• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

کورونا وائرس: بلوچستان میں تعلیمی ادارے 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان

شائع March 12, 2020
صوبے کے تعلیمی ادارے پہلے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان ہوا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
صوبے کے تعلیمی ادارے پہلے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان ہوا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر بلوچستان بھر کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات 31 مارچ تک بڑھانے کا اعلان کردیا گیا۔

صوبے کے وزیر تعلیم سردار یار محمد کی جانب سے کہا گیا کہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر صوبے بھر میں تعلیمی ادارے 31 مارچ تک مزید 15 روز کے لیے بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 'ان اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو فیصلے پر عمل درآمد نہیں کریں گے'، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ فیصلہ وزارت صحت سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں جبکہ مدارس کو بند کرنے سے متعلق بھی بات چیت جاری ہے جبکہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق آئندہ فیصلہ 27 مارچ کو کیا جائے گا۔

دوسری جانب بلوچستان پرائیویٹ اسکولز گرینڈ الائنس نے حکومت کی جانب سے مزید 15 روز کے لیے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا۔

اس حوالے سے گروپ کے ترجمان نذر برائچ نے مذکورہ پیش رفت کو 'یرغمال بنانے' کا عمل قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بلوچستان حکومت نے 15 مارچ تک تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس سلسلے میں 26 فروری کو بلوچستان کے صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں اس وقت کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آچکا ہے جبکہ ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 21 تک جا پہنچی ہے۔

یہاں یہ بات بھی مدنظر رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبہ سندھ میں بھی 13 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

پاکستان میں کورونا وائرس

  • پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔

  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی۔

  • 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔

  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔

  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔

  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

  • 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی تھی۔

  • 11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 20 تک پہنچی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024