ایران میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ، ہلاکتیں 2 ہزار سے زائد ہوگئیں
ایرانی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک کو کورونا وائرس کی دوسری لہر کا خدشہ ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ترجمان علی رابعی نے کہا کہ 'بدقسمتی سے چند افراد نے وزارت صحت کی ہدایات کو نظر انداز کیا اور نوروز کی چھٹیوں کے دوران سفر کیا، جس سے ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ہے۔'
ایران میں نئے فارسی سال 'نوروز' کی چھٹیوں کے دوران اندرون ملک سفر اور روایتی تقاریب کے انعقاد پر پابندی لگادی تھی۔
وزارت صحت کے عہدیدار کیانوش جہانپور نے بتایا کہ چوبیس گھنٹے کے دوران وائرس سے ملک میں 143 افراد ہلاک ہوئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 77 ہوگئی ہے۔