• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

صدر مملکت عارف علوی 2 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

شائع March 16, 2020 اپ ڈیٹ March 17, 2020
چین کے وزیر زراعت نے صدر مملکت کا استقبال کیا—فوٹو:پی آئی ڈی
چین کے وزیر زراعت نے صدر مملکت کا استقبال کیا—فوٹو:پی آئی ڈی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 2 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے، ان کے وفد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر وفاقی وزرا بھی شامل ہیں۔

بیجنگ میں صدر مملکت کے وفد کا استقبال چین کے وزیر زراعت ہین چینگفو اور پاکستانی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے کیا۔

صدر مملکت کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی و اصلاحات اسد عمر بھی چین پہنچے ہیں، جہاں وہ صدر شی چن پنگ اور میزبان ملک کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

مزید پڑھیں: صدر مملکت عارف علوی چین کا دو روزہ دورہ کریں گے، دفترخارجہ

چین روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر چینی قیادت سے تعزیت بھی کریں گے۔

خیال رہے کہ صدرمملکت کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے جس کا مقصد چین کی طرف سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کی کوششوں میں چین کی حکومت اور عوام سے پاکستان کے بھرپور تعاون اور یک جہتی کا اظہار کرنا ہے۔

دورے میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کے تاریخی تعلق اور تعاون کو مزید بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کی قیادت کو باہمی تعلقات، خطے اور بین الاقوامی معاملات کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔

بیجنگ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چینی صدر نے پاکستانی ہم منصب ڈاکٹر عارف علوی کو دورے کی دعوت دی تھی۔

ان کا کہنا تھا دورہ چین کا بنیادی مقصد چینی قیادت اور عوام سے اظہار یک جہتی کرنا ہے کیونکہ چین نے عزم و ہمت کے ساتھ کورونا وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دورے میں چین کے صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم اور دیگر قیادت کے ساتھ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:’وزیرِاعظم عمران خان کا دورہ چین، پاکستان کے لیے مثبت رہا‘

کورونا وائرس سے متعلق چین کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا چینی اقدامات کی پیروی کرتی دکھائی دے رہی ہے اور چین نے کورونا ٹیسٹنگ کے حوالے سے ہماری بھی معاونت کی۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کٹس کی فراہمی پر چین کے شکر گزار ہیں۔

خیال رہے کہ چین میں گزشتہ برس دسمبر میں شروع ہونے والے کورونا وائرس کے بعد کئی دنوں تک پاکستان اور چین کے درمیان فضائی رابطہ معطل کردیا گیا تھا تاہم چین میں کئی پاکستانی پھنسے ہوئے تھے جو بعد ازاں واپس آئے۔

چین نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے ووہان شہر کو لاک ڈاؤن کیا اور طبی سہولیات ریکارڈ وقت میں ممکن بنائیں اور اب چین میں کورونا وائرس کے کیسزکی تعداد میں بڑے پیمانے پر کمی ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سطح کا یہ پہلا دورہ ہوگا جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وفاقی وزرا شامل ہوں گے۔

کورونا وائرس چین میں 19 دسمبر کو رپورٹ ہوا تھا اور عالمی ادارہ صحت نے 11 مارچ کو عالمی وبا قرار دیا، جس سے اب تک دنیا بھر میں ایک لاکھ 74 ہزار 500 افراد متاثر اور 6 ہزار 700 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

چین سمیت دنیا بھر میں صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے اب تک موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق 77 ہزار 657 افراد اس وائرس سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024