سعودی عرب میں رات کے اوقات کیلئے کرفیو نافذ، عملدرآمد شروع
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پیر کی شام سے ملک بھر میں نافذ کرنے کا حکم جاری کردیا۔
عرب نیوز کی رپورٹ میں سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے کہا گیا کہ شاہی عدالت کے کے بیان کے مطابق 23 مارچ کی شام سے آئندہ تین ہفتے کے لیے رات 7 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو کا نفاذ ہوگا۔
اس وقت کے دوران تمام سعودی شہریوں کو اپنی حفاظت کی خاطر گھروں میں رہنا ہوگا۔
تاہم خوراک، طبی سہولیات، میڈیا، ٹرانسپورٹ، توانائی، مواصلات اور چند دیگر شعبوں پر اس کرفیو کا نفاذ نہیں ہوگا۔
بعد ازاں سعودی وزارت داخلہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے کو سزا کے ساتھ ساتھ 2 ہزار 663 ڈالر جرمانہ بھی بھگتنا ہوگا۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ وہ کرفیو پر عملدرآمد کے لیے ضروری اقدامات اٹھائی گی جس میں اسے سول اور فوجی انتظامیہ کا بھرپور تعاون حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 562 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے اختتام پر چین سے جنم لینے والے کورونا وائرس کی دنیا بھر میں تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک وائرس سے 3 لاکھ 43 ہزار افراد متاثر اور 15ہزار 308 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد وائرس سے صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔