سرکاری حج قرعہ اندازی، ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد ناموں کا اعلان

شائع March 12, 2020
پیر نورالحق قادری نے کہا کہ رواں سال عازمین جج کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے—فوٹو: جاوید حسین
پیر نورالحق قادری نے کہا کہ رواں سال عازمین جج کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے—فوٹو: جاوید حسین

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے حج 2019 کے لیے درخواستیں جمع کرانے والے امیدواروں کی قرعہ اندازی کے بعد حتمی ناموں کا اعلان کردیا۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ لیبر کوٹہ 500 اور ہارٹ شپ ایک ہزار 613 نشستوں کے علاوہ ایک لاکھ 5 ہزار 413 خوش نصیب حجاج کا انتخاب ہوا۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ رواں سال عازمین جج کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے، سرکاری کوٹہ اور نجی اسکیم کے تحت بالترتیب ایک لاکھ 7 ہزار 526 اور 71 ہزار 684 کا کوٹہ مختص کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اخراجات بڑھ گئے، اس سال حج مزید مہنگا ہوگا، وزیر مذہبی امور

انہوں نے بتایا کہ رواں سال گزشتہ تین برس سے متواتر ناکام رہنے والے 7 ہزار 648 گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حج 2020 کی سرکاری اسکیم کے لیے حج درخواستیں 25 فروری تا 8 مارچ 2020 تک وصول کی گئیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ مجموعی طور پر ایک لاکھ 49 ہزار 295 درخواستیں مختلف بینکوں سے وزارت کو موصول ہوئیں۔

مزید پڑھیں: حج درخواستوں سے جمع ہونے والی رقم پر سود لینے کا انکشاف

پیر نور الحق قادری نے بتایا کہ بزرگ شہریوں کے لیے عمر کی حد کو 80 سے کم کر کے 70 سال مقرر کردیا گیا اور ان کے لیے 10 ہزار نشستیں مختص کی گئی تھیں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ اس کے عوض 12 ہزار 840 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن کا انتخاب عمر کے لحاظ سے کیا گیا اور باقی رہ جانے والے درخواست گزاروں کو عمومی قرعہ اندازی میں شامل کر کے کامیاب ہونے کا ایک اور موقع دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک ہزار نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے عوض ایک ہزار 286 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

وفاقی وزیرمذہبی امور پیر نورالحق قادری نے بتایا کہ ان کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے ہوا اور باقی رہ جانے والے درخواست گزاروں کو عمومی قرعہ اندازی میں شامل کر کے کامیاب ہونے کا ایک اور موقع دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا پاکستانیوں کو عمرہ ٹیکس پر چھوٹ دینے پر اتفاق

انہوں نے بتایا کہ 'تمام کامیاب اور ناکام درخواست گزاروں کو قرعہ اندازی کے نتائج کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس آج ہی کر دی جائے گی'۔

اس ضمن میں انہوں نے واضح کیا کہ قرعہ اندازی میں کامیاب حجاج کرام میڈیکل سرٹیفیکیٹ 19مارچ 2020 تک متعلقہ بینک برانچ میں جمع کرانا ہو گا۔

وفاقی وزیرمذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے درخواست گزاروں کو اپنے پاسپورٹ متعلقہ بینک برانچ میں اعتماد سینٹر سے بائیومیٹرک کروانے کے بعد جمع کروانا لازمی ہوں گے جس کے لیے وزارت جلد ہی اطلاع دے گی۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ قرعہ اندازی میں ناکام ہونے والے درخواست گزار اپنی بینک برانچ سے اپنی جمع کردہ رقم دفتری اوقات میں بینک سے واپس لے سکتے ہیں اس کے لیے وزارت کی الگ سے منظوری کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی بینک پیسے واپس کرنے میں پس و پیش سے کام لے تو درخواست گزار متعلقہ وزارت کے اکاؤنٹ افسر سے 051-9208465 پر رابطہ کر کے اس بینک برانچ کی شکایت کر سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024