں میں موجود رہتے ہیں، جہاں وہ دوبارہ پھیلنے کے لیے مناسب وقت کا انتظار کرتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے امریکا میں ذیلی ادارے پان امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جرباس باربروسا کے مطابق نئے کورونا وائرس پر موسم کے اثرات کے بارے میں تصویر واضح ہونے کے لیے مزید 4 سے 6 ہفتے درکار ہوں گے۔

دنیا بھر میں مقامی سطح پر اس وائرس کے پھیلنے سے بھی یہ اشارہ ملتا ہے کہ گرم درجہ حرارت کے حوالے سے یہ وائرس ممکنہ طور پر زیادہ مزاحمت کرسکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ممالک پر فوری اور جارحانہ اقدامات کے لیے زور ڈالا جارہا ہے تاکہ اس کی روک تھام کی جاسکے۔

ایم آئی ٹی کے سائنسدانوں نے خبردار کیا کہ گرم موسم سے وائرس کے پھیلنے کی رفتار میں کمی کچھ ممالک میں بہت کم وقت کے لیے ہی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وائرس کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں، کوئی پیشگوئی نہیں کرسکتا کہ گرم موسم کے بعد یہ وائرس دوبارہ اتنی طاقت سے خزاں یا سردیوں میں واپس نہیں لوٹے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

HonorBright Mar 26, 2020 09:35pm
Now, we all were making fun of IK for suggesting it first..

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024