• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ملک میں اب تک کورونا وائرس انسان سے انسان میں منتقل نہیں ہوا، ظفر مرزا

شائع March 11, 2020 اپ ڈیٹ March 12, 2020
خدا نخواستہ انسان سے وائرس کی منتقل شروع ہوگئی تو گراف بہت اوپر چلا جائے گا، ڈاکٹر ظفر مرزا — فوٹو: ڈان نیوز
خدا نخواستہ انسان سے وائرس کی منتقل شروع ہوگئی تو گراف بہت اوپر چلا جائے گا، ڈاکٹر ظفر مرزا — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک میں اب تک کورونا وائرس انسان سے انسان میں منتقل نہیں ہوا اور تمام متاثرہ افراد بیرون ملک وائرس کا شکار ہوئے۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز وائز' میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ 'مجھے پاکستان میں کورونا وائرس کے سامنے آنے والے آخری کیس کی تفصیلات کا علم نہیں لیکن اس سے قبل جو کیسز سامنے آئے ہیں وہ انسانوں سے انسانوں کو منتقل نہیں ہوئی، جو باہر سے اپنے جسم میں وائرس لے کر آئے ہم انہیں پرائمری کیسز کہتے ہیں، ہم نے ایسے لوگوں کو ایئرپورٹ پر پکڑا اور وائرس نہ ہونے پر گھر جانے کی اجازت دے دی۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہم بیرون ملک سے آنے والوں اور ان کے عزیزوں کی صحیح طریقے سے اسکریننگ کر لیں تو اس وائرس میں ملک میں پھیلنے سے روک سکتے ہیں۔'

ظفر مرزا نے وائرس سے متاثرہ افراد کو پکڑنے والے مانیٹرنگ سسٹم میں کمزوری سے متعلق کہا کہ 'میں خود وزیر اعلیٰ سندھ سے رابطے میں ہوں، معاملے پر وفاق اور صوبائی حکومت مل کر کوششیں کر رہے ہیں، جہاں تک بات اسکریننگ کمزور ہونے کی ہے تو یہ سسٹم چند ہفتے قبل ہی بنایا گیا ہے، اس سے قبل ہم نے بیرون ملک سے آنے والوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی جبکہ اس سسٹم کے ذریعے ایئرپورٹس پر یکم فروری سے اب تک تقریباً 8 لاکھ لوگوں کو اسکرین کیا جاچکا ہے۔'

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں 16 مارچ سے اسکول کھل جائیں گے، وزیر تعلیم

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ سامنے آنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'کراچی کا ایئرپورٹ ملک کا سب سے مصروف ہوائی اڈہ ہے، ہمارے ایس او پیز کے مطابق اسکریننگ کے دوران جن لوگوں میں وائرس کی موجودگی کی علامات پائی گئیں انہیں ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے جبکہ دیگر کو ہدایات کے ساتھ گھر بھیجا جارہا ہے اور انہیں زبردستی ہسپتال منتقل نہیں کر سکتے۔'

کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ 'جب تک وائرس انسان سے انسان میں منتقل نہیں ہو رہا ہمیں اس طرح کے مجمع سے متعلق بڑے اقدامات اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان میں کورونا وائرس کے زیادہ تر کیسز ایران، عراق و دیگر ممالک سے آئے، چین سے ایک کیس بھی پاکستان نہیں آیا، جب تک ہم نے انسان سے انسان میں وائرس کی منتقلی کو روکا ہوا ہے کیسز صرف بیرون ملک سے آئیں گے، خدا نخواستہ انسان سے وائرس کی منتقل شروع ہوگئی تو گراف بہت اوپر چلا جائے گا۔'

'ایئرپورٹس پر قرنطینہ سینٹرز بنانا ممکن نہیں'

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'ایئرپورٹس پر انٹری پوائنٹس یقیناً وفاقی حکومت کا فنکش ہے لیکن اس پر ہم صوبوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، جہاں تک قرنطینہ کی بات ہے تو جتنے لوگ باہر سے آتے ہیں ان کے لیے ملک کے ایئرپورٹس پر قرنطینہ سینٹرز بنانا ممکن نہیں'۔

مزید پڑھیں: چین: کورونا وائرس کے باعث بند تعلیمی ادارے کھلنے لگے، کاروبار زندگی بحال

انہوں نے مزید بتایا کہ 'ہم نے اس سلسلے میں ایمرجنسی کور کمیٹی بنائی ہے اور روزانہ اس حوالے سے میٹنگ ہوتی ہے، سب کے ساتھ مشورے کے بعد ایک ایس او پی بنایا گیا ہے اور اسی کے تحت کام ہورہا ہے'۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جن مریضوں میں اب تک کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے کئی کی ایئرپورٹ پر ہی تصدیق کرلی گئی، البتہ ایسے مسافروں کو خود بھی اس بات کا خیال رکھنا چاہیے، ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ ایسے مریضوں کی شناخت ایئرپورٹ پر نہ ہوسکے کیوں کہ ان میں کوئی علامات موجود نہیں ہو، لہٰذا ایسے سلسلے میں ان میں بعد میں علامات ظاہر ہونے پر یہ بھی بتایا جارہا کہ ان کو کہاں رابطہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'ہم نے تفتان میں 3 ہزار افراد کو قرنطینہ کیا ہوا ہے اور انہیں 14 روز سے پہلے نہیں جانے دیا جائے گا'۔

ظفر مرزا کے مطابق 'ہم پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مریضوں کی تعداد بتاسکتے ہیں، کراچی کا ایئرپورٹ پاکستان کا مصروف ترین ایئرپورٹ ہے جہاں سب سے زیادہ بین الاقوامی مسافر لینڈ کرتے ہیں تو یہ کوئی اچنبے کی بات نہیں کہ کراچی میں تعداد زیادہ ہے'۔

انہوں نے ایئرپورٹ پر مسافروں کی اسکریننگ کے حوالے سے بتایا کہ 'ایئرپورٹ پر اسکریننگ اسکینر کے ذریعے ہورہی ہے جس میں تھرمو گن ماتھے پر لگایا جاتی ہے، وہ مسافر جو تھرمو اسکین سے گزریں انہیں تھرمو گن لگانے کی ضرورت نہیں، لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ تھرمو گن استعمال نہیں ہوا تو ان کی اسکریننگ نہیں ہوئی، نئے تھرمو اسکینر کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں لگائے گئے ہیں'۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 20 مریض سامنے آچکے ہیں۔

بدھ کے روز گلگت بلتستان میں کورونا کا دوسرا جبکہ مجموعی طور پر 20واں کیس سامنے آیا تھا۔

پاکستان میں کورونا وائرس

  • پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔

  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی۔

  • 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔

  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔

  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔

  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

  • 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی تھی۔

کورونا وائرس سے متعلق مزید خبریں پڑھنے اور معلومات جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024