• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: پی آئی اے کا قطر کے بعد اٹلی کیلئے بھی فلائٹ آپریشن معطل

شائع March 11, 2020
پی آئی اے نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پروازیں معطل کیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
پی آئی اے نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پروازیں معطل کیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے کورونا وائرس کے پیش نظر قطر کے بعد اٹلی کے لیے بھی اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن کی جانب سے 31 مارچ تک میلان آنے اور جانے والے اپنے فلائٹ آپریشن کو عارضی طور پر معطل کردیا۔

تاہم ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ مسافر جو کسی بھی یورپین ملک کے شہری ہیں وہ پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے پیرس کا سفر کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا، پاکستان میں مجموعی تعداد 19 ہوگئی

انہوں نے کہا کہ پیرس پہنچنے کے بعد مسافروں کو اپنے آگے کی منزل کا خود سے انتظام کرنا ہوگا، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ مسافر جنہوں نے میلان سے پاکستان کے لیے اپنی نشستیں بک کروائی ہیں انہیں پی آئی اے کی پرواز کے لیے خود سے پیرس تک آنا ہوگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ مسافر جو پیرس سفر کرنے کے خواہاں ہیں انہیں یہ بیاں حلفی دینا ہوگا کہ وہ پی آئی اے سے کسی سہولت کا نہیں کہیں گے۔

جس کے بعد ایسے مسافر جو پاکستان سے پیرس جانا چاہیں گے انہیں بورڈنگ کارڈ جاری کیا جائے گا۔

تاہم ساتھ ہی یہ واضح کیا گیا کہ وہ مسافر جن کے پاس کسی یورپی ملک کی شہریت نہیں ہے یا اس کے پاس رہائشی پرمٹ یا سیاحتی ویزا یا کوئی دیگر سفری دستاویز ہے تو وہ میلان کے لیے سفر نہیں کرسکیں گے۔

علاوہ ازیں جو لوگ پیرس سفر نہیں کرنا چاہتے وہ بغیر کسی چارجز کے ٹکٹ ریفنڈ حاصل کرسکیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے دفاتر اپنے صارفین کو سہولت فراہم کر رہے ہیں جبکہ ایئرلائن پروازوں کی معطلی کے باعث پیش آنے والی مشکلات پر معذرت خواہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پی آئی اے نے قطر کیلئے فلائٹ آپریشن معطل کردیا

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر پی آئی اے ایران اور قطر کے لیے پروازوں کو پہلے ہی منسوخ کرچکی ہے۔

یاد رہے کہ چین سے شروع ہونے والا نوول کورونا وائرس دنیا کے بیشتر ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس

  • پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔

  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی۔

  • 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔

  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔

  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔

  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

  • 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024