• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پی ایس ایل 5: ترانے کے تنازع پر پی سی بی اور علی ظفر سے جواب طلب

شائع February 28, 2020 اپ ڈیٹ March 1, 2020
پی ایس ایل 5 کے ترانے میں چار مشہور گلوکاروں نے آواز کا جادو جگایا ہے—فائل فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
پی ایس ایل 5 کے ترانے میں چار مشہور گلوکاروں نے آواز کا جادو جگایا ہے—فائل فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کے آفیشل ترانے پر ہونے والا تنازع اب عدالت میں پہنچ گیا ہے اور لاہور کی مقامی عدالت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور گلوکار علی ظفر سے جواب طلب کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت ملک میں پاکستان سپر لیگ کا پانچواں سیزن جاری ہے اور لیگ کے تمام میچز پہلی مرتبہ پاکستانی سرزمین پر منعقد ہونے کے سبب شائقین کی بڑی تعداد لیگ کے میچز کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کر رہی ہے۔

تاہم رواں سال اس لیگ کے آفیشل ترانے کا معاملہ تنازع کی شکل اختیار کر گیا اور عوام کی بڑی تعداد نے اس پر تنقید کرتے ہوئے گانے کو نہ پسند کیا اور علی ظفر کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 5 کا ترانہ 'تیار ہیں' شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے سیزن 1، 2 اور تھری کے آفیشل ترانے گلوکار علی ظفر نے گائے تھے خصوصاً لیگ کے دوسرے سیزن کے گانے 'اب کھیل جمے گا' کو بہت زیادہ پذیرائی ملی تھی اور شائقین کی جانب سے سب سے زیادہ اسی گانے کو پسند کیا گیا تھا۔

تاہم گزشتہ سیزن میں اداکار فواد خان نے پی ایس ایل کا آفیشل ترانا گایا تھا جس پر ملا جلا ردعمل دیکھنے کو ملا تھا۔

جس کے بعد رواں سیزن میں پی ایس ایل کے گانے کو ایک بالکل مختلف انداز میں پیش کیا اور پاکستان کے 4 مشہور گلوکار علی عظمت، ہارون راشد، عاصم اظہر اور عارف لوہار نے اس میں اپنی آواز کا جادو دکھا اور ترانے کو 'تیار ہیں' کا عنوان دیا گیا۔

تاہم اس گانے کے سامنے آنے پر یہ شائقین کی بڑی تعداد کو متاثر کرنے میں ناکام رہا اور لوگوں نے علی ظفر سے مطالبہ کیا کہ وہ پی ایس ایل کے لیے کوئی دوسرا ترانہ گائیں۔

یہی نہیں بلکہ ایک ٹی وی پروگرام میں گلوکار علی عظمت نے کسی کا نام لیے بغیر الزام لگایا کہ ان کے گانے کے خلاف مہم کے لیے ایک مخالف فنکار نے بلاگرز کو پیسے دیے۔

جس کے بعد یہ معاملہ تنازع کی شکل اختیار کرگیا اور یہ تصور کیا جانے لگا کہ علی عظمت نے علی ظفر پر الزام لگایا ہے۔

وہیں دوسری جانب عوام کی جانب سے علی ظفر سے نئے گانے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا اور عوام کے پرزور اصرار پر انہوں نے پی ایس ایل کے لیے گانا گانے کا اعلان کیا اور ٹوئٹ کے ذریعے اس کا پرومو بھی جاری کیا جبکہ بعد میں انہوں نے بتایا کہ گانا تیار ہوگیا ہے لیکن اس کی ویڈٰو کی تیاری کے لیے عوام مدد کریں۔

تاہم اب جہاں علی ظفر کی جانب سے گانے کی ویڈیو کی تیاری کا عمل جاری ہے وہیں یہ معاملہ عدالت میں پہنچ گیا ہے۔

لاہور کی مقامی عدالت میں رانا رضوان نامی شہری نے رانا نعمان ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔

مذکورہ درخواست میں پی سی بی، پیمرا اور گلوکار علی ظفر کو فریق بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 5 کا آفیشل ترانہ 'تیار ہیں' ریلیز کردیا گیا

مقامی عدالت کے جج کامران کرامت کی جانب سے مذکورہ درخواست کو سنا گیا، جہاں دوران سماعت موقف اپنایا گیا کہ پاکستان میں 11 سال بعد کرکٹ کے میدان سجے ہیں اور بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ علی ظفر اور علی عظمت کے گانے کے تنازع پر پاکستان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے، پی ایس ایل میں دوسرا ترانہ ہماری کرکٹ کو بدنام کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ تیار ہو کے نام سے پہلے ہی پی ایس ایل 5 کا گانا ریلیز ہو چکا ہے، لہٰذا عدالت پی سی بی اور پیمرا کو علی ظفر کے گانے کی ریلیز سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔

بعدازاں عدالت نے پی سی بی اور علی ظفر کو 2 مارچ کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024