• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی جاں بحق

شائع March 23, 2020 اپ ڈیٹ March 24, 2020
کورونا وائرس کے باعث جھڑپوں میں کمی آئی تھی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
کورونا وائرس کے باعث جھڑپوں میں کمی آئی تھی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

فلسطین کے مغربی کنارے میں اسرائیل کی فوج کی فائرنگ سے 32 سالہ فلسطینی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت صحت اور اسرائیلی فوج دونوں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک شہری فائرنگ سے دم توڑ گیا۔

اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی گاڑی پر راکٹ داغے گئے اور چند افراد نے فائرنگ شروع کی جس کے جواب میں فائرنگ سے ایک حملہ آور مارا گیا اور دوسرا زخمی حالت میں فرار ہوگیا۔

مزید پڑھیں:غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان جاں بحق

خیال رہے کہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں لیکن دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں ان جھڑپوں میں کمی دیکھی گئی تھی۔

کورونا وائرس کے باعث اسرائیل میں بڑے پیمانے پر لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہو چکے ہیں جہاں ایک ہزار 200 سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل میں کورونا وائرس سے اب تک ایک ہلاکت ہوئی ہے لیکن 24 سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

دوسری جانب مغربی کنارے میں 57 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں اکثریت متاثرین کا تعلق بیت اللحم سے ہے جبکہ غزہ میں رپورٹ ہونے والے 2 متاثرین پاکستان سے واپس لوٹے تھے۔

فلسطین کے وزیر اعظم نے کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 3 فلسطینی جاں بحق

اسرائیل نے غزہ کی پٹی کا دنیا سے رابطہ منقطع کر رکھا ہے جس کے باعث وہاں پر کورونا وائرس کی سنگینی سے اقوام متحدہ سمیت دیگر ادارے خبردار کرچکے ہیں۔

قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے غزہ کی پٹی پر رہنے والے فلسطینی عوام کے لیے آئندہ ماہ کے عرصے کے لیے 15 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

قطر نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اقوام متحدہ کے پروگرام کے مطابق مشکلات کا شکار فلسطینیوں کی مدد کے لیے یہ اعلان کیا۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ اب کافی پرانا ہوچکا ہے جبکہ 2018 میں غزہ میں برسر اقتدار حماس کی جانب سے ہفتہ وار احتجاج کے بعد اس میں مزید تیزی آئی تھی تاہم گزشتہ برس احتجاج کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ان مظاہروں کے دوران کم از کم 348 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ اسرائیل کی جانب سے سرحد پر قائم کی گئی رکاوٹوں اور راہداری کی بندش کو ختم کرکے ان کی نقل و حرکت کو آزاد کردیا جائے اور اسرائیل کے زیر تسلط علاقے میں قائم ان کے آبائی گھروں میں جانے کی اجازت دی جائے۔

اسرائیلی فوج نے 23 فروری کو فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو جاں بحق اور 2 افراد کو زخمی کردیا تھا۔

اس سے قبل فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں اور حملوں میں کم از کم 3 فلسطینی جاں بحق اور متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024