• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سعودی عرب لاک ڈاؤن: پاکستانی زائرین کی واپسی کیلئے 3 دن کی توسیع

شائع March 15, 2020
مذکورہ 6 پروازیں پاکستانی زائرین کو واپس لاسکیں گi —فائل فوٹو: اے ایف پی
مذکورہ 6 پروازیں پاکستانی زائرین کو واپس لاسکیں گi —فائل فوٹو: اے ایف پی

سعودی عرب نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی غرض سے 2 ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں پر پابندی لگادی لیکن پاکستانی عمرہ زائرین کی واپسی کے لیے 3 دن کی توسیع کردی۔

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی حکومت نے عمرہ کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے 3 دن کی توسیع کردی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کے 6 طیاروں کو خصوصی طور پر جدہ اور مدینہ جانے کی اجازت ملی ہے.

مزید پڑھیں: حکومت کا کورونا وائرس سے بچاؤ کے منصوبے پر غور

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ 6 پروازیں پاکستانی زائرین کو واپس لاسکیں گی۔

خیال رہے کہ سعودی حکام نے کورونا وائرس کے پیش نظر دمام اور ریاض ایئرپورٹ مکمل بند کردیئے ہیں۔

سعودی پابندی کے باعث پی آئی اے نے پروازوں میں بھی ردو بدل کیا ہے۔

سعودی حکومت نے صرف کارگو جہاز اور تجارتی ٹرانسپورٹ کو ملک میں داخلے کی اجازت دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب نے کورونا وائرس کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، کویت اور بحرین سے زمینی روابط محدود کردیے تھے۔

سعودی پریس ایجنسی نے وزارت داخلہ کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان 3 خلیجی پڑوسیوں سے صرف کمرشل ٹرکوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 15 ہوگئی

بعدازاں دنیا بھر میں بڑھنے والے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شہریوں اور رہائشیوں کے سفر کو عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔

ساتھ ہی سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان اور یورپی یونین سمیت 12ممالک کے ساتھ پروازوں کو بھی روک دیا تھا۔

سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کرتے ہوئے عارضی طور پر عمرے پر پابندی عائد کردی تھی۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کی جانب سے پہلے ہی اپنے پڑوسی عرب ریاستوں سمیت 19 ممالک کے لیے سفری پابندی لگائی گئی تھی، ساتھ ہی انہوں نے ایسے افراد پر 5 لاکھ ریال جرمانہ بھی عائد کرنے کا کہا ہے جو انٹری پوائنٹس پر صحت کی معلومات ارو سفری سہولیات فراہم نہیں کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024