• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

'علی ظفر کے پی ایس ایل گانے کے لیے ڈانس اسٹیپس بھیجوں گا'

شائع February 29, 2020
علی ظفر اور علی عظمت ماضی میں کئی بار ایک ساتھ پرفارم کرچکے ہیں — فوٹو: اسکرین شاٹ
علی ظفر اور علی عظمت ماضی میں کئی بار ایک ساتھ پرفارم کرچکے ہیں — فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان کے دو نامور راک اسٹارز علی عظمت اور علی ظفر اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے گائے گئے اپنے گانوں کی وجہ سے خوب توجہ حاصل کررہے ہیں۔

جہاں علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی تین سیزنز کے لیے آفیشل ترانے گائے وہیں علی عظمت نے پی ایس ایل 5 کے ترانے پر پرفارم کیا۔

یہ دیکھیں: 'بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟' علی ظفر کا پی ایس ایل کیلئے نئے گانے کا ٹیزر جاری

خیال رہے کہ پی ایس ایل 5 کا ترانہ 'تیار ہو' سامنے آنے کے بعد اسے شائقین کا ملا جلا ردعمل موصول ہوا تھا جس کے بعد علی عظمت نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ پی ایس ایل کے لیے گزشتہ ترانوں کے گلوکار نے بلاگرز کو خرید کر 'تیار ہو' کے خلاف ٹوئٹس کروائیں۔

جس کے بعد علی ظفر کی ایک طنزیہ ویڈیو سامنے آئی تھی جبکہ مداحوں کے اصرار پر انہوں نے بھی پی ایس ایل کے لیے اپنا گانا بنانے کا اعلان کردیا تھا اور بعدازاں اس کی دھن بھی جاری کردی تھی۔

علی ظفر نے مداحوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے گانا تیار کرلیا ہے لیکن اس کی ویڈیو کے لیے مداحوں نے مدد کرنی ہے اور انہیں بتائے گئے ڈانس اسٹیپس پرفارم کرکے ویڈیوز بھیجنی ہوں گی۔

اور اب علی عظمت نے بھی اعلان کردیا ہے کہ وہ علی ظفر کے پی ایس ایل کے گانے کے لیے ڈانس اسٹیپس پرفارم کرکے ویڈیو بھیجیں گے۔

علی عظمت نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام 'جشن کرکٹ' میں دیے گئے ایک انٹرویو میں پی ایس ایل کے لیے گائے اپنے ترانے اور علی ظفر کے گانے کے حوالے سے بات کی۔

راک اسٹار کا کہنا تھا کہ 'یہ پاکستان کے لیے خوشی کا موقع ہے، کرکٹ کا بحال ہونا بڑی بات ہے، اس موقع پر ہر کوئی نیا گانا بنانا چاہتا ہے تو ایسے موقع پر علی ظفر کیوں نیا گانا نہ بنائیں؟ میں اس کے حق میں ہوں کہ وہ گانا بنائیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'علی ظفر نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ڈانس اسٹیپس کرکے ویڈیو بھیجیں اور میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں بھی علی ظفر کے گانے پر ڈانس کرکے اپنی ویڈیو بھیجوں گا'۔

مزید پڑھیں: 'گانا یا ایونٹ نہیں چلا تو ذمہ دار کوئی اور نہیں صرف علی ظفر'

علی عظمت کے مطابق 'مجھے یقین ہے علی ظفر کا گانا بھی ہٹ ہوگا، پاکستان میں 4 یا 5 ہی تو آرٹسٹ ہیں اگر انہیں بھی آپس میں لڑوا دیں گے تو یہ اچھی بات نہیں'۔

دوسری جانب علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی عظمت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'بھائی ویڈیو کا انتظار کررہا ہے، اتوار کو ریلیز کرنے کی کوشش ہے، آپ کا شاٹ رہ گیا ہے'۔

ادھر دوران گفتگو علی عظمت نے اپنے ترانے 'تیار ہو' کو ملنے والے منفی ردعمل پر بتایا کہ 'یہ ترانہ بنانے کا عمل نہایت شاندار تھا، چار ایسے فنکاروں نے ایک ساتھ پرفارم کیا جو ایک دوسرے کو بالکل نہیں جانتے تھے، پاکستانی عوام میں کسی نے پسند کیا کسی نے نہیں پسند کیا، جب گانا جاری ہوا تب پی سی بی نے بتایا کہ کچھ بلاگرز ہیں جو اس کو منفی بناکر پیش کررہے ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'علی ظفر میرا دوست ہے، چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے، میں اس سے واقعی بہت پیار کرتا ہوں، ہم نے اکٹھے پرفارم بھی کیا، میں اس کو الزام نہیں دیتا، وہ بہت محنتی ہے'۔

گلوکار کے مطابق کچھ ٹی وی چینلز، لوگوں اور سوشل میڈیا کی وجہ سے یہ تنازع کھڑا ہوا۔

علی ظفر کے متعلق دیے انٹرویو کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 'میں نے اس انٹرویو میں علی ظفر کا نام نہیں لیا تھا جبکہ مجھے یہ سن کر بھی دکھ ہوا کہ پی سی بی نے پی ایس ایل میں علی ظفر کے گانے چلانے کی اجازت نہیں دی'۔

یہ بھی پڑھیں: کیا واقعی پی ایس ایل میں علی ظفر کے گانے چلانے کی اجازت نہیں؟

علی عظمت کے مطابق 'میں نہیں جانتا کہ 'تیار ہو' تنازع کے پیچھے علی ظفر کا ہاتھ ہے یا نہیں، پی سی بی کی جانب سے یہ بتایا گیا تھا کہ پریشان نہیں ہوں گانے کو منفی ردعمل ملنے پر کسی اور کا ہاتھ ہے، بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ سارا فوکس پاکستان کرکٹ سے ہٹ کر اس تنازع پر آگیا'۔

اس موقع پر شو میں شعیب اختر بھی موجود تھے اور ان کا کہنا تھا کہ علی عظمت پاکستان کے آئکن ہیں، ان کے گانے سن سن کر کرکٹ کھیلنے کا جذبہ پیدا ہوا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 5 کے لیے جاری ترانے 'تیار ہو' میں علی عظمت کے ساتھ عاصم اظہر، عارف لوہار اور ہارون راشد نے پرفارم کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024