• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کورونا وائرس کا خوف:کولمبیا کی جیل میں کشیدگی، 23 افراد ہلاک

شائع March 23, 2020 اپ ڈیٹ March 24, 2020
کولمبیا میں کورونا وائرس کے 231 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں—فائل/فوٹو: اے پی
کولمبیا میں کورونا وائرس کے 231 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں—فائل/فوٹو: اے پی

کولمبیا کی سب سے بڑی جیل میں ناقص سہولیات کے پیش نظر کورونا وائرس کا خوف کشیدگی کی شکل اختیار کرگیا جس کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک اور 83 قیدی زخمی ہوگئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کی رپورٹ کے مطابق کولمبیا کے وزیر انصاف مارگریتا سبیلو کا کہنا تھا کہ لاموڈیلو کے جیل میں ہونے والے فسادات سے 83 قیدی زخمی ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق قیدی کورونا وائرس کے وبا پھیلنے کے باوجود جیل میں گنجائش سے زیادہ افراد کو رکھنے اور صحت کی ناقص سہولیات کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

وزیر انصاف کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:دنیا کے بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن، کورونا وائرس سے 15 ہزار اموات

مارگریتا سیبلو نے کہا کہ 7 گارڈز سمیت 32 افراد ہسپتال میں داخل ہیں جن میں سے 2 گارڈز کی حالت تشویش ناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہنگامہ آرائی سوچا سمجھا منصوبہ تھا جو اطلاعات کے مطابق ملک کی دیگر 13 جیلوں میں ہونے والی کشیدگی کا حصہ ہے۔

کولمبیا کی وزیر صحت نے ناقص سہولیات اور کورونا وائرس کے خوف سے کشیدگی پیدا ہونے کے تاثر کو رد کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'سہولیات کے حوالے سے کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے جو اس طرح کی کشیدگی کے منصوبے کا باعث بن جائے'۔

یہ بھی پڑھیں:چین، اٹلی کے بعد امریکا کورونا وائرس سے متاثرہ تیسرا بڑا ملک قرار

کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'نہ تو کسی قیدی اور نہ ہی کوئی انتظامی عہدیدار کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث چند قیدیوں کے خلاف اقدام قتل اور املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق جیل میں ہنگامہ آرائی کی رپورٹس آتے ہی قیدیوں کے رشتہ داروں کی بڑی تعداد پہنچ گئی اور ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے پہنچنے کے بعد انہیں فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں۔

سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی ویڈیوز میں قیدیوں کو مختلف اشیا کو نذر آتش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

وزارت انصاف کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کولمبیا کی 132 جیلوں میں 81 ہزار قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے لیکن ایک اندازے کے مطابق اس وقت ان جیلوں میں ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب کولمبیا میں اب تک کورونا وائرس کے 231 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور 2 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں:ووہان سے لاک ڈاؤن ختم، دنیا کے کئی ممالک میں شروع

بی بی سی کے مطابق حکومت نے ملکی سطح پر قرنطینہ کا فیصلہ کیا ہے جو 19 دن تک جاری رہے گا جس کے تحت شہریوں کی نقل و حرکت کو محدود کردیا جائے گا تاہم طبی عملے، سیکیورٹی فورسز اور سپر مارکیٹ میں کام کرنے والے افراد مستثنیٰ ہوں گے۔

کولمبیا کی حکومت کی جانب سے 70 برس سے زائد عمر کے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مئی کے اختتام تک گھروں کے اندر ہی قیام کریں۔

یاد رہے کہ کووِڈ-19 (کورونا وائرس) گزشتہ سال دسمبر میں چین میں رپورٹ ہوا تھا اور ہزاروں ہلاکتوں کے بعد 11مارچ 2020 کو اسے ’’عالمی وبا‘‘ قرار دیا گیا، جس سے اب تک 170 سے زائد ممالک شکار ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک 3 لاکھ 43 ہزار سے زائد افراد متاثر، 15 ہزار 300 سے زائد ہلاک جبکہ ایک لاکھ سے زائد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024