• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’کورونا وائرس کا خوف‘ ڈزنی لینڈ کے دنیا بھر میں پارک بند

شائع March 13, 2020
ڈزنی کے دنیا بھر میں 11 پارکس موجود ہیں — فوٹو: ٹائمز میگزین
ڈزنی کے دنیا بھر میں 11 پارکس موجود ہیں — فوٹو: ٹائمز میگزین

ایڈونچرس تھیم پارک کی مالک دنیا کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا درجہ رکھنے والی امریکا کی ملٹی نیشنل کمپنی ’ڈزنی‘ نے دنیا بھر میں اپنے تمام پارکس کو ’کورونا وائرس‘ کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر بند کرنا شروع کردیا۔

’ڈزنی‘ امریکا کی ملٹی نیشنل کمپنی ہے جو انٹرٹینمنٹ، فیشن، شوبز اور آن لائن کاروبار کی مختلف کمپنیاں اور ادارے چلاتی ہے، اسی کمپنی نے امریکا، ایشیا اور یورپ میں ’ڈزنی لینڈ‘ اور ’ڈزنی تھیم پارک‘ کے نام سے ایڈونچرز سائنس فکشن پارک بھی موجود ہیں۔

ڈزنی کمپنی کے امریکا، ایشیا اور یورپ میں مجموعی طور پر 11 پارک ہیں جن میں سے امریکا اور یورپی ملک فرانس کے دارالحکومت پیرس میں موجود پارک کو فوری طور پر بند کردیا گیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ’سی این این‘ کے مطابق ملٹی نیشنل اور ملٹی پرپز انٹرٹینمنٹ کمپنی نے امریکی ریاست فلوریڈا، کیلی فورنیا اور یورپی ملک فرانس کے دارالحکومت پیرس کے تھیم پارک کو فوری طور بند کردیا جب کہ کمپنی نے دیگر پارکس کو بھی 15 مارچ سے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی نے ایشیا، یورپ اور امریکا کے مختلف پارکس میں 15 مارچ تک کی بکنگ کروانے والے افراد کے لیے مزید 2 دن تک پارکس کھلا رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 15 مارچ کے بعد والی تمام بکنگ منسوخ کردی جائیں گی۔

ڈزنی نے اپنی ٹوئٹ میں بھی پارکس کو بند کرنے کا اعلان کیا—فوٹو: ڈزنی ٹوئٹر
ڈزنی نے اپنی ٹوئٹ میں بھی پارکس کو بند کرنے کا اعلان کیا—فوٹو: ڈزنی ٹوئٹر

کمپنی نے 15 مارچ کے بعد دنیا میں موجود اپنے تمام 11 پارکس کی تمام بکنگ کو منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام پارکس مارچ کے اختتام تک بند رہیں گے اور انہیں کھولنے کا فیصلہ یا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق اگرچہ پارکس کو بند رکھا گیا ہے تاہم پارکس کے مختلف شعبہ جات کے ملازمین گھروں سے بیٹھ کر کام سر انجام دیں گے۔

ڈزنی لینڈ کمپنی کا کہنا تھا کہ جہاں کمپنی کے تمام پارکس بند کردیے جائیں گے، وہیں کمپنی کے کچھ رہائشی ہوٹل کھلے رکھیں جائیں گے تاہم ان کے حوالے سے بھی کوئی بھی فیصلہ کیا جاسکتا ہے تاہم فوری طور پر انہیں بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ ڈزنی کی جانب سے تمام پارکس کو بند کیے جانے کی وجہ سے کمپنی کو اربوں روپے کے نقصان کا سامنا ہوگا، کیوں کہ مذکورہ کمپنی کے پارکس کو سالانہ 2 کروڑ افراد سے زائد افراد دیکھنے آتے ہیں۔

ڈزنی کے مطابق کمپنی نے 2019 کے مالی سال میں 26 ارب ڈالر کی کمائی کی تھی جب کہ کمپنی نے حال ہی اپنے کچھ پارکس میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری سے نئے فیچرز اور تھیم لوکیشنز بنائیں تھیں۔

ڈزنی لینڈ پیرس کو بھی بند کردیا گیا—فوٹو: اے پی
ڈزنی لینڈ پیرس کو بھی بند کردیا گیا—فوٹو: اے پی

جہاں ڈزنی کی جانب سے پارکس کو بند کیا گیا ہے، وہیں ہولی وڈ فلموں کی نمائش بھی مؤخر کردی گئی ہے جب کہ چین کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بھی سینما گھروں کو بند کیا جا رہا ہے، جس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ صرف ہولی وڈ انڈسٹری کو ہی 10 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا۔

کورونا وائرس کے پیش نظر جہاں تھیم پارکس اور سینما بند کیے گئے ہیں، وہیں دنیا میں دیگر تقریبات کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے جب کہ کئی اسلامی ممالک میں نماز جمعہ کے اجتماعات سمیت دیگر مذہبی عبادات کو بھی محدود کردیا گیا ہے، ساتھ ہی سعودی عرب نے عارضی طور پر عمرے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

13 مارچ تک دنیا بھر میں مریضوں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 28 ہزار ہوگئی تھی، جس میں سے 4 ہزار 700 افراد ہلاک ہوچکے تھے، پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 21 تک جا پہنچی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024