• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی: دوسرے روز بھی حکومتی حکم کیخلاف کھلنے والے اسکولز کی رجسٹریشن معطل

شائع March 3, 2020
حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی
حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی تعطیلات کے حکم کے خلاف دوسرے روز کھلنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن بھی معطل کردی۔

خیال رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر سندھ بھر میں 2 سے 13 مارچ تک تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور نجی تعلیمی اداروں کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ اداروں کو بند رکھیں۔

تاہم شہر قائد میں کچھ اسکولز نے صوبائی حکومت کے حکم کے برخلاف پیر (2 مارچ) کو بھی اسکولز کھولنے کی کوشش کی جس پر ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 25 تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن معطل کردی تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی: سرکاری حکم نامے کے باوجود کھلنے والے اسکولز کی رجسٹریشن معطل

اسی تناظر میں منگل کو بھی ڈائریکٹریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن کی ٹیم کی کارروائی جاری رہی اور آج (3 مارچ) کو کھلنے والے مختلف اسکولز کی رجسٹریشن معطل کردی گئی۔

اس حوالے سے رجسٹرار ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ رفعیہ جاوید کا کہنا تھا کہ ہم نے آج لیاری کا دورہ کیا اور 3 اسکولز میں بچوں کے امتحانات ہورہے تھے جس پر ان کی رجسٹریشن معطل کی جبکہ 4 اسکولز میں اسٹاف کو بلانے پر ان کی رجسٹریشن بھی معطل کردی گئی۔

انہوں نے کہا کہ لیاری کے بعد ہم نے گرومندر کا بھی دورہ کیا، جہاں 2 اسکولز جنہوں نے اسٹاف کو بلایا تھا انہیں بند کردیا گیا۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 5 ٹیمیں تشکیل دی تھیں، جو گلشن حدید، کورنگی، بلدیہ، لانڈھی اور ملیر کے دورے پر گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا 13 مارچ تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے متعدد تصدیق شدہ کیسز کے سامنے آنے کے بعد وفاقی و صوبائی حکومتوں نے احتیاطی اقدامات اٹھاتے ہوئے پڑوسی ممالک سے سرحد بند کرنے اور صوبہ سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی بندش کا بھی اعلان کیا تھا۔

حکومت سندھ نے یکم مارچ کو صوبے میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے بھر میں تمام تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند رکھنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ بلوچستان کے صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے بھی کورونا وائرس کے پیش نظر صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024