• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایک صدی پرانے طریقے سے کورونا وائرس کو شکست دینے کی کوشش

شائع March 25, 2020

نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے صحت یاب ہونے والے افراد کا خون سنگین حد تک بیمار مریضوں کے علاج بلکہ دیگر کو اس کا شکار ہونے سے بچا سکے گا۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے سائنسدان اس وقت حکومتی منظوری کے منتظر ہیں تاکہ وہ اس بیماری کو شکست دینے والے مریضوں کے بلڈ پلازما کو انسانوں پر آزمائش کرکے دیکھیں کہ یہ طریقہ کار مدافعتی نظام کو بڑھانے میں کس حد تک مدد دیتا ہے۔

اس طریقہ کار کو 1918 کے اسپینش فلو کی وبا کے دوران ویکسین یا اینٹی وائرل ادویات کی دستیابی سے پہلے استعمال کیا گیا تھا۔

اس طریقہ کار میں اس حقیقت کو مدنظر رکھا جاتا ہے کہ صحت مند مریضوں کے خون میں ایسے طاقتور اینٹی باڈیز ہوتے ہیں جو وائرس کو لڑنے کی تربیت رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس وقت نئے نوول کورونا وائرس کا کوئی علاج موجود نہیں جبکہ ویکسین کی دستیابی اس سال کے آخر یا اگلے سال کی پہلی ششماہی تک ممکن نظر نہیں آتی۔

واشنگٹن یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر جیفری ہینڈرسن کے مطابق 'حال ہی میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کے خون سے حاصل کیے گیے سیرم کا استعمال بہت پرانی سوچ محسوس ہوتی ہے، مگر تاریخی طور پر یہ کارآمد طریقہ ہے'۔

انہوں نے مزید کہا 'اسے استعمال کرکے ہم وائرس انفیکشن جیسے خسرہ، پولیو اور انفلوئنزا کی روک تھام اور علاج میں کامیاب رہے، مگر جب ایک بار ویکسین تیار ہوگئی تو یہ تیکنیک فراموش کردی گئی'۔

ان کا کہنا تھا 'جب تک کووڈ 19 کے حوالے سے مخصوص ادویات اور ویکسین تیار کریں گے، یہ طریقہ کار اس وقت تک زندگیاں بچانے میں مدد دے سکے گا'۔

اسپینش فلو کی عالمی وبا کے دوران ڈاکٹروں کے پاس کوئی علاج موجود نہیں تھا تو انہوں نے صحت یاب ہونے والے مریضوں کا بلڈ سیرم استعمال کرکے متعدد افراد کو صحت یابی میں مدد دی۔

بلڈ پلازما اور سیرم خون کے شفاف سیال پر مشتمل ہوتے ہیں اور دونوں اینٹی باڈیز سے لیس ہوتے ہہیں، مگر پلازما میں چند ایسے دیگر مددگار پروٹینز بھی ہوتے ہیں جو سیرم میں نہیں ہوتے۔

اس طریقہ کار کو 2002 اور 2003 میں سارز کورونا وائرس کی وبا کے علاج کے لیے تجرباتی طور پر استعمال کیا گیا تھا۔

سارز وائرس کو اس نئے کورونا وائرس سے ملتا جلتا قرار دیا جاتا ہے بلکہ اسے سارز کورونا وائرس 2 کا نام دیا گیا ہے۔

سارز کی وبا کے دوران ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جن مریضوں کو بلڈ پلازما دیا گیا، وہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے صحت یاب ہوئے۔

واشنگٹن یونیورسٹی سے قبل جونز ہوپکنز یونیورسٹی اور مایو کلینک بھی کووڈ 19 کے حوالے سے اس طریقہ کار پر ٹرائل شروع کیے تھے۔

ان کی جانب سے امریکا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو 18 مارچ کو سفارشات جمع کرائی گئی تھیں اور وہ انسانوں پر اس کی آزمائش کے لیے اجازت کے منتظر ہیں۔

ڈاکٹر جیفری اینڈرسن نے بتایا کہ یہ ایسا قدم ہے جس پر فوری عمل کرنے کی ضرورت ہے، یہ ادویات کی تیاری سے زیادہ تیز ہے کیونکہ اس کے لیے بس پلازما کے عطیے اور پیوندکاری کی ضرورت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا 'جیسے ہی کوئی فرد کووڈ 19 سے صحت یاب ہوکر ہمارے ارگرد گھومے گا، تو وہ ہمارے کے لیے ممکنہ ڈونر ہوگا اور ہم بلڈبینک سسٹم کو پلازما کے حصول کے لیے استعمال کرکے اسے ضرورت مند مریضوں میں تقسیم کیا جاسکے گا، اگر یہ طریقہ کارآمد ہوا، یہ اس وبا کے ابتدائی مرحلے میں لائف لائن فراہم کرسکے گا'۔

تحقیقی ٹیم اب صحت مند مریضوں سے خون کے عطیے کی درخواست کرنے والے ہیں، جس میں سے ہلازما کو الگ کیا جائے گا اور زہریلے مواد اور وائرس کی اسکریننگ کے بعد اسے بیمار افراد میں منتقل کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024