نوکیا کا ایک اور کلاسیک فون واپس آنے کے لیے تیار
نوکیا کی جانب سے اس کا ایک مقبول ترین موبائل فون واپس لائے جانے کا امکان ہے۔
نوکیا فونز کی فروخت کا لائسنس رکھنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل نے اب تک کئی پرانے فونز متعارف کرائے ہیں اور اب وہ لوگوں میں پسند کیے جانے والے ایکسپریس میوزک فیچر والے فون نوکیا 5130 کو واپس لارہی ہے۔
ایسا مکمل یقین سے تو نہیں کہا جاسکتا مگر ٹیلی کمیونیکشن ایکوائپمنٹ سرٹیفکیشن سینٹر (TENAA) میں ایک ماڈل ٹی اے 1212 کا نام ظاہر ہوا ہے۔
اس میں سرخ رنگ زیادہ ہے اور فوری طور پر نوکیا 5130 کا خیال ذہن میں آتا ہے مگر اس نئی ڈیوائس میں سائیڈ میں میوزک کنٹرول بٹنز نہیں۔
یہ فون بظاہر بیسک فیچر فون لگتا ہے جس میں کائی او ایس آپریٹنگ سسٹم نہیں ہوگا۔
یہ فون 0.36 گیگا ہرٹز سنگل کور پراسیسر، 8 ایم بی ریم اور 16 ایم بی اسٹوریج ہوسکتی ہے جبکہ مائیکرو ایس ڈی سلاٹ سے اس میں 32 جی بی تک اضافہ کیا جاسکے گا تاکہ اسے ایم پی تھری پلیئر کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکے۔
اس میں 2.4 انچ کی اسکرین ہوگی اور 1200 ایم اے ایچ بیٹری، مگر اس فون کا وزن صرف 88 گرام ہوگا۔
اس فون میں بیک پر سنگل کیمرا ہوگا جو کہ 0.3 میگاپکسل تصاویر لے سکے گا جبکہ ایل ای ڈی فلیش بھی ہوگا۔
ابھی معلوم نہیں کہ یہ فون کب تک متعارف ہوگا مگر ایچ ایم ڈی گلوبل کی جانب سے موبائل ورلڈ کانگریس کی منسوخی کے بعد کئی نوکیا لائیو ایونٹس کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس میں اسے پیش کیا جاسکتا ہے۔