• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں کے مذہبی، انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے، وزیر خارجہ

شائع March 8, 2020
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملتان میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے — فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملتان میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے — فوٹو بشکریہ ریڈیو پاکستان

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دنیا سے بھارت میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں، کے انسانی و مذہبی حقوق کی پامالی کا نوٹس لینے پر زور دیا ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں جس طرح عام مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کے گھروں کو تباہ کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے پولیس کچھ نہیں کر رہی، انتہائی خطرناک موڑ کا آغاز ہے جسے روکا نہیں گیا تو یہ آہستہ آہستہ پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسیحیوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف بھی حملے کیے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ناقابل یقین بھارت اب عدم برداشت میں تبدیل ہوچکا ہے، شاہ محمود قریشی

انہوں نے بنگلہ دیش کے مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نئی دہلی میں مسلمانوں کے خلاف فسادات پر بھارتی وفد کے اپنے ملک کے دورے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے افغانستان کے مسلمانوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کابل اور قندھار میں بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام پر مظاہرے کیے۔

شاہ محمود قریشی نے ایرانی قیادت اور اس کے سپریم لیڈر کی بھارتی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا بھارتی مسلمانوں پر تشدد کیخلاف بیان، پاکستان کا خیر مقدم

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی سفیر برائے کشمیر کے دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے تمام حقائق خصوصی سفیر کے سامنے رکھ دیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خصوصی سفیر آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو اپنے حق خود ارادیت کی جدو جہد میں اکیلے نہیں ہیں۔

بھارتی مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پوری امہ آپ کے ساتھ کھڑی ہیں اور اپنے درد کو سمجھتی ہے۔

افغانستان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بین الافغان مذاکرات سے آئندہ کے لائحہ عمل پر بات آگے بڑھے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024