• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

چمن میں دھماکا، قبائلی رہنما زخمی

شائع March 9, 2020
دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا—فائل فوٹو:ڈان نیوز
دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا—فائل فوٹو:ڈان نیوز

صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں دھماکے کے نتیجے میں قبائلی رہنما زخمی ہوگئے۔

اس حوالے سے لیویز حکام نے بتایا کہ چمن کی تحصیل گلستان کے علاقے سیگئی بازار میں ہونے والے دھماکے میں قبائلی رہنما عبدالرؤف ترین کو نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے فوری بعد لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

مزید پڑھیں: چمن میں بم دھماکا، 9 افراد زخمی

لیویز حکام نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے رہنما کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل یعنی 7 مارچ کو چمن میں ہی لیویز لائنز کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔

لیویز ذرائع نے بتایا تھا کہ بم دھماکے کا نشانہ لیویز کے رسالدار میجر نصیب اللہ تھے جو اپنی کار میں گارڈ کے ساتھ سفر کررہے تھے تاہم وہ محفوظ رہے تھے۔

7 مارچ کو ہونے والے اس دھماکے سے متعلق بھی لیویز ذرائع کا کہنا تھا کہ بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں خود کش دھماکا، 8 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ بلوچستان کافی عرصے سے شدت پسندوں کے نشانے پر ہے اور رواں سال کے دوسرے ماہ فروری میں 17 تاریخ کو کوئٹہ میں پریس کلب کے قریب احتجاج کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں 9 فروری کو بم دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک اہلکار شہید اور دیگر 5 زخمی ہوگئے تھے۔

قبل ازیں 10 جنوری کو بھی کوئٹہ کے علاقے سٹیلائٹ ٹاؤں کی مسجد میں دھماکے سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) امان اللہ سمیت 15 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024