کراچی: سرکاری حکم نامے کے باوجود کھلنے والے اسکولز کی رجسٹریشن معطل
سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اسکول بند رکھنے کے حکم کے باوجود کراچی میں کھلنے والے اسکولز کی رجسٹریشن معطل کردی گئی۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ روز صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔
صوبائی حکومت کے اسی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ ڈاکٹر منسوب حسین کی ہدایت پر ڈائریکٹریٹ کی انسپیکشن ٹیم نے کراچی کے علاقے کورنگی، لانڈھی، گلشن حدید، ناظم آباد، نارتھ کراچی کے اسکولوں کا دورہ کیا۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا 13 مارچ تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ
اس حوالے سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس دورے کے دوران ان علاقوں میں جو اسکول کھلے ہوئے تھے ان کی رجسٹریشن کو معطل کردیا گیا۔
مذکورہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ جن اسکولز کی رجسٹریشن معطل کی گئی ان میں 'اقبال پبلک اسکول بلال کالونی، توحید پبلک اسکول کورنگی، ایمیز پبلک اسکول کورنگی، اقرا حدیقۃ الاطفال زمان ٹاؤن کورنگی، ایسٹ سٹی اسکول لانڈھی نمبر 4، ڈی ایس اے اسکولنگ سسٹم کورنگی، کڈ زون اسکول کورنگی، اسٹار کڈز اسکول کورنگی، اے بی سی اسکول کورنگی' شامل ہیں۔
اسی طرح اعلامیے کے مطابق 'گلشن حدید میں ابدالین اکیڈمی، الشمس اسکول، ایلو نیرا اسکول گلشن حدید، ای کمپلیکس اسپرٹ اسکول گلشن حدید' شامل ہیں۔
مزید براں ڈائریکٹریٹ کی ٹیم نے 'ناظم آباد میں جے بی میموریل اسکول گلبہار نمبر 2، پاک ماڈل اسکول رضویہ سوسائٹی ناظم آباد، آکسفورڈ کیمرج اسکول رضویہ سوسائٹی ناظم آباد، پرسٹن گرامر اسکول رضویہ سوسائٹی ناظم آباد، الہدیٰ انٹرنیشنل اسکول ڈی ایچ اے، نیو جنریشن سرجانی ٹاؤن، سینٹ جیکب اسکول ماروڑہ گوٹھ، کریسینٹ اسکول میمن گوٹھ، کے ایم اے اسکول کھارہ در، ماما بے بی کیئر اسکول نیو ٹاؤن، انٹرنیشنل گرامر اسکول گلستان جوہر، المخدوم پبلک اسکول لیاری، آغا پرائمری سیکنڈری اسکول لیاری' کی رجسٹریشن معطل کردی گئی۔
ساتھ ہی چیئرمین بورڈ آف سیکینڈری ایجوکیشن کو بھی ان اسکولوں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی اور ان تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے اپنے دفتر میں طلب کرلیا۔
اعلامیے کے مطابق ان اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور انہیں سیل کرنے سے متعلق فیصلہ مذکورہ طلبی کے بعد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا ایک کیس سندھ دوسرا وفاقی علاقے میں سامنے آیا، ڈاکٹر ظفر مرزا
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے 4 تصدیق شدہ کیسز کے سامنے آنے کے بعد وفاقی و صوبائی حکومتوں نے احتیاطی اقدامات اٹھاتے ہوئے پڑوسی ممالک سے سرحد بند کرنے اور صوبہ سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی بندش کا بھی اعلان کیا تھا۔
حکومت سندھ نے گزشتہ روز صوبے میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے بھر میں تمام تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند رکھنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
یہ بھی واضح رہے کہ بلوچستان کے صوبائی وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے بھی کورونا وائرس کے پیش نظر صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔