• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

'پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں سمیت تمام 128 افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے'

شائع March 19, 2020
پاکستان کرکٹ بورڈ—فائل فوٹو: پی سی بی ویب سائٹ
پاکستان کرکٹ بورڈ—فائل فوٹو: پی سی بی ویب سائٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے منسلک تمام 128 افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کردی۔

اس حوالے سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا پی ایس ایل 2020 میں شریک مجموعی 128 کھلاڑیوں، اسپورٹس اسٹاف، میچ آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور ٹیم مالکان کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔

ساتھ ہی بتایا گیا کہ پی سی بی کی جانب سے احساس ذمہ داری کے تحت ان ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام 128 افراد کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات کے بعد پی ایس ایل مؤخر کی'

بیان کے مطابق اس تمام معاملے پر پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل کی ساکھ کے لیے ضروری تھا کہ ایونٹ کے اختتامی مرحلے تک شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، اسپورٹس اسٹاف، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے ٹیسٹ منفی آتے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں جبکہ پی سی بی اپنے تمام ملازمین کے تحفظ کےلیے بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا۔

اپنے بیان میں وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہمیں مصافحہ کرنے یا گلے ملنے سے پرہیز کرنا ہوگا جبکہ اجتماعات سے دور رہنے اور کھانسنے یا چھینکنے والے افراد سے قریبی رابطے سے گریز کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے خطرات میں اضافے کے پیش نظر 2 روز قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پی ایس ایل سیمی فائنلز اور فائنل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ ایچ بی ایل، پی ایس ایل 2020 کو ملتوی کردیا گیا، اسے بعد میں ری شیڈول کیا جائے گا اور مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

بعد ازاں وسیم خان نے کہا تھا کہ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی مشتبہ علامات سامنے آنے کے بعد پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024